my page 21
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

ALLAH Walon ki Batain Jild 5 | اللہ والوں کی باتیں جلد ۵

book_icon
اللہ والوں کی باتیں جلد ۵
            

حضرتِ سیِّدُنا عَمرو بن مُرَّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ

حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ تبع تابعی بزرگ ہیں۔ آپ ثقہ راوی اور مقبول بارگاہِ الٰہی ہیں۔

اندازِ دُعا

(6511)…حضرتِ سیِّدُنا شُعبہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : میں نےحضرتِ سیِّدُناعَمروبن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کو جب بھی دعاکرتے دیکھا تو یہی گمان کیا کہ خشوع و خضوع کےسبب آپ کی دعاختم ہونے سے پہلےہی مقبول ہوجائے گی۔ (6512)…حضرتِ سیِّدُناسفیان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضرتِ سیِّدُنا مِسعَر بن کِدام رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے پوچھا : ”آپ کے نزدیک سب سے افضل کون ہے؟“آپ نے فرمایا : میرا نہیں خیال کہ میں نے کسی شخص کوعمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ پر فضیلت دی ہو، میں نے انہیں جب بھی دعا کرتے دیکھا یہی کہا : ان کی دعا مقبول ہو جائے گی۔ (6513)…حضرتِ سیِّدُنامِسعَر رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بیان کرتے ہیں : ہم حضرتِ سیِّدُناعَمر و بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے جنازہ میں شریک تھے، ہم نے حضرتِ سیِّدُناعبدالملک بن مَیسرہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کو فرماتے سنا : میں حضرتِ سیِّدُنامرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کوروئے زمین پر سب سے نیک سمجھتاہوں۔ (6514)…حضرتِ سیِّدُناسُلیم بن رُستم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : میں حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے پاس پڑھتا تھا، وہ اکثر یہ کہتے : الٰہی!مجھے ان لوگوں میں شامل فرما دے جو تیرے نزدیک عقل مند ہیں۔

عالم کی شان

(6515)…حضرتِ سیِّدُناسفیان بن عُیَیْنَہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بیان کرتے ہیں کہ حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : میں اس بات کو ناپسند کرتا ہوں کہ قرآنِ پاک میں موجود کوئی مثال پڑھوں اور اسے نہ سمجھوں کیونکہ فرمانِ خداوندی ہے : وَ تِلْكَ الْاَمْثَالُ نَضْرِبُهَا لِلنَّاسِۚ-وَ مَا یَعْقِلُهَاۤ اِلَّا الْعٰلِمُوْنَ(۴۳) (پ۲۰، العنکبوت : ۴۳) ترجمۂ کنز الایمان : اور یہ مثالیں ہم لوگوں کے لیے بیان فرماتے ہیں اور انہیں نہیں سمجھتے مگر علم والے۔ (6516)…محمدبن فُضیل کابیان ہےکہ میں نےحضرتِ سیِّدُناعَمروبن مرّہرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہکوفرماتے سنا : میں اس گمان کے پیشِ نظر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی پناہ چاہتا ہوں کہ وہ مومن کو عذاب دے گا اور اس خیال کے پیشِ نظر اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی پناہ چاہتا ہوں کہ وہ مسلمانوں کے چہروں کو سیاہ کرےگا۔

نامحرم پر نظر پڑے توکیاکرے

(6517)…حضرتِ سیِّدُناابوسنان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن سے روایت ہے کہ حضرتِ سیِّدُناعمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : میں نے ایک عورت کی طرف دیکھا، وہ مجھے اچھی لگی، میں نےفوراً اپنی نگاہ اس سے ہٹا لی، مجھے امید ہے کہ یہ عمل اس لغزش کا کفارہ بن جائےگا۔

نابینا ہونے کی خواہش

(6518)…حضرتِ سیِّدُناسعیدبن ابوسِنان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن بیان کرتے ہیں : حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : میں انکھیارا ہونا پسند نہیں کرتا، مجھے یاد ہے میری نظرنےجوانی میں ایک لغزش کی تھی۔

فانی کو باقی پر ترجیح دو

(6519)…حضرتِ سیِّدُناعَلا٫ بن مُسیَّب رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بیان کرتے ہیں کہ حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہنے فرمایا : جو آخرت کا طلب گار ہوااسے دنیامیں تکلیف کاسامناکرناپڑااورجودنیا کا طلب گار بنا اسے آخرت میں نقصان ہوگا پس تم باقی کے بجائےفانی کا نقصان برداشت کرلو۔ (6520)…حضرتِ سیِّدُناابوسِنان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن کابیان ہے : حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ ابلیس کہتا ہے : ابن آدم مجھ سے کیسے بچ سکتا ہے جبکہ غصہ کے وقت میں اس کی ناک کے پاس ہوتا ہوں اور عیش وسرور کے قت میں اس کے دل میں قبضہ جمائے ہوتا ہوں۔

بندے کی امیداوررحمت خداوندی

(6521)…حضرتِ سیِّدُناابوسنان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن بیان کرتے ہیں کہ حضرتِ سیِّدُناعمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : ایک شخص کو جنت میں داخل کیاجائےگا تو وہ کہے گا : ”لَاحَوۡلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاالله“اس کاایک درجہ بلندکردیاجائے گا۔ وہ پھر کہے گا : ”لَاحَوۡلَ وَلَا قُوَّةَ اِلَّا بِاالله“پھر اس كاايک درجہ بلند کردیاجائے گا۔ فرشتہ کہےگا : ”تجھے حیا نہیں آتی، اپنے رب عَزَّ وَجَلَّ سے اور کتنامانگے گا؟“وہ شخص کہے گا : ”کیا میں نے اپنے رب سے کچھ مانگا ہے؟“پھر حضرتِ سیِّدُناابوسنان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن نے یہ آیت مبارکہ تلاوت کی : وَ لَوْ لَاۤ اِذْ دَخَلْتَ جَنَّتَكَ قُلْتَ مَا شَآءَ اللّٰهُۙ-لَا قُوَّةَ اِلَّا بِاللّٰهِۚ (پ۱۵، الکھف : ۳۹) ترجمۂ کنز الایمان : اور کیوں نہ ہوا کہ جب تو اپنے باغ میں گیا تو کہا ہوتا جو چاہے اللہ ہمیں کچھ زور نہیں مگر اللہ کی مدد کا۔

سیِّدُنا عَمرو بن مُرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی مرویات

حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن ابواوفیٰ، حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن سَلَمہ مُرادی، حضرتِ سیِّدُناابووائل شَقیق بن سلمہ، حضرتِ سیِّدُنامرّہ ہمدانی، حضرتِ سیِّدُناخَیْثَمہ، حضرتِ سیِّدُنا عَمر و بن میمون، حضرتِ سیِّدُناعبدالرحمٰن بن ابولیلیٰ، حضرتِ سیِّدُناعبیدہ بن عبداللہ، حضرتِ سیِّدُنا سعید بن مُسیَّب اورحضرتِ سیِّدُنامُصعَب بن سعد بن ابی وقاص رِضْوَانُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن اور دیگر محدثین سے احادیث روایت کی ہیں۔

قابل تعجب لوگ

(6522)…حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبیِّ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اپنے صحابہ کے پاس تشریف لائےاورفرمایا : تقدیر پر راضی رہنے والے کہاں ہیں؟ اچھے کاموں کے لئے کوشاں رہنے والے کہاں ہیں؟مجھےاس شخص پرتعجب ہے جو باقی رہنے والے گھر پر یقین رکھتا ہے پھر بھی دھوکے کے گھر کے لئے کوششیں کرتاہے۔ (6523)… حضرتِ سیِّدُناعَمرو بن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بیان کرتے ہیں کہ حضرتِ سیِّدُنا داود عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام یوں دعا کرتے : اے پر وردگار!میں تیری نعمتیں کیسے شمار کرسکتا ہوں، میں تو خود سر تا پا نعمت ہوں۔

مُصْطفٰے جانِ رحمت کی رحمت بھری دعا

(6524)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن ابواوفیٰ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتے ہیں کہ جب کوئی گھروالا بارگاہِ رسالت میں اپنا صدقہ لاکرجمع کرواتاتوآپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اسے دعادیتے، جب میرے والد صدقہ لائے تو آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے یوں دعادی : الٰہی!آلِ ابواوفیٰ پر رحمت نازل فرما۔(1)

دعائے مصطفٰے کا اثر

(6525)…حضرتِ سیِّدُناعلیُّ المرتضٰیکَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم بیان کرتے ہیں : میں بیمار تھا، میرے پاس نبیِّ رحمت، شَفیعِ اُمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تشریف لائے تو میں کہہ رہا تھا : ”الٰہی! اگر میری موت آگئی ہے تو اب مجھے چین(وفات) دے، اگر ابھی دیر ہے تو مجھے صحت دےاوراگرامتحان ہےتومجھےصبردے۔“آقائے دوجہاں صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنے مبارک قدم سے مجھے ٹھوکر لگائی اور فرمایا : ”تم نے کیا کہا؟“میں نے دوبارہ آپ پروہی الفاظ پیش کردیئے جو کہہ رہاتھا۔ پھر آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے دعاکی : ”الٰہی!اسے شفا عطا فرما۔“یا یہ دعا کی : ”مولا!اسے عافیت عطا فرما۔“اس دعاکے بعد مجھے کبھی اس درد کی شکایت نہیں ہوئی۔(2)

پانچ چیزوں کاعلم

(6526)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں : ہمارے پیارےنبی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو ہر چیز عطاکی گئی ہے سوائے ان پانچ چیزوں کے(جو قرآن مجید کی اس آیت میں مذکور ہیں) : اِنَّ اللّٰهَ عِنْدَهٗ عِلْمُ السَّاعَةِۚ-وَ یُنَزِّلُ الْغَیْثَۚ-وَ یَعْلَمُ مَا فِی الْاَرْحَامِؕ-وَ مَا تَدْرِیْ نَفْسٌ مَّا ذَا تَكْسِبُ غَدًاؕ-وَ مَا تَدْرِیْ نَفْسٌۢ بِاَیِّ اَرْضٍ تَمُوْتُؕ-اِنَّ اللّٰهَ عَلِیْمٌ خَبِیْرٌ۠(۳۴) (پ۲۱، لقمٰن : ۳۴) ترجمۂ کنز الایمان : بےشک اللہ کے پاس ہے قیامت کا علم اور اتارتا ہےمینہ اورجانتا ہے جو کچھ ماؤں کے پیٹ میں ہے اور کوئی جان نہیں جانتی کہ کل کیا کمائے گی اور کوئی جان نہیں جانتی کہ کس زمین میں مرے گی بےشک اللہ جاننے والا بتانے والا ہے۔(3)

عالم سے در گزر کرو

(6527)…حضرتِ سیِّدُنامعاذبن جبل رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے دورانِ خطاب فرمایا : اے گروہِ عرب! تم تینچیزوں کا سامنا کیسے کرو گے(۱)…گردنیں کاٹنے والی دنیا(۲)…عالم کی لغزش اور (۳)…منافق کا قرآن میں جھگڑنا۔ لوگوں پر سکتہ طاری ہوگیا۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے فرمایا : عالم اگر ہدایت پر ہو تو اپنے دین کو مکمل طور پر اس کے سپرد نہ کرو اور اگر عالم کسی فتنہ و آزمائش میں مبتلا ہوجائے تو اس سے اپنی امیدیں مت توڑنا کیونکہ مومن فتنے میں پڑنے کے بعد توبہ کر لیتا ہے۔ قرآنِ کریم راستہ بتانے والی واضح نشانیوں کی طرح ہے، جب تمہیں اس کا کوئی حکم سمجھ آجائے تو کسی سے نہ پوچھو، جب تمہیں اس کے کسی حکم میں شک ہو تو اس کے جاننے والے سے پوچھو یا اسے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے سپردکردو۔ اور دنیا کامعاملہ یہ ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے جس کے دل میں تونگری رکھ دی وہ کامیاب ہو گیا ورنہ دنیا اسے فائدہ نہیں دے گی۔

حضورصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم سارے عالَم کے نبی ہیں

(6528)…حضرتِ سیِّدُناصَفوان بن عَسّال رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتے ہیں کہ ایک یہودی نے دوسرے سے کہا : مجھے ان نبی کے پاس لے چلو۔ دوسرے نے کہا : ”انہیں نبی نہ کہو کیونکہ اگر انہوں نے سن لیا تو ان کی چار آنکھیں ہوجائیں گی(یعنی خوش ہوجائیں گے)۔“ بہرحال وہ بارگاہِ رسالت میں حاضر ہوئے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے فرمان : وَلَقَدْ اٰتَیۡنَا مُوۡسٰی تِسْعَ اٰیٰتٍۭ بَیِّنٰتٍ (پ۱۵، بنی اسرآئیل : ۱۰۱)(کی نشانیوں)کے بارے میں پوچھا۔ حضور اکرم، نورِ مجسَّم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”(۱)… اللہ عَزَّ وَجَلَّ کا شریک نہ ٹھراؤ (۲)…جس جان کا قتل اُس نے حرام فرمادیا اسے ناحق قتل نہ کرو (۳)…زنا سے بچو (۴)…چوری نہ کرو (۵)…کسی بےقُصور کو قتل کے لئے حاکم کے پاس نہ لےجاؤ (۶)…سود نہ کھاؤ(۷)…کسی پاکدامن پر تُہمت نہ لگاؤ (۸)…جنگ سے نہ بھاگو اور (۹)…اے یہودیو! بالخصوص تم پر لازم ہے کہ ہفتہ کے دن کے بارے میں حد سے نہ بڑھو۔“یہ سن کر وہ آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ہاتھوں کو بوسہ دے کرکہنے لگے : ”ہم گواہی دیتے ہیں کہ آپ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے رسول ہیں۔“ارشاد فرمایا : ”پھر میری پیروی سے تمہیں کس چیز نے روکا ہے؟“انہوں نے کہا : ”حضرتِ سیِّدُنا داود عَلٰی نَبِیِّنَاوَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے دعاکی تھی کہ نبوت ان کی اولاد میں رہے۔(4) اور ہمیں ڈرہےکہ اگر ہم آپ کی پیروی کریں تو یہودی ہمیں قتل کر دیں گے۔“(5)

ناسمجھ لوگ

(6529)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ حضورِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”ان لوگوں کا کیا حال ہے جو مالداروں کو عزت دیتے ہیں اور نیکوں کو حقیر جانتے ہیں، قرآن کے ان احکام پر عمل کرتے ہیں جوان کی خواہش کے مطابق ہوں اور ان پر عمل نہیں کرتے جو خواہش کے مطابق نہ ہوں۔ پس اس طرح وہ بعض قرآن پرایمان لاتے اور بعض کا انکار کرتے ہیں۔ بغیر کوشش حاصل ہونے والی اَشیاء یعنی مُقرَّرہ تقدیر، یقینی موت اور تقسیم شدہ رزق کے لئے تو کوشش کرتے ہیں مگر جن کا حصول کوشش کے بغیر ممکن نہیں یعنی بھرپور بدلہ، مقبول عمل اور بےخسارہ تجارت اِن کے لئے کوشش نہیں کرتے۔“(6)

اللہ کی راہ میں جہاد کرنے والا کون

(6530)…حضرتِ سیِّدُناابوموسٰی اَشعری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہےکہ ایک اعرابی نے بارگاہِ رسالت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ میں حاضر ہوکرعرض کی : ”یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ! ایک شخص شُہرت کے لئے، ایک مالِ غنیمت کے لئے اور ایک اپنی تعریف کے لئے لڑتاہےتو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی راہ میں جہاد کرنے والا کون ہے؟“ارشاد فرمایا : ”جو کَلِمَۃُ اللہ کی بلندی کے لئے لڑے وہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی راہ میں جہاد کرنے والا ہے۔“(7)

کامل عورتیں

(6531)…حضرتِ سیِّدُناابوموسٰی اَشعری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ سرکارِ مدینہ، قرارِ قلب وسینہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : کامل مرد تو بہت ہوئے البتہ عورتوں میں کامل مریم بنتِ عمران اور فرعون کی بیوی آسیہ ہوئیں اورعائشہ کو عورتوں پر ایسی فضیلت ہے جیسے ثَرید کو تمام کھانوں پر۔(8)

ریا کارکا انجام

(6532)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہبن عَمرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہےکہ دوعالَم کے مالک ومختار، اُمت کے غمگسار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نےارشاد فرمایا : جو(شہرت کی خاطر) اپنے عمل لوگوں کو سنائے اللہ عَزَّ وَجَلَّ بروزِ قیامت اسے اپنی مخلوق کے کانوں کو سنائے گا اور اسے ذلیل اورچھوٹا کردےگا۔(9)

حضورصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم کاعطاکردہ وظیفہ

(6533)…حضرتِ سیِّدُناعلیُّ المرتضٰی کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم بیان کرتے ہیں : ایک بار نبیِّ رحمت، شَفیعِ اُمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہمارے پاس تشریف لائےاورمیرےاور فاطمہ کے درمیان بیٹھ گئے پھر ہمیں سکھایا کہ جب ہم بستر پر آجائیں تو33مرتبہسُبۡحَانَ اللہ، 33مرتبہاَلۡحَمۡدُ لِلّٰہ اور34مرتبہ اَللہُ اَکۡبَرکہیں۔ حضرتِ سیِّدُنا علیُّ المرتضٰیکَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم فرماتےہیں : ”اس کے بعدمیں نے اسے کبھی ترک نہیں کیا۔“ایک شخص نے دریافت کیا : ”جنگ صَفّین کی رات بھی نہیں؟“فرمایا : ”اس رات بھی نہیں۔“(10) (6534)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہبن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ رسولُاللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے مُردار کی کھال کےبارےمیں ارشاد فرمایا : ”اس کھال کی دباغت اس کی پَلیدی ختم کردیتی ہے۔“(11)

حضور کے اسماء

(6535)…حضرتِ سیِّدُنا ابوموسٰی اَشعری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتے ہیں کہ رسولُاللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ہمیں اپنے نام بتائے، جن میں سےہم نےکچھ یادرکھے اورکچھ یاد نہ رکھ سکے۔ ارشاد فرمایا : ”میں محمد، احمد، مُقفّٰی (راہ نُما)، حاشِر(جمع کرنے والا)، نبی ِتوبہ اور نبیِ مَلحَمہ(جہاد کرنے والا نبی)ہوں۔“(12)

کمزوروں کی دعا

(6536)…حضرتِ سیِّدُناسعد بن ابی وقاص رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہےکہ مُصْطفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”کمزورلوگوں کی دعاؤں کے سبب مسلمانوں کی مدد کی جاتی ہے۔“(13) (6537)…حضرتِ سیِّدُناعثمان بن ابوالعاصرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سےمروی ہےکہ حضور نبیِّ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے مجھ سے آخری عَہد یہ لیا : ”جب تم کسی قوم کی امامت کروتو ہلکی نماز پڑھاؤ کیونکہ ان میں بوڑھے، مریض، کمزور اور حاجت مند ہوتے ہیں۔“(14) ٭٭٭٭٭٭
1 بخاری، کتاب الزکاة، باب صلاة الامام ودعائه لصاحب الصدقة، ۱/ ۵۰۴، حدیث : ۱۴۹۷ 2 ترمذی، کتاب الدعوات، احادیث شتی، باب فی دعاء المریض، ۵/ ۳۲۹، حدیث : ۳۵۷۵ 3 مفسر شہیر حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی اس آیت کے تحت بیان فرماتے ہیں کہ اس آیت میں جن پانچ چیزوں کے علم کی خصوصیّت اللہ تبارک و تعالٰی کے ساتھ بیان فرمائی گئی انہیں کی نسبت سورۂ جن میں ارشاد ہوا” عٰلِمُ الْغَیْبِ فَلَا یُظْهِرُ عَلٰى غَیْبِهٖۤ اَحَدًاۙ(۲۶) اِلَّا مَنِ ارْتَضٰى مِنْ رَّسُوْلٍ (ترجمۂ کنز الایمان : غیب کا جاننے والا تواپنے غیب پر کسی کو مسلط نہیں کرتا سوائے اپنے پسندیدہ رسولوں کے۔ پ۲۹، الجن۲۶، ۲۷ : )“غرض یہ کہ بغیر اللہتعالٰی کے بتائے ان چیزوں کا علم کسی کو نہیں اور اللہ تعالٰی اپنے محبوبوں میں سے جسے چاہے بتائے اور اپنے پسندیدہ رسولوں کو بتانے کی خبر خود اس نے سورۂ جن میں دی ہے خلاصہ یہ کہ علمِ غیب اللہتعالٰیکے ساتھ خاص ہے اور انبیاء و اولیاء کو غیب کا علم اللہتعالٰی کی تعلیم سے بطریقِ معجِزہ و کرامت عطا ہوتا ہے، یہ اس اِختصاص کے منافی نہیں اور کثیر آیتیں اور حدیثیں اس پر دلالت کرتی ہیں، بارش کا وقت اور حمل میں کیا ہے اور کل کو کیا کرے اور کہاں مَرے گا ان امور کی خبریں بَکثرت اولیاء و انبیاء نے دی ہیں اور قرآن وحدیث سے ثابت ہیں۔ حضرت ابراہیم عَلَیْہِ السَّلَام کو فرشتوں نے حضرت اسحٰق عَلَیْہِ السَّلَام کے پیدا ہونے کی اور حضرت زکریا عَلَیْہِ السَّلَام کو حضرت یحییٰ عَلَیْہِ السَّلَام کے پیدا ہونے کی اور حضرت مریم کو حضرت عیسٰی عَلَیْہِ السَّلَام کے پیدا ہونے کی خبریں دیں تو ان فرشتوں کو بھی پہلے سے معلوم تھا کہ ان حملوں میں کیا ہے اور ان حضرات کو بھی جنہیں فرشتوں نے اِطلاعیں دیں تھیں اور ان سب کا جاننا قرآنِ کریم سے ثابت ہے تو آیت کےمعنیٰ قطعاً یہی ہیں کہ بغیر اللہتعالٰی کے بتائے کوئی نہیں جانتا ۔ اس کے یہ معنیٰ لینا کہ اللہتعالٰی کے بتانے سے بھی کوئی نہیں جانتا مَحض باطل اور صدہا آیات و احادیث کے خلاف ہے۔(خزائن العرفان ، پ۲۱، لقمٰن ، تحت الآیہ : ۳۴) 4 یہ ان کا خالص اِفتراءتھا، سارے نبیوں نے ہمارے حضور کی پیش گوئی کی۔ داؤد عَلَیْہِ السَّلَام یہ دعا کیسے مانگ سکتے تھے۔ توریت و زبور میں خبرتھی کہ محمدمصطفٰے (صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم) سارے عالَم کے نبی ہوں گے، تمام شریعتوں کے ناسخ۔(مراٰۃ المناجیح ، ۱/ ۷۷ملتقطاً) 5 ترمذی، کتاب التفسیر، باب ومن سورة بنی اسرائیل، ۵/ ۹۶، حدیث : ۳۱۵۵ 6 معجم کبیر، ۱۰/ ۱۹۳، حدیث : ۱۰۴۳۲ 7 بخاری، کتاب فرض الخمس، باب من قاتل للمغنم ھل ینقص من اجرہ؟، ۲/ ۳۵۰، حدیث : ۳۱۲۶ 8 بخاری، کتاب فضائل اصحاب النبی، باب فضل عائشة رضی اللّٰہ عنھا، ۲/ ۵۵۱، حدیث : ۳۷۶۹ 9 مسند امام احمد، مسند عبد اللّٰہ بن عمرو بن العاص، ۲/ ۶۶۶، حدیث : ۷۰۰۵ 10 دارمی، کتاب الاستئذان.، باب فی التسبیح عند النوم، ۲/ ۳۷۷، حدیث : ۲۶۸۵ 11 مسند امام احمد، مسند عبد اللّٰہ بن العباس، ۱/ ۵۱۰، حدیث : ۲۱۱۷ 12 مسلم، کتاب الفضائل، باب فی اسمائہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم، ص۱۲۸۱، حدیث : ۲۳۵۵ مسندامام احمد، مسندالکوفیین، حدیث ابی موسی الاشعری، ۷/ ۱۴۹، حدیث : ۱۹۶۴۰ 13 بخاری، کتاب الجھاد، باب من استعان بالضعفاء ا لخ، ۲/ ۲۸۰، حدیث : ۲۸۹۶، مفھوما 14 مسلم، کتاب الصلاة، باب امر الائمة بتخفیف الصلاةفی تمام، ص۲۴۴، حدیث : ۴۶۸

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن