30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
کفار کے لیے دو بری عورتوں کی مثال
حضرت نوح علیہ السلام کی بیوی کانام واہلہ تھا،یہ اپنی قوم سے حضرت نوح علیہ السلام کے بارے میں کہتی تھی کہ وہ مجنون ہیں اور حضرت لوط علیہ السلام کی بیوی کا نام و اعلہ تھا،یہ اپنا نفاق چھپاتی تھی۔(1)
ان دونوں عورتوں کے بارے قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا:
ضَرَبَ اللّٰهُ مَثَلًا لِّلَّذِیْنَ كَفَرُوا امْرَاَتَ نُوْحٍ وَّ امْرَاَتَ لُوْطٍؕ-كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَیْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَیْنِ فَخَانَتٰهُمَا فَلَمْ یُغْنِیَا عَنْهُمَا مِنَ اللّٰهِ شَیْــٴًـا وَّ قِیْلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدّٰخِلِیْنَ(2)
ترجمہ : اللہ نے کافروں کیلئے نوح کی بیوی اور لوط کی بیوی کو مثال بنادیا، وہ دونوں ہمارے بندوں میں سے دو صالح بندوں کے نکاح میں تھیں پھر ان دونوں عورتوں نے ان سے خیانت کی تو وہ (صالح بندے) اللہ کے سامنے انہیں کچھ کام نہ آئے اور فرما دیا گیا کہ جانے والوں کے ساتھ تم بھی جہنم میں جاؤ۔
اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت نوح علیہ السلام کی بیوی اور حضرت لوط علیہ السلام کی بیوی کومثال بنادیا کہ یہ دونوں عورتیں ہمارے قرب کے لائق دو بندوں کے نکاح میں تھیں ، پھر انہوں نے کفر اختیار کر کے دین کے معاملے میں ان سے خیانت کی تو وہ دومُقَرَّب بندے اللہ تعالیٰ کے سامنے انہیں کچھ کام نہ آئے اور ان عورتوں سے موت کے وقت فرمادیا گیایا قیامت کے دن فرما یاجائے گا کہ تم دونوں عورتیں اپنی قوموں کے کفار کے ساتھ جہنم میں جاؤ کیونکہ تمہارے اور ان انبیاء ِکرام علیہ السلام کے درمیان تمہارے کفر کی وجہ سے کوئی تعلق باقی نہ رہا (تو جس طرح کفر کے ہوتے ہوئے ان عورتوں کوانبیاء ِکرام علیہ السلام سے رشتہ داری کام نہ آئی اسی طرح اے کفارِ مکہ!کفر کے ہوتے ہوئے تمہیں بھی میرے حبیب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے رشتہ داری کوئی کام نہ آئے گی)۔ (3)
اس آیت سے معلوم ہوا کہ ایمان کے بغیر بزرگوں کی صحبت قیامت میں فائدہ نہیں دے گی نیز یہ کہ کفار کے لئے نبی کا رشتہ یا نبی کا نسب کام نہیں آتا اور یہ بھی معلوم ہوا کہ قیامت میں ہر شخص اس کے ساتھ ہو گا جس سے دنیا میں محبت کرتا تھا۔
[1] … خازن، التحریم، تحت الآیۃ: ۱۰، ۴/۲۸۸
[2] … پ 28 ، التحریم:10
[3] … مدارک، التحریم، تحت الآیۃ: ۱۰، ص۱۲۵۹، خازن، التحریم، تحت الآیۃ: ۱۰، ۴/۲۸۸، ملتقطاً
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع