دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Ameer Ahl e Sunnat Ki 786 Nasihatain | امیر اہلِ سنت کی 786 نصیحتیں

book_icon
امیر اہلِ سنت کی 786 نصیحتیں
            
اَلحمدُ لِلّٰہ رَبِّ الْعٰلَمِینَ وَالصَّـلٰوةُ وَالسَّـلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن ط اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِ اللہ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْم ط بِسْمِ اللہ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم ط

امیرِ اہلِ سنّت کی 786 نصیحتیں

دُعائے خلیفۂ امیرِ اہلِ سنّت:یا اللہ پاک! جو کوئی 102 صفحات کی کتاب” امیرِ اہلِ سنّت کی 786 نصیحتیں“پڑھ یا سن لے اسے دنیا و آخرت کی برکتوں سے مالا مال فرما ، اس کی اہلِ خانہ سمیت بلا حساب و کتاب مغفرت فرما کر جنت الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا پڑوس نصیب فرما ۔ اٰمین بِجاہِ خاتَمِ النَّبِیّٖن صلّی اللہ علیهِ واٰلهٖ وسلّم

درودِ پاک کی فضیلت

فرمانِ آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم : بے شک اللہ پاک نے ایک فرشتہ میری قبر پرمقرر فرمایا ہے جسے تمام مخلوق کی آوازیں سننے کی طاقت دی ہے ، پس قیامت تک جوکوئی مجھ پر دُرود پاک پڑھتا ہے تو وہ مجھے اِس کا اور اس کے باپ کا نام پیش کرتا ہے، کہتا ہے : ”فلاں بن فلاں نے آپ پر اِس وقت دُرُود پاک پڑھا ہے۔“ (مسند بزار،4/255،حدیث:1425) سُبْحٰنَ اللہ !دُرُود شریف پڑھنے والا کس قدر بخت ور ہے کہ اُس کا نام مع وَلدِیّت بارگاہِ رِسالت صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم میں پیش کیا جاتا ہے، یہاں یہ نکتہ بھی انتہائی ایمان افروز ہے کہ قبرِمنور پر حاضر فرشتے کو اس قدر زیادہ قُوّتِ سَماعت دی گئی ہے کہ وہ دنیا کے کونے کونے میں ایک ہی وقت کے اندر دُرُودشریف پڑھنے والے لاکھوں مسلمانوں کی انتہائی دھیمی آواز بھی سن لیتا ہے۔جب خادِم دربار کی قوت سماعت (یعنی سننے کی طاقت ) کا یہ حال ہے تو سرکارِ والا تبار، مکّے مدینے کے تاجدار، محبوبِ پَروَرْدَگار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی کیا شان ہوگی ! وہ کیوں نہ اپنے غلاموں کو پہچانیں گے اور کیوں نہ اُن کی فریاد سُن کر بِاذنِ اﷲ (یعنی اللہ کی اجازت سے) اِن کی اِمدادیں فرمائیں گے! اور کوئی غیب کیا تم سے نِہاں ہو بھلا جب نہ خدا ہی چھپا تم پہ کروڑوں درود میں قرباں اِس ادائے دَسْتْ گیری پر مِرے آقا مدد کو آگئے جب بھی پُکارا یارسول اللہ صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب صَلَّی الله علٰی مُحَمَّد

بزرگانِ دین رحمۃ اللہ علیہم کے فرامین کی اہمیت

حضرتِ شیخ عبدُالعزیزدبّاغ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:مُرید کو شیخ کے سامنے (اپنا علم جھاڑنے کی بجائے)یہ تصور کرنا چاہیے کہ میں کسی سمندر کے کنارے بیٹھا ہوا اپنے حصے کے رزق کا انتظار کر رہا ہوں لہٰذا وہ پوری توجہ سے شیخ کی گفتگو سُنے تو یقیناًاسے فیض نصیب ہو گا۔ (الابریز،2/137) عارِف بِ اللہ حضرت امام عبد ُالوہّاب شَعرانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : اے بیٹے! ہر اس بات کو جو تُواپنے مُرشِد سے سُنی، اُس کی خوب حفاظت کر اگرچہ اس بات کو سننے کے وقت تو اس کے فائدے کو نہ سمجھے۔ (آدابِ مُرشد کامل،ص64) شَیخ حضرت مُحیُ الدِّین ابنِ عَرَبی رحمۃ اللہ علیہ نے مرشِد کی مَحبّت رکھنے والوں کی ایک خوبی یہ بھی بیان فرمائی ہے کہ وہ مُرید مَحبوب کی گفتگو اور نام مبارَک سے راحت پانے والا ہو۔ (فتوحاتِ مکیہ باب نمبر 178) حضرتِ بابا بُلّھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے والدِ محترم فرماتے ہیں: بیٹا!بزرگوں کی بارگاہ میں نہایت ادب و احترام اور عقیدت کے ساتھ حاضر ہونا چاہیے ،دل کو تکبر اور غرور کی آلائش سے پاک کرنا چاہیے، پیرو مرشد جو کچھ ارشاد فرمائیں اسے غور سے سُن کر اپنے دل میں جگہ دینا اور سامانِ حیات سمجھتے ہوئے اس پر عمل پیرا ہوجانا ۔ (سوانح حیات حضرت بابا بلّھے شاہ ، ص 48بتصرف) کتنی پیاری میٹھی میٹھی گفتگو عطار کی اور ہے کردار کتنا پارسا عطار کا (مناقبِ عطار،ص27)

اچھی نیّت کے بارے میں نصیحتیں

(1)مسلمانوں کو اچھا مشورہ دینا یاجائز سفارش کردینا بھی مسلمان کی حاجت (ضرورت) پوری کرنے میں شامل ہے۔ اچھی نیَّت کی صورت میں کارِ ثواب (ثواب کا کام)بھی ہے۔ (10 جُمادَی الاُولیٰ 1437۔ 19فروری 2016) (2)اچھی نیّت ہوتو کسی کے دِینی نقصان پر دِل جلانا کارِ ثواب ہے۔ (5 ربیعُ الآخر 1436۔ 25 جنوری2015خصوصی) (3)ہزاروں اچھے کام ،ثواب کی نیت نہ کرنے کی وجہ سے مَحض مُباح ہوتے ہیں (یعنی وہ کارِ ثواب نہیں بنتے)۔ (15 جُمادی الاُخریٰ 1436۔ 4اپریل2015) (4)اچھی نیّت سے مُعاف کرنا کارِ ثواب ہے، معاف کرنے کا ایک دنیوی فائدہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ جس کو معاف کیا جائے اس کے دل سے معاف کرنے والے کا بُغض و کینہ (دشمنی) نکل جائے۔ (21 محرّم شریف 1436)

اللہ پاک اور اس کے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے بارے میں 15 نصیحتیں

(1) اللہ کریم کے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اُمّت میں پیدا ہونا ” اَنمول نعمت “ ہے ۔ ( 6 ذِی الحج شریف 1441۔27جولائی2020) (2) جو اللہ پاک اوراُس کے آخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی فرمانبرداری میں لگا رہتا ہے، دُنیا اُس کی خدمت میں لگی رہتی ہے۔ ( 6 ذِی الحج شریف 1441۔27جولائی2020) (3) لذّتِ عشقِ رسول لازوال دولت ہے ۔(16 ربیعُ الآخر 1436۔ 5فروری2015) (4) اپنے دل میں عشقِ رسول کا چراغ جلائیے ،دُنیا و آخرت میں کامیابی ہوگی۔ (2ربیعُ الآخر 1436۔ 22 جنوری2015) (5) کامیاب ہونا چاہتے ہوتو دلوں میں عشقِ مُصطفے کی شمع فَروزاں کرلو ۔ (11 ربیعُ الاوّل 1436۔ 2 جنوری2015) (6) مجھے عربوں سے محبّت ہے ،کیونکہ مکّی مَدَنی مُصطفٰے صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم عربی تھے ۔ (20 شعبان شریف 1437۔ 28مئی 2016) (7)سب سے اعلیٰ کُرسی ”غلامیٔ مُصطفٰے “ کی کُرسی ہے۔(11ربیع ُالاوّل1443) (8) غلامئ مُصطفٰے میں ملنے والی حکومت جسموں پر نہیں بلکہ دِلوں پر ہوتی ہے۔ (19 ذِیقعد شریف 1443۔19 جون 2022) (9)غلامیٔ رسول کی کرسی مل جائے تو پھر کسی کرسی (یعنی دُنیاوی عُہْدے یا مَنْصب)کی ضرورت نہیں ۔( 27 ذِیقعد شریف 1443۔28 جون2022) (10)نبیِ آخِرُالزَّماں صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ، صحابۂ کرام، اہلِ بیتِ اَطہار اور اولیائے کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی غلامی میں دراصل آزادی ہے۔ ( 13 شوّال شریف 1435) (11)آپ درِمُصطفےٰ کے اَسیر (یعنی قیدی) بَن جائیں، تو بغیر دولت کے امیر ہوجائیں گے اور اِن شاءَ اللہ آپ کو سُکُونِ قَلْب کی دولت بھی ملے گی۔ ( 3 ربیعُ الآخر 1436) (12)سرمایۂ عشق پانے کیلئے عشقِ اِلٰہی اور عشقِ رسول پر مَبنی حکایات و مضامین پڑھنے چاہئیں۔ ( 4 ذِیقعد شریف 1435) (13)گُناہوں کی وجہ سے دل بھی مَیْلاہوجاتاہے،تلاوت ِ قرآن کرنے،موت کو یاد کرنے، اللہ پاک کے خوف اورعشقِ مصطفے ( صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم )میں رونے سے دل کی صفائی ہوتی ہے ۔ (20رمضان شریف1437۔ 26جُون2016بعدِ عصر) (14) بارگاہِ رسالت میں دو جہان کی بھلائیوں اور مغفرت کا سوال کرنا چاہیے ۔ (13 ربیعُ الاوّل 1437 ۔ 25دسمبر2015) (15) اللہ پاک اوراُس کےا ٓخری نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی بارگا ہ میں جواچھا ہے حقیقت میں وہی اچھا ہے۔ ( 7 ذِی الحج شریف 1441۔28جولائی2020)

درود پاک کے بارے میں 3 نصیحتیں

(1)دُرودِ تُنجینا‘‘ حاجتوں کے پورا ہونے کے لئے مُجرَّب ہے۔ (19 ربیعُ الآخر 1436۔ 8فروری2015) (2) دُرود شریف اعمال کو پاک کرنے والا ہے۔ (1 ذِی الحج شریف 1436 ۔ 15 ستمبر 2015) (3) اگر آپ بارگاہِ رِسالت میں مقرّب ہونا چاہتے ہیں تو پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اطاعت،سنّتوں پر خوب عمل اور دُرود شریف کی کثرت کیجئے، اِن شاءَ اللہ اس کی برکت سے نبیِ کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا قُرب مل جائے گا۔ ( 2 محرّم شریف 1441)

اسلام اور شریعت کے بارے میں 26 نصیحتیں

(1) شریعت آپ کے پیچھے نہیں چلے گی ، (آپ )خود شریعت کےپیچھے چلئے۔ (10 ذِی الحج شریف 1441۔31جولائی2020) (2) مسلمان ہر معاملہ شریعت کےمطابق کرنے کا پابند ہے۔ ( 6 شوّال شریف 1435) (3) اِسلام اپنے مسلمان بھائیوں سے حُسنِ ظَن رکھنے کی تعلیم دیتا ہے۔ (3ربیعُ الآخر1438) (4) ہمیں دنیاوی بھلائیاں حاصل کرنے کے لئے بھی وہی کام کرنا چاہئے جو عین شریعت کے مطابق ہو۔ (4 محرّم شریف 1436) (5) جو شریعت اور طریقت کو الگ الگ کہےہمیں اُس سے الگ رہنا ہے۔ (19 ذِیقعد شریف 1443۔19 جون 2022) (6)شادی میں بھی شریعت کے احکام ہی کی پابندی کی جائے۔غیر شرعی رُسومات میں رشتہ داروں کی بات نہ مانی جائے، رشتہ دار نہ جنّت میں داخِل کرسکتے ہیں نہ دوزخ میں ڈال سکتے ہیں ۔ (5ربیع ُالآخر 1436۔ 25 جنوری2015خصوصی) (7)ہمیں شریعت پر عمل کرنے کے لیے حُسّاس طبیعت بنانی ہوگی۔ (15 جُمادی الاُخریٰ 1436۔ 4اپریل2015) (8) شریعت ہمارا معیار ہے، شریعت نے جس کو جائز کہا وہ جائز اور جسے ناجائز کہا وہ ناجائز ہے ۔ (10 ذِی الحج شریف 1436 ۔ 24ستمبر 2015) (9) دینِ اسلام فِتنہ و فساد کی حوصلہ شِکنی اور پیار، اَمن اور بھائی چارے کی حوصلہ اَفزائی کرتا ہے۔ ( 5 محرّم شریف 1441) (10)اسلام امن اور راحت کا پیغام دیتا ہے۔ (17 شوّال شریف 1435۔ 14اگست2014) (11)مسلمان جہاں بھی ہوں، اِسلام کے اُصولوں کے پابند ہیں ۔ (5ربیع الاوّل 1436۔ 27دسمبر2014) (12)اخبار اور میڈیا والوں کو اسلام سے نفرت دِلانے والا کوئی کام نہیں کرنا چاہئے۔ (19ربیعُ الآخر 1436۔ 8فروری2015) (13) اسلام کو نقصان پہنچانے والا یا اسلام کے خلاف باتیں کرنے والا شیطان ہے۔ (15 رَمَضان شریف 1436۔ 3جولائی2015 بعدِعشا) (14)اسلام قربانیوں کا مجموعہ ہے، دینِ اسلام پرعمل کرنے اوراس کی اشاعت (تبلیغ) کے لیے قربانی دیناپڑتی ہے۔ (25 رَمَضان شریف 1437۔ 30جون 2016بعدِتراویح) (15)مُسلمان عقل کے نہیں دین اِسلا م کے پابند ہیں۔ (10 ذِی الحج شریف 1441۔ 31جولائی2020 ) (16) ہم عقل کے نہیں خُدا کے بند ے ہیں ۔ (10 ذِی الحج شریف 1441۔ 31جولائی2020 ) (17)وہی عقلمند ہے جس کی سمجھ میں” دین “ آجائے۔ (10 ذِی الحج شریف 1441۔ 31جولائی2020 ) (18)وہی عقلمند کامیاب ہے جس نے اپنی عقل کو اللہ و رسول صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی اِطاعت میں استعمال کیا۔ (15 رَمَضان شریف 1437) (19) شَرْعی مُعاملات میں اپنی اَٹْکل (یعنی اندازے) سے کسی چیز کے جائز یا ناجائز ہونے کا حکم نہیں لگانا چاہئے۔ ( 9 محرّم شریف 1437) (20)کسی کو اچھے عقیدے اور اچھے اعمال کی توفیق ملنا اس بات کی علامت ہے کہ ربِّ کریم اس سے محبت کرتا ہے۔ ( 5ربیع ُالاوّل1438) (21) بندے کی سب سے بڑی خوبی ایمان دار (یعنی مسلمان ) ہونا ہے۔ (24 ذِی الحج شریف 1443۔23جولائی 2022) ‫(22)مسلمان کا اَنداز کہیں بھی بداخلاقی والا نہیں ہونا چاہئے۔ (6 محرّم شریف 1444۔4اگست 2022) (23)اپنے اندر دینی درد پیدا کرنے کیلئے پیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی دینِ اسلام کیلئے قربانیوں کا مطالعہ کیجئے۔ ( 19 شوّال شریف 1440) (24)جسےدین کے معاملے میں ستایاجائے اُسے چاہئے کہ سرکار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو یاد کرلیا کرے ۔ (28 ذِیقعد شریف 1443۔28جون2022) (25)دین پرعمل کرنے سے وہ عزّت ملتی ہے کہ وُزراء اور صدر بھی رَشک کرتے ہوں گے۔ (12ربیعُ الاوّل 1436۔3جنوری2015) (26) آپ بوڑھے ہوں یا جوان ،ہر عمر میں اسلام کی خدمت کی کوشش کریں۔ (2 رَمَضان شریف 1436۔19جون 2015 بعد ِظہر)

صحابہ کِرام اور بُزُرگان دین کے بارے میں نصیحتیں

(1) حضرتِ بی بی عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ ا کی شان، ستاروں اور مٹی کے ذرّوں (کی تعداد ) سے زیادہ ہے۔ (16 صَفَر شریف 1436 ۔6دسمبر2014) (2)بزرگوں کی خدمت ضروررنگ لاتی ہے۔ (23 رَمَضان شریف 1437۔ 28جُون2016بعدِ تراویح) (3)بُزُرگوں سے نسبت رکھنے والی ہر شے ” تَبرُّک‘‘ ہے ۔ (16 ذِی الحج شریف 1435 ۔11اکتوبر2014) (4)جو چیز بزرگوں سے مَنْسوب ہوجائے،اس کا ادب کرنا کارِ ثواب(ثواب کا کام) ہے۔ (1 جُمادَی الاُولیٰ 1436۔ 20فروری2015 خصوصی) (5)اولیائے کرام کا قُرب ہر صورت میں مفید ہے۔ (6 ربیعُ الآخر 1437 ۔16جنوری 2016) (6)اولیائے کرام رحمۃ اللہ علیہم کے مزارات وگُنبدبنانے کا مقصدیہ ہے کہ لوگ ان کی طرف رُجوع کریں، فیض اُٹھائیں اور برکت پائیں۔ (10 ربیعُ الآخر 1437۔20 جنوری 2016) (7) بُزرگانِ دین کے مزارات پر فیض حاصل کرنے کے لئے جانا چاہئے اور (دنیا و آخِرت کی بھلائی پانے کیلئے) ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہئے۔ ( 3 محرّم شریف 1441) (8)عُرس منانے کی رُوح یہ ہے کہ جن کا عُرس منا رہے ہیں، اُن کی سیرت پربھی عمل کریں۔ (5ربیع ُالآخر 1436۔25 جنوری2015) (9) بزرگانِ دین کا فیض حاصل کرناچاہتے ہیں تو اِن کی سیرت پر عمل کریں۔ ان شاء اللہ الکریم اِتنا فیض ملے گاکہ دوسروں کو تقسیم کریں گے۔ (8ربیعُ الآخر 1436۔28جنوری2015) (10) بزرگانِ دین رحمۃ اللہ علیہم کے واقعات سُن کر صرف سُبْحٰنَ اللہ نہ کہا جائے بلکہ اُن کی سیرت پر عمل کرنے کی کوشش بھی کی جائے۔ ( 5جُمادَی الاُخریٰ1438ھ) (11) صفرُ المُظَفَّر برکت والا مہینہ ہے،اس میں بڑے بڑے اولیائے کرام کے ا عراس ہیں ۔ (15 صَفَر شریف 1437۔28 نومبر 2015) (12) بُزُرْگی کا تعلُّق عِلم و عَقل سے ہوتا ہے، جوانی اور بڑھاپے سے نہیں۔ (8 رجب شریف 1437)

سنّتوں کے بارے میں 20 نصیحتیں

(1) سُنّت میں عظمت ہے۔ (10 ذِی الحج شریف 1435۔5اکتوبر2014) (2) مِسواک کو بے ادبی سے بچاتے ہوئے اس کا اِحترام کیجئے کہ یہ سنّت ادا کرنے کا آلہ ہے۔ (30ربیعُ الاوّل 1438) (3)میں لڑکپن سے مسواک استعمال کرتا تھا، اسے حاصل کرنے کے لیے تلاش کیا کرتاتھا۔ دعوتِ اسلامی کے آغاز سے پہلے اپنے کُرتے میں مسواک کے لیے جیب بناتا تھا۔ (26 صَفَر شریف1438۔26نومبر2016) (4) تہبندیاپاجامے کی طرح جبہ بھی ٹخنوں کے اوپر ہونا چاہیے ۔ (2جُمادَی الاُخریٰ 1437۔ 12مارچ 2016 ) (5) داڑھی شریف کی سُنّت بداَخْلاقیوں اور گالیوں وغیرہ کئی طرح کی بُرائیوں سے بچاتی ہے۔ (10 ذِی الحج شریف 1441۔31جولائی2020) (6)داڑھی اور عمامہ ایسی نعمتیں ہیں جو انسان میں موجود برائیاں دور کرتی ہیں۔ (21 محرّم شریف 1436۔15نومبر2014خصوصی) (7)عمامہ شریف باندھنے والا اس کی بَرَکت سے گناہوں سے باز رہتا ہے اور اس کے کِردار میں بھی نِکھار آجاتا ہے۔ ( 21 صَفَر شریف 1436) (8) تمام دعوتِ اسلامی والے عمامہ باندھنے لگیں تو مدنی انقلاب برپا ہوجائے۔جو دعوتِ اسلامی والے ہو کر عمامہ نہیں باندھتے، وہ دعوتِ اسلامی کے نفع میں نقصان پہنچاتے ہیں۔ (30 شوّال شریف 1436 ۔ 15اگست 2015) (9) اَبرُو یعنی بَھنووں پر تیل لگانا سنّت ہے اور اس سے سَر دَرد بھی دُور ہوتا ہے ۔ ( 25جُمادَی الاُخریٰ1438) (10)جِسے (عمل کا )جذبہ مل جائے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں چلا جائے سنّتیں نہیں چھوڑتا ۔ (1 ذِی الحج شریف 1443 ۔1جولائی 2022) (11) مریض کی عیادت کو جائیے کہ سُنّت ہے، مگر اتنا زیادہ نہ رُکئے کہ مریض پریشان ہو جائے ۔ (11 رَمَضان شریف 1443 ۔13اپریل 2022) (12) پُکارنے کے لیے پہلے ہمارے ہاں”مدینہ“ کہنارائج تھا،ایسا کرنا شرعاً ناجائز نہیں،لیکن سُنّت یہ ہے کہ نام لے کر پکارا جائے یاکُنْیَت سے پکارے یا کہے’’اے بھائی‘‘۔ (28 ذِیقعد شریف 1436 ۔12ستمبر2015) (13)جس کی عمامہ شریف باندھنے کی نیّت ہو تو فوراً عمامہ باندھ لے، زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں۔ ( 5 رَمَضان شریف 1436۔22جون 2015 بعدِ عشا) (14)سب سے بڑا ”متأثِّر کُن“ شخص وہی ہے جو گناہوں سے بچتا ہو اور اُس کا ہر قدم” سنتوں ‘‘ کے راستےپر پڑتا ہو ۔ (25 رَمَضان شریف 1442 رات) (15) زُلفیں رکھناسنّت ہے ،بچوں کو بھی زُلفیں رکھنی چاہئیں، مگرمیرامشورہ ہے کہ وہ صرف آدھے کان تک رکھا کریں، پورے کان یا کندھوں تک نہ رکھیں ۔ (21 رَمَضان شریف 1437۔ 27جون2016 بعدِ عصر) (16)کسی کے بُلانے پر جواب میں ’’لَبَّیْك ‘‘کہنا پیارا اور نرم جملہ ہے۔ اس کے کہنے سے محبّت بڑھتی ہے،یہ سنّت بھی ہے، اس نیّت سے کہیں گے تو ثواب ملے گا۔ ( 16 رَمَضان شریف 1436۔4جولائی2015 بعدِعصر) (17) جو صفائی ستھرائی سنّت ِ تَنْظیف (صفائی کی سنت) کی نیّت سے ہوتوکارِ ثواب ہے۔ (15 رَمَضان شریف 1437۔ 20جون2016بعدِتراویح) (18) سنّت اورثواب سمجھتے ہوئے چھوٹے بچوں کو شفقت بھراپیارکرنا چاہئے ۔ (3 رَمَضان شریف 1437۔9جُون 2016بعدِعصر) (19)”عید مُبارَک“سلام کرنے کے بعد کہنا چاہیے۔اور” خیر مُبارَک “کہنے سے پہلے سلام کا جواب دیا جائے۔ (11 ذِی الحج شریف 1436 ۔ 26ستمبر 2015) (20) عید مبارک دُعا ہے، اس کا معنیٰ ہے کہ آپ کے حق میں عید برکت والی ہو۔ (11 ذِی الحج شریف 1436۔ 26ستمبر 2015)

ساداتِ کِرام کے بارے میں 4 نصیحتیں

(1)حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کی نسبت کی وجہ سے میں ساداتِ کرام سے محبت کرتا ہوں ۔ (20 رَمَضان شریف 1442رات) (2)”جنت “ساداتِ کرام کے قدموں کے صدقے سے ملے گی۔ (20 رَمَضان شریف 1442 رات) (3)سیّدہمارے سر کے تاج ہیں۔ (5ربیعُ الاوّل 1437 ۔ 17دسمبر2015) (4) ڈاکٹر وں کو چاہئے کہ ساداتِ کرام اور غریبوں کی ہمدردی کیلئے ماہانہ بجٹ بنائیں اور مفت علاج و ادویات کی ترکیب کریں اور دعائیں لیں ۔ (10 رَمَضان شریف 1436۔27جون 2015 بعدِعشا)

مکے مدینے کے بارے میں 8 نصیحتیں

(1)جس چیز کی نسبت حَرَمَین طَیِّبَین (مکہ و مدینہ)اوربزرگوں سے ہوجائے ،شریعت کے دائرہ میں رہتے ہوئے اس کے لیے بہترسے بہترین الفاظ استعمال کیجئے۔ (9 محرّم شریف 1436۔ 2نومبر2014) (2)یہ عاشقانِ رسول کا حصّہ ہے کہ جب مدینے جاتے ہیں تو روتے ہیں کہ ہم حاضری کے قابل نہیں اور جب مدینے سے واپس ہوتے ہیں تو بھی روتے ہیں کہ مدینہ چُھوٹ رہا ہے۔ ( 3 شعبان شریف 1438) (3)اَصل شادی (یعنی خوشی کا موقع)”مدینے کی حاضری “ہے۔ (21 رَمَضان شریف 1442رات) (4)مدینے شریف میں فوت ہونا سعادت کی بات ہے۔ (28 شعبان شریف 1436 ۔ 15 جون 2015) (5)مدینہ، نزولِ رحمت، برکتوں کا مَنْبَع(مرکز) اورپیارے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا پسندیدہ شہر ہے۔ (5 ربیعُ الاوّل 1437۔ 17دسمبر2015) (6)تاجدارِ مدینہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے حجرہ ٔ مبارکہ ،منبرشریف کا درمیانی حصہ ”رَوْضَۃُ الْجَنَّہ(یعنی جنّت کی کیاری)“ہے ۔عام بول چال میں لوگ اسے رِیاضُ الْجَنّہ کہتے ہیں، مگراصل لفظ ’’رَوْضۃُ الجَنّہ“ہے۔ (9ربیعُ الاوّل 1437 ۔21دسمبر2015) (7)جو حج یا عمرے کے لیے جارہا ہو،اسے مبارک باد دی جائے اوریہ کہاجائے کہ اللہ پاک آپ کی حاضری قبول فرمائے،بے ادبوں اوربے ادبی سے بچائے،میرے لیے دعا کیجئے گا ، بارگاہِ رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم میں میراسلام ،شیخینِ کریْمَیْن (حضرت ابو بکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ ما )کو سلام،اہلِ بقیع و اہلِ مَطاف کو سلام عرض کیجئے گاوغیرہ ۔ (21 رَمَضان شریف 1437۔ 26جون 2016بعدِ تراویح) (8)آبِ زم زم کا ایک قطرہ، پانی سے بھری دیگ میں ڈال دیا جائے تو بَرَکت کے لئے کافی ہے۔ ( 20جُمادَی الاُولیٰ 1438)

طریقت کے بارے میں 6 نصیحتیں

(1)کسی بھی جامع شرائط پىر سے دُنىوى کام کے لئے بیعت نہ کی جائے بلکہ نفس و دل کی اصلاح، نىک اعمال کى کثرت کی توفیق، ایمان کی سلامتی و دین پر استقامت پانے کے لئے (بیعت) کی جائے۔ ( 22 صَفَر شریف 1439) (2) چِشتی ، قادری ، سُہروردی اور نقشبندی سب ایک دریاکی نہریں ہیں، سب ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں۔ (11 محرّم شریف 1437۔ 21اکتوبر 2015) (3)جس مُرید میں دِینی خوبیاں جتنی زیادہ ہوں گی،پیر اپنے اُس مُرید سے زیادہ محبت کرے گا۔ ( 18 ذِیقعد شریف 1435۔13ستمبر2014) (4)پیرکی توجہ حاصل کرنے کیلئے پیر کی اطاعت کی جائے ۔ (30 ذِیقعد شریف 1435۔25ستمبر2014) (5) الحمدُللہ! میں وقتاً فوقتاً اپنے مُریدین و طالبین کے لئے دُعائیں کرتا رہتا ہوں ۔ ( 9 محرّم شریف 1444۔ 8اگست 2022) (6) میرے مرشِدِگرامی قُطبِ مدینہ ،حضرت مولانا ضیاءُ الدِّین احمدمدنی رحمۃ اللہ علیہ نے مجھے مکتوب (خط)روانہ فرمایا، جس میں بیعت کرنے کی اجازت دی اورتحریرفرمایا: تمہارے سلسلے میں ایک بھی نیک بندہ داخل ہوگیا تو اِن شاءَ اللہ الکریم تمہاری بخشش کا باعث ہوگا ۔ (11ربیع ُالاُخریٰ 1437 ۔21 جنوری 2016)

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن