30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
عورتوں کا جادو کرنا
ارشاد فرمایا:
وَ مِنْ شَرِّ النَّفّٰثٰتِ فِی الْعُقَدِۙ(۴)(1)
ترجمہ :اور ان عورتوں کے شر سے جو گرہوں میں پھونکیں مارتی ہیں ۔
فرمایا:وَ مِنْ شَرِّ النَّفّٰثٰتِ فِی الْعُقَدِ: اور(میں اللہ کی پناہ لیتا ہوں ) ان عورتوں کے شر سے جو گرہوں میں پھونکیں مارتی ہیں ۔
یعنی جادوگر عورتوں کے شر سے پناہ مانگتا ہوں جو ڈوروں میں گرہ لگا لگا کر ان میں جادو کے منتر پڑھ پڑھ کر پھونکتی ہیں جیسا کہ لبید کی لڑکیوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر جادو کرنے کیلئے کیا تھا۔(2)
یہ سورۃ الفلق کی آیت ہے اور ان الفاظ کا سیاق و سباق یہ ہے کہ لبیدبن اعصم یہودی اور اس کی بیٹیوں نے حضورپُر نور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر جادو کیا اور حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے جسمِ مبارک اور ظاہری اَعضا پر اس کا اثر ہوا، البتہ دل، عقل اور اعتقاد پر کچھ اثر نہ ہوا۔ چند دنوں بعد حضرت جبریل علیہ السلام آئے اور انہوں نے عرض کی: ایک یہودی نے آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم پر جادو کیا ہے اور جادو کا جو کچھ سامان ہے وہ فلاں کنوئیں میں ایک پتھر کے نیچے دبایا ہوا ہے ۔رسولِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے حضرت علی المرتضیٰ کرّم اللہ وجہہ الکریم کو بھیجا اورانہوں نے کنوئیں کا پانی نکالنے کے بعد پتھر اٹھایا تواس کے نیچے سے کھجور کے درخت کے نرم حصے سے بنی ہوئی تھیلی برآمد ہوئی جس میں حضورِ اَقدس صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے وہ موئے مبارک جو کنگھی سے برآمد ہوئے تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی کنگھی کے چند دندانے اور ایک ڈورا یا کمان کا چِلّہ جس میں گیارہ گرہیں لگی تھیں اور ایک موم کا پُتلہ تھا جس میں گیارہ سوئیاں چبھی ہوئی تھیں ۔ یہ سب سامان پتھرکے نیچے سے نکالا اور حضورپُرنور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی خدمت میں حاضر کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے یہ دونوں سورتیں نازل فرمائیں، ان دونوں سورتوں میں گیارہ آیتیں ہیں، پانچ سورۂ فلق میں اور چھ سورۂ ناس میں ۔ ہر ایک آیت کے پڑھنے کے ساتھ ایک ایک گرہ کھلتی جاتی تھی یہاں تک کہ سب گرہیں کھل گئیں اور حضور پُر نور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم بالکل تندرست ہوگئے۔ (3)
[1] … پ30، الفلق :4
[2] … بغوی، الفلق، تحت الآیۃ: ۴، ۴/۵۱۷
[3] … خازن، الفلق، تحت الآیۃ: ۱، ۴/۴۲۸-۴۲۹، ملخصاً
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع