30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اختیار کرلیتا ہے۔ اسی طرح نیچری ([1]) خیالات بھی بڑھ رہے ہیں ۔ حدیث کے منکر ([2]) بھی زوروں پر ہیں ۔ رسائل نکالتے ہیں ، مناظروں کا چیلنج دیتے ہیں ۔ الغرض سب مذاہب اپنی اپنی اصلاح و ترقی میں کوشاں ہیں ۔ اگر سست ہیں تو حضرات احناف چناں خفتہ اندکہ گوئی مردہ اند ۔ ([3])
گروہ حنفیہکَثَّرَھُمُ اﷲ ُ ([4]) کے ہر طبقہ میں مذہب کی طرف سے لاپروائی ہوگئی ہے ۔ حضرات علماء جن کا وجود ہمارے لئے باعث فخر ہے بڑے بڑے اکابر بفضلہٖ تعالیٰ زندہ موجود ہیں جن کے مقابلہ کی کسی غیر مذہب کو جرأت نہیں ہوسکتی۔ مگر ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ([5]) ۔ وہ دیکھتے ہیں کہ مذہب پر چاروں طرف سے حملے ہورہے ہیں ۔ کوئی امام اعظم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِکوکافرزندیق([6]) تک لکھ دیتا ہے ۔ کوئی ہدایہ شریف ([7]) پر سینکڑوں اعتراض کرتا ہے۔ کوئی دُرِّمختار کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔ کوئی تقلید کو حرام ، شرک ، بدعت قرار دیتا ہے۔ مگر وہ توجہ نہیں کرتے ۔ نہ اخباروں میں مضمون دیتے ہیں ، نہ کوئی ٹریکٹ شائع کرتے ہیں ، نہ کوئی رسالہ ان کے جواب میں لکھتے ہیں ۔
ادھر اُمراء کا یہ حال ہے کہ رات دن دنیا کے نشہ میں مست نہ نماز سے کام ، نہ روزہ کا پتا ، نہ حج نہ زکوٰۃ۔ صبح و شام نواہی ([8]) میں مصروف۔ خبر ہی نہیں کہ اسلام کیا چیز ہے ؟ بیٹے کی شادی رچائیں گے تو آتش بازی ، ناچ ، باجا وغیرہ واہیات اور فضول رسموں میں گھر بار لٹادیں گے ۔ مگر اشاعت اسلام و اشاعت مذہب میں ایک پیسہ تک خرچ کرنا فضول سمجھیں گے ۔ اگرکوئی اہل علم اشاعت مذہب کیلئے کوئی رسالہ لکھے تو یہ متَموَّل([9]) ایک نسخہ بھی خریدنے سے دریغ([10]) کریں گے۔ بخلاف اس کے دوسرے مذاہب کے امراء اپنے خرچ سے چھپوا کر مفت تقسیم کراتے ہیں ۔ رہے حضرات صوفیائے کرام رَحِمَہُمُ اللہُ تَعَالٰی جن کے اشارہ سے سینکڑوں مرحلے طے ہو جاتے ہیں ۔ مگر یہ حضرات بھی ذکر و مراقبہ میں ایسے مستغرق ہیں کہ انہیں خبر ہی نہیں کہ دنیا میں کیا ہورہا ہے ۔ ایسے وقت میں جبکہ علماء کی سخت ضرورت ہے ، ان کا جمود([11]) کیا ر نگ لائے گا؟ اگر یہ حضرات اس طرف توجہ فرماتے تو ہر سال علماء کی ایک جماعت تیار کراسکتے تھے ۔ مگرافسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ انہوں نے اس طرف توجہ ہی نہیں کی۔ ایک حضرت اقدس قبلہ علی پوری مُدَّ ظِلہ ہیں جنہوں نے مدرسہ نقشبندیہ جاری کیا ہوا ہے مگر افسوس کہ وہ مدرسہ بھی ہماری امیدوں کے مطابق ترقی نہیں کرسکا ۔
کتب حدیث ([12]) کا ترجمہ آج تک کسی حنفی نے نہیں کیا۔ صحاح ستہ کا ترجمہ اردو میں وہابیوں نے کیا ہے جس میں جابجا انہوں نے حنفی مذہب کی تردید کی ہے ۔ مؤطا امام محمد و آثار امام محمد کا ترجمہ بھی وہابیوں نے کیا ہے۔ اگر کوئی اہل علم شاذ و نادر اس طرف توجہ بھی کرے تو پھر مصارف طبع ([13]) کہاں سے لائے؟ غرباء کے پاس پیسہ نہیں امراء کو مذہب کی ضرورت نہیں ۔ اگرکوئی صاحب اپنی ضروریات سے بچاکر کوئی کتاب یا رسالہ طبع کرائے تو کوئی اس کا خریدار نہیں بنتا۔ پھر یا تو وہ کتابیں جمع پڑی رہیں یا مفت تقسیم کی جائیں ۔ اگرمفت تقسیم ہوں تو دوسری کتاب کے طبع کیلئے مصارف کہاں سے لائیں ؟ غرض بڑی مشکل ہے۔ بہرحال میں نے ایک حدیث میں دیکھا کہ سرور عالم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا جو شخص میری امت میں سے چالیس حدیثیں جو کہ دین کے بارے میں ہوں یا د کرے تو اﷲتعالیٰ اُس کو فقہاء و علماء کے زمرہ میں اٹھائے گا۔ ایک روایت میں ہے کہ اﷲتعالیٰ اس کو فقیہ عالم مبعوث کرے گا۔ ایک روایت میں ہے کہ میں اس کے لئے شافع و شہید بنوں گا ([14]) ۔ ایک روایت میں ہے کہ اس کو حکم ہوگا کہ جنت کے جس دروازے کے راستہ تو چاہے داخل ہو (اربعین نوویہ ) تو میں نے بھی اسی امید پر چالیس حدیثیں لکھنی شروع کیں اور ارادہ کیا کہ اخبار الفقیہ (امرتسر) میں شائع کی جائیں ۔ پھر اگر کسی عالی ہمت نے توجّہ کی تو علیٰحدہ بصورت رسالہ بھی طبع کی جائیں گی ۔ ا مید ہے کہ حضرات احناف ان احادیث کو حفظ کرکے ثواب حاصل کریں گے اور اپنے مذہب کو بھی غیر کی دستبرد ([15])سے بچائیں گے ۔ وھا أنا أشرع في المقصود بتوفیق اﷲ الودود ([16])۔ فقیر ابو یوسف محمد شریف عفی اﷲ عنہ
حدیث {۱}
[1] سیداحمد خان علی گڑھی کے پیروکار۔ یہ شخص فِرشتوں کے وجود کا منکر تھااور انگریز کا حامی اور و ظیفہ خور تھا۔ اسکے عقائد ملاحظہ فرمائیں : ’’فصاحت و بلاغت کو قرآن مجید کا معجزہ سمجھنا صحیح نہیں ‘‘ ۔ قرآن مجید میں موجود سابقہ انبیاء اکرام علیہم الصلوۃ والسلام کے قصوں کو من گھڑت اورمحض خیالی قصے کہا ہے۔ ایک اور جگہ لکھا’’ خدا نہ ہندو ہے نہ عرفی مسلمان نہ مقلد نہ لامذھب نہ یہودی نہ عیسائی وہ تو پکاچھٹا ہوا نیچری ہے معاذاللہ تعالیٰ(خود نوشتہ ۲۳ ، ۴۱ ، ۸۰ ، ۱۲۴ ، ۱۴۸)
[2] عبد اﷲ چکڑالوی کے پیروکار۔ اس شخص نے سید احمدعلی گڑھی ہی کے عقائد کو فروغ دیا تفصیل کیلئے کتاب’’برطانوی مظالم کی کہانی‘‘ کا مطالعہ فرمائیں
[3] ایسے سوئے ہیں کہ مردہ۔
[4] اﷲتعالیٰ اُن کو زیادہ کرے
[5] بے پرواہ ہیں ۔
[6] بے دین۔
[7] دیکھو الجرح علی ابی حنیفۃ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ مؤلفہ محمد دہلوی ۔
[8] نا جائز اُمور
[9] مالدار
[10] انکار ۔ تامل
[11] ٹھہراؤ
[12] یہ کتاب تقریبا ستر سال پہلے شائع ہوئی تھی اب الحمد ﷲ عَزَّوَجَلَّ علماء اہلِ سنت نے تقریباً احادیث کی بیشتر کتب کے اردو تراجم کر دیئے ہیں جو شائع بھی ہوچکے ہیں ۔
[13] چھپا ئی کے اخراجات۔
[14] مشکوٰۃ المصابیح کتاب العلم ص ۳۶ ۔
[15] قبضہ ،چُنگل ۔
[16] اور اللہ الودود کی توفیق سے میں اپنے مقصود کو شروع کرتا ہوں ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع