30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مومنہ عورتوں کو پاکیزہ زندگی کی بشارت
نیک اعمال پر جیسے مردوں کو عظیم اجر و ثواب ہے ایسے ہی عورتوں کو بھی عظیم بشارتیں ہیں، چنانچہ قرآن مجید میں فرمایا:
مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّنْ ذَكَرٍ اَوْ اُنْثٰى وَ هُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْیِیَنَّهٗ حَیٰوةً طَیِّبَةًۚ-وَ لَنَجْزِیَنَّهُمْ اَجْرَهُمْ بِاَحْسَنِ مَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ(۹۷)(1)
ترجمہ : جو مرد یا عورت نیک عمل کرے اور وہ مسلمان ہو تو ہم ضرور اسے پاکیزہ زندگی دیں گے اور ہم ضرور انہیں ان کے بہترین کاموں کے بدلے میں ان کا اجر دیں گے۔
مراد یہ کہ جو مرد یا عورت نیک عمل کرے اور وہ مسلمان ہو تو ہم ضرور اسے دنیا میں حلال رزق اور قناعت عطا فرما کر اور آخرت میں جنت کی نعمتیں دے کرپاکیزہ زندگی دیں گے۔لہٰذا اعمال صالحہ کے زیور سے آراستہ عورتیں قناعت اور جنت کی نعمتوں سے مالا مال ہوں گی۔ یونہی بعض علماء نے فرمایا کہ اچھی زندگی سے عبادت کی لذت مراد ہے تواعمال صالحہ سے جو قلبی پاکیزگی حاصل ہوگی اس سے عبادت میں بھی دل لگے گا۔ مومن کی زندگی کافر سے بہتر ہونے کی حکمت :
مومن اگرچہ فقیر بھی ہو اُس کی زندگانی دولت مند کافر کے عیش سے بہتر اور پاکیزہ ہے کیونکہ مومن جانتا ہے کہ اس کی روزی اللہ عزّوجلّ کی طرف سے ہے جو اُس نے مقدر کیا اس پر راضی ہوتا ہے اور مومن کا دل حرص کی پریشانیوں سے محفوظ اور آرام میں رہتا ہے اور کافر جو اللہ عزّوجلّ پر نظرنہیں رکھتا وہ حریص رہتا ہے اور ہمیشہ رنج ، مشقت اور تحصیلِ مال کی فکر میں پریشان رہتا ہے۔ اس آیت سے معلوم ہوا کہ نیک اعمال پر ثواب ملنے کے لئے مسلمان ہونا شرط ہے ، کافر کے تمام نیک اعمال بیکار ہیں۔ (2)
مومنہ عورتوں کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی دعائے مغفرت
ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
وَ اسْتَغْفِرْ لِذَنْۢبِكَ وَ لِلْمُؤْمِنِیْنَ وَ الْمُؤْمِنٰتِؕ- (3)
ترجمہ : اور اے حبیب!اپنے خاص غلاموں اور عام مسلمان مردوں اور عورتوں کے گناہوں کی معافی مانگو ۔
[1] … پ14، النحل:97
[2] … خازن، النحل، تحت الآیۃ: ۹۷، ۳ / ۱۴۱-۱۴۲،ملخصاً
[3] … پ26 ، محمد:19
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع