اِسى طرح عِدَّت ختم ہونے پر دَعوتوں کو ضَروری سمجھنا کہ ماموں یا فُلاں کے ىہاں پہلى دَعوت ہو گى تو اِس طرح کے اَنداز لوگوں نے اپنے طورپر گَھڑ لىے ہىں ۔ ہاں!اگر اِن دَعوتوں کو ضَروری نہ سمجھیں اور ماموں ، بھائی ، بہن وغیرہ خوش دِلى کے ساتھ صِلۂ رِحمى (یعنی رِشتہ داروں کے ساتھ اچھا سُلوک) اور اللہ پاک کى رضا کی نیت سے دَعوت کرتے ہیں تو یہ اچھا ہے۔ ایسی دَعوت بھی عِدَّت سے نکلتے ہى ضَرورى نہىں بلکہ عِدَّت کے بعد جب چاہیں کر سکتے ہیں ۔ اگر نہ بھی کریں تب بھى حَرج نہىں ہے ۔ اپنے طور پر اِس طرح کے رَسم و رواج بنا لىنا اور پھر انہیں ضَرورى سمجھنا ىہ غَلَط ہے کیونکہ جب تک شرىعت کا حکم نہ ہو کوئى بھى چىز ضَرورى نہىں ہوتى ۔
(فتاویٰ رضویہ ، 11 / 256ماخوذاً ، ملفوظاتِ امیرِاہلِ سنت ، قسط : 27)
سُوال : آج کل دیکھنے میں آرہا ہے کہ شادیوں میں جہیز لینے کے لیے بڑی فرمائشیں کی جاتی ہیں اور اس میں کسی قسم کا پچھتاوا بھی نہیں ہوتا بلکہ دونوں ہاتھوں سے جہیز لیا جاتا ہے اور بڑی فرمائشیں کی جاتی ہیں کہ فلاں چیز بڑی دیدو یا اچھی کمپنی کی دیدو اگر اس میں مزید پیسے ڈالنے ہوں تو ہم دیدیں گے وغیرہ ، لیکن جب حق مہر کی بات آتی ہے تو یہی لوگ شریعت کو پکڑلیتے ہیں کہ شریعت ہاتھ سے نہ چُھوٹ جائے۔ اس حوالے سے رہنمائی فرما دیجیے ، نیز یہ بھی اِرشاد فرمائیے کہ شرعی طور پر مہر کتنا ہونا چاہیے اور اس وقت کے حساب سے شرعی مہر کتنا بنتا ہے؟
جواب : مہر کی کم سے کم مِقدار دو تولے ساڑھےسات ماشہ (30 گرام 618 ملی گرام)چاندی یا اس کی رَقم ہے۔ ( بہارِ شریعت ، 2 / 64 ، حصہ : 7) زیادہ کی کوئی حَد نہیں ، جتنا رکھنا چاہیں رکھ سکتے ہیں۔ جہاں تک بیٹی کو جہیز دینے کا مُعاملہ ہے تو ماں باپ جو جہیز کی صورت میں اپنی بیٹی کو دیتے ہیں یہ دینا سنَّت ہے ، خاتونِ جنَّت حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہُ عنہا کو بھی جہیز دیا گیا تھا اور یہ بات بچے بچے کو معلوم ہے۔ بعض سماجی اِداروں والے جہیز کو مَعاذَ اللہ لعنت کہتے ہیں یہ بالکل غَلَط ہے۔ البتہ جہیز کے لیے سامنے والوں کا مُطالبہ کرنا کہ یہ بھی چاہیے وہ بھی چاہیے یہ سب غَلَط ہے۔ اس صورت میں والدین ان کے شر سے بچنے کے لیے یہ سب دیں گے اور ان پر بوجھ پڑے گا اور ان کا دِل بھی پریشان ہوگا لہٰذا ایسا مُطالبہ ہرگز نہ کیا جائے۔ اس طرح مانگنا اپنی ذات کے لیے مانگنا ہے یہ اور بھی غَلَط ہے کہ سُوال کرنا ہے۔ دینے والوں نے اس لیے دیا کہ اگر نہیں دیں گے تو یہ لوگ ہماری بچی کو طعنے دیں گے کہ تیری ماں نے دیا کیا ہے؟شوہر ، ساس یا جس کی وجہ سے بھی اس طرح کچھ دیا جائے گا وہ رِشوت کہلائے گا۔
(امیرِ اہلِ سُنَّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ کے قریب بیٹھے ہوئے مفتی صاحب نے فرمایا : ) بعض برادریوں کے بارے میں پتا چلا تھا کہ ان لوگوں میں ایک سے زائد کھانے کرنے پر پابندی ہے اور یہ بھی طے ہے کہ کون سی ڈش کھلانی ہے اور کس طرح کھلانی ہے۔ اس سے سمجھ آتا ہے کہ اگر برادری والے اس طرح کی کچھ پابندی لگائیں اور عمل بھی کریں تو کافی مَسائل حل ہو سکتے ہیں لیکن بات وہی ہے کہ جب یہ پابندیاں لگانے والوں کے خود اپنے سر پر آتی ہے تو ان کے اپنے ہی گھر والے مَسائل کھڑے کر دیتے ہیں اور یہ بے چارے آزمائش میں آجاتے ہیں۔ (امیرِ اہلِ سُنَّت دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ نے فرمایا : )اوکھائی میمنوں میں شادی کے موقع پر ساری بَرادری کو دعوت دی جاتی تھی اور کھانے میں دال چاول ہوتے تھے۔ ان کے دال
چاول واقعی بڑے لذیذ ہوتے تھےاور سستے میں ہوجاتے تھے۔ اب معلوم نہیں کہ کیا سِلسلہ ہوگا کیونکہ آہستہ آہستہ خرابیاں آتی جارہی ہیں ، لوگ نہ جانے کیا کیا چیزیں شامل کردیتے ہیں اور ان کی وجہ سے غریب آدمی پِس جاتا ہے ، گویا یہ چیزیں تو ضَروری ہوچکی ہیں یعنی کھانے میں 100 طرح کی ڈشیں نہ ہوں تو بَدنام ہوجائے گا اور بُرابھلا سننا پڑے گالہٰذا اس سے بچنے کے لیے بےچارہ قرض لے گا اگرچہ سودی قرض لینا پڑے مگر وہ لے گااور یہ سب کرےگا۔ (ملفوظاتِ امیرِاہلِ سنت ، قسط : 67)
سُوال : آجکل لوگ شادىوں مىں دُولہا اور دُلہن پر پُھول بَرساتے ہىں کىا ىہ اِسراف ہے ؟ (نگرانِ شُوریٰ کا سُوال)
جواب : شادىوں مىں دُولہا اور دُلہن پر پُھول بَرسانے کو اِسراف نہىں کہىں گے کیونکہ اِس پر عُرف ہے ۔ پُھول پہنائے جانے کو گُل پوشی اور پھول نچھاور کرنے کو گُل پاشی کہتے ہیں ۔ گُل پاشی عُلَما پر باکثرت ہوتى ہے اور اَلحمدُ لِلّٰہ! جُلُوسِ مىلاد مىں بھى ہوتى ہے ۔ دُولہا دُلہن پر گُل پاشی کرنا شَرعى طور پر ناجائز نہىں ہے اور اسے اِسراف بھی نہیں کہا جا سکتا اِس لیے کہ گُل پاشی سے خُوشبو پھىلتى ہے اور ماحول مىں اىک کشش اور رونق پىدا ہوتى ہے تو یُوں اِس کا کچھ نہ کچھ فائدہ اور مقصد ہے ۔ اب لوگ ىہ سمجھتے ہىں کہ گُل پاشی کرنے سے پُھول پاؤں تلے آئىں گے حالانکہ یہ پُھول سرکار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے پسىنے سے پیدا ہوئے ہىں لہٰذا گلاب کے پُھولوں کی بے اَدبی ہو گی تو ىہ اىک عوامى تَصَوُّر ہے ۔ بعض رِوایات میں یہ ہے کہ گلاب کا پُھول سرکار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے مُبارَک پسینے سے پیدا ہوا ہے لىکن مُحَدِّثِىن نے ایسی رِوایات پر بڑى جَرح اور بڑا کلام کىا ہے اور اکثر مُحَدِّثِىن کے نزدىک ىہ رِواىات مَن گھڑت ہىں ۔
( كشف الخفاء ، 1 / 229 ، تحت الحديث : 797 ماخوذاً ، المقاصد الحسنۃ ، ص138 ، تحت الحديث : 261 ماخوذاً)
بالفرض اگر یہ مان بھى لىا جائے کہ پُھول بننے کا سبب سرکار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا پسىنا ہے تب بھی شاید یہ گُل پاشی کے ناجائز ہونے کی وجہ نہ بن سکے۔ (ملفوظاتِ امیرِاہلِ سنت ، قسط : 33)
سُوال : اگر شادی وغیرہ کسی تقریب کے موقع پر پُھول نچھاور کرنے کے لىے چاروں طرف بے پردہ لڑکىاں جمع ہوں تو ؟ (نگرانِ شُوریٰ کا سُوال)
جواب : یقیناً بے پردگی کو روکا جائے گا ۔ شادى مىں کھانے کى دعوت تو جائز ہے اب اگر اس مىں نامحرم عورتىں اور مَرد مل کر کھا رہے ہوں اور قہقہے لگا کر ہنس رہے ہوں تو اسے کون جائز کہے گا ؟شادی میں پھول نچھاور کرنا اور کھانے کى دعوت کرنا جائز ہے البتہ اگر اِس میں کوئى ناجائز حرکت داخل ہو گئى تو اسے ناجائز کہا جائے گا ۔ (ملفوظاتِ امیرِاہلِ سنت ، قسط : 33)