my page 10
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

ALLAH Walon ki Batain Jild 5 | اللہ والوں کی باتیں جلد ۵

book_icon
اللہ والوں کی باتیں جلد ۵
            

سیِّدُنا سلیمان اعمش رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی مرویات

تابعین عظام کی ایک جماعت آپ سے احادیث روایت کرتی ہے ان میں حضرتِ سیِّدُنا سُليمان تيمی، حضرتِ سیِّدُنامحمدبن جُحادہ اورحضرتِ سیِّدُنااَبان بن تَغْلِب رَحِمَہُمُ اللہُ تَعَالٰی وغيرہم شامل ہیں۔

صحابی رسول کی نماز

(6337)…حضرتِ سیِّدُناامام اعمش رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرتِ سیِّدُناانس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کو مسجدِ حرام میں نماز پڑھتے دیکھا، جب آپ رکوع سےسراٹھاتےتو کمر سیدھی کر لیتے حتّٰی کہ آپ کا پیٹ برابر ہوجاتا۔ (6338)…حضرتِ سیِّدُناامام اَعمشرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہفرماتے ہیں کہ میں نے حضرتِ سیِّدُنا انس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کو نماز پڑھتے ہوئےدیکھاہے۔

گناہ جھڑ نے کا نسخہ

(6339)…حضرتِ سیِّدُناانس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتےہیں کہ میں مُصْطفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ساتھ سفر میں تھا، آپ خشک پتوں والے ایک درخت کےپاس تشریف لائے اور اپنے دستِ مبارک میں موجود لاٹھی اس پر ماری تو اس کے پتے جھڑنے لگے، پھر ارشاد فرمایا : ”سُبۡحَانَ اللهِ وَالۡحَمۡدُ لِلهِ وَلَا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَاللهُ اَكۡبَر“(یہ کلمات)گناہوں کو اس درخت کے پتوں کی طرح جھاڑدیتے ہیں۔(1)

ہلاکت کے اسباب

(6340)…حضرتِ سیِّدُناانس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ مُعَلِّمِ کائنات، شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”مالک کے لئے ہلاکت ہے غلام کی وجہ سے، غلام کے لئے ہلاکت ہے مالک کی وجہ سے، طاقتور کے لئے ہلاکت ہے کمزور کی وجہ سے، کمزور کے لئے ہلاکت ہے طاقتور کی وجہ سے، مال دار کے لئے ہلاکت ہے فقیر کی وجہ سے اور فقیر کے لئے مال دار کی وجہ سے ہلاکت ہے۔“(2)

نور کے 70پردے

(6341)…حضرتِ سیِّدُناانس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ صاحب معراج صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے جبریل امین سے فرمایا : ”تم نےرب عَزَّ وَجَلَّ کو دیکھا ہے؟“انہوں نے عرض کی : ”میرے اور رب عَزَّ وَجَلَّ کے درمیان نور کے 70پردے ہیں، اگر میں ان کے ذرا بھی نزدیک ہوا تو جَل جاؤں گا۔“(3) (6342)…حضرتِ سیِّدُناانس بن مالک رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ روایت کرتے ہیں کہ ایک صحابی رسول کا انتقال ہوگیا۔ کسی نے کہا : ”تمہیں جنت کی خوشخبری ہو۔“سرور ِ کائنات، شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”کیا تمہیں نہیں معلوم! شاید اس نے فضول گوئی کی ہو یا کسی چیز میں بخل کیا ہو جس نے اسے کچھ نفع نہ دیا(4)۔“(5)

جہنمی کتے

(6343)…(الف)حضرتِ سیِّدُناابن ابی اوفیٰرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے بیان کیا کہ میں نے خارجیوں(6) کے متعلق سرور کائنات، شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو فرماتے سنا : ”یہ جہنم کے کتے ہیں۔“(7) (6343)…(ب)حضرتِ سیِّدُناابن ابی اوفیٰرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے رویت ہے کہ نبیوں کے سردار، دوعالَم کے مالک ومختار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”خارجی جہنم کے کتے ہیں۔“(8)

شرک کے سوا ہرگناہ کی معافی

(6344)…حضرتِ سیِّدُناابوذرغفاریرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ روایت کرتے ہیں کہ مُصْطفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے کہ جو ایک نیکی کرے تو اس کے لئے اس جیسی دس یا اس سے بھی زیادہ ہیں اور جو ایک گناہ کرے تو برائی کا بدلہ اس کے برابر ہی ہے یا اسے بخش دوں گا اور جو زمین بھر گناہ کرلے پھر میری بارگاہ میں اس طرح آئے کہ اس نے کسی کو میرا شریک نہ ٹھہرایا ہو تو میں اس کے ساتھ اتنی ہی بخشش کا معاملہ کروں گا۔(9)

مستقبل کی خبر

(6345)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے محبوب، دانائے غیوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”عنقریب تم میرے بعد (حکمرانوں کی)ناجائز ترجیح اور ایسے معاملات دیکھو گے جن کی تمہیں خبر نہ ہوگی۔“ہم نے عرض کی : ”یارسولَ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ! آپ ہمیں کیا حکم ارشاد فرماتے ہیں؟“ ارشاد فرمایا : ” اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے ان کا جو حق رکھا ہے وہ اُنہیں دےدینا اور اپنے حق کا سوال اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے کرنا۔“(10)

ہر بات لکھی جاتی ہے

(6346)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہےکہ خلق کے رہبر، محبوب ربِّ اکبر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : جب دونوں محافظ فرشتے(یعنی کراماً کاتبین) کسی بندے یا بندی کے پاس (اعمال لکھنے) آتے ہیں تو ان کے پاس مُہر لگی کتاب ہوتی ہے۔ بندہ یا بندی جو گفتگو کرتے ہیں وہ لکھ لیتے ہیں۔ جب وہ اٹھنے کا ارادہ کرتے ہیں تو ایک فرشتہ دوسرے سے کہتا ہے : مہر لگی کتاب کھولو جو تمہارے پاس ہے۔ وہ اسے کھولتا ہے تو اس میں وہی کچھ لکھا ہوتا ہے جو انہوں نے لکھا ہوتا ہے۔ اس فرمانِ عالی کا یہی مطلب ہے : مَا یَلْفِظُ مِنْ قَوْلٍ اِلَّا لَدَیْهِ رَقِیْبٌ عَتِیْدٌ(۱۸) (پ۲۶، قٓ : ۱۸) ترجمۂ کنز الایمان : کوئی بات وہ زبان سے نہیں نکالتا کہ اس کے پاس ایک محافظ تیار نہ بیٹھا ہو۔(11)

اُمَّتی کسی نبی سے افضل نہیں

(6347)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ نبیوں کے سلطان، رحمت عالمیان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ” کسی کے لئے یہ کہنا مناسب نہیں کہ میں یونس بن متی عَلَیْہِ السَّلَام سے افضل ہوں۔(12)“(13)

بیٹی کی اچھی تربیت

(6348)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہبن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ حضورِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”جس کی بیٹی ہو، وہ اسے اچھے طریقے سے ادب سکھائے، اچھی تعلیم دے اور اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی دی گئی نعمتیں اُس پر خرچ کرے تو یہ بیٹی اس کےلئےآگ سےآڑ اور رُکاوٹ بن جائے گی۔“(14)

دعائے مصطفٰے

(6349)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہےکہ نبیِّ پاک، صاحب ِلولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ایک شخص کو رُخصت کرتے ہوئے یوں دعادی : ” اللہ عَزَّ وَجَلَّ پرہیزگاری کو تمہارا رفیق سفر بنائے، تمہارے گناہ بخش دے اور تمہیں بھلائی نصیب کرے۔“(15) (6350)…حضرتِ سیِّدُناحذیفہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ دوجہاں کے مالک ومختار صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”حَرِیر(خالص ریشم) اور دِیباج(جس میں ریشم زیادہ ہو) نہ پہنو اور سونے چاندی کے برتنوں میں نہ پیو کیونکہ یہ دنیا میں کافروں کے لئے ہیں اور آخرت میں تمہارے لئے۔“(16)

مومن کی پہچان

(6351)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ حضور نبیِّ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”مومن طعنہ باز، لعنت کرنے، فحش گوئی اور بےحیائی کی بات کرنے والا نہیں ہوتا۔“(17)

جنتی جوانوں کے سردار

(6352)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہسے مروی ہے کہ نبیوں کے سلطان، رحمت عالمیان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”حسن و حسین جنتی جوانوں کے سردار ہیں۔“(18) (6353)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ مُصْطفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”علی کے چہرے کی طرف دیکھناعبادت ہے۔“(19) (6354)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ پیارے آقا، مدینے والے مصطفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”سخی کی غلطی سے درگزر کرو کیونکہ جب وہ لغزش کرتا ہے تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کا ہاتھ تھام لیتا (یعنی اسے ہلاکت سے بچا لیتا)ہے۔“(20)

مومن اور کافرکا وقت نزع

(6355)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ حضورنبیِّ پاک، صاحبِ لولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”مومن کی روح پسینے کی طرح نکلتی ہے اور کافر کی روح گدھے کی سانس کی طرح نکلتی ہے، مومن برائی کرتاہے تو نزع کے وقت اس پرسختی کی جاتی ہے تاکہ برائی کا کفارہ ہو جائے اور کافر کوئی اچھا عمل کرتا ہے تو نَزع کے وقت اس پر آسانی کی جاتی ہے تاکہ اس کے اچھے عمل کا بدلہ ادا کردیا جائے۔“(21)

شانِ خاتونِ جنت

(6356)…حضرتِ سیِّدُناعبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتےہیں کہ حضرتِ سیِّدَتُنا فاطمۃ الزہرا رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا پر شادی والے دن کی صبح (حیا کی وجہ سے)لرزہ طاری تھا۔حضورِ اکرم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ان سے ارشاد فرمایا : تمہارا شوہر دنیا میں سردار ہے اور آخرت میں مُقَرَّبین میں سے ہے۔ اے فاطمہ! اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے جب علی سے تمہارا نکاح کرنےکا ارادہ فرمایا تو جبرئیل امین کو چوتھے آسمان پر کھڑے ہونے کا حکم دیا، ملائکہ نے صفیں بنالیں پھر جبریل امین نے ان کے سامنے (نکاح کا) خطبہ پڑھا پھر میں نے تمہارا نکاح علی سے کردیا۔ پھر اللہ عَزَّ وَجَلَّ نے جنتی درختوں کو حکم دیا تو انہوں نے زیور اور جوڑے اٹھالئے پھر دوبارہ حکم دیا تو انہوں نے وہ زیور اور جوڑے ملائکہ پر نچھاور کردئیے پس جس نے زیادہ حاصل کیاوہ قیامت تک اس پر فخر کرے گا۔ حضرتِ سیِّدَتُنااُم سَلَمہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا فرماتی ہیں کہ حضرت فاطمہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا دیگر عورتوں پر فخر کیا کرتی تھیں کیونکہ وہ واحد خاتون ہیں جن کے نکاح کا خطبہ حضرت جبریل عَلَیْہِ السَّلَام نے پڑھایا تھا۔(22)

بد ترین لوگ

(6357)…حضرتِ سیِّدُناابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشادفرمایا : ”بدترین لوگ دو منہ والے ہیں۔“(23)حضرتِ سیِّدُناامام اعمش رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں : اس سے مراد وہ شخص ہے جو ایک کے سامنے کچھ کہے اور دوسرے کے سامنے کچھ اور۔

شیطان کو رُلانے والا عمل

(6358)…حضرتِ سیِّدُناابوہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ رسولُاللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : جب ابنِ آدم آیتِ سجدہ پڑھ کر سجدہ کرتا ہے(24) تو شیطان روتا ہوا دور ہَٹ جاتا ہے اور کہتا ہے : ہائے میری خرابی! ابنِ آدم کو سجدے کا حکم ہوا تو وہ سجدہ کر کے جنتی ہو گیا اور مجھے سجدے کا حکم ہوا تو میں انکار کر کے جہنمی ہو گیا۔(25)

شکرالٰہی پر ابھارنے والا عمل

(6359)…حضرتِ سیِّدُناابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت ہے کہ معلّمِ کائنات، شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”اپنے سے ادنیٰ کو دیکھو کیونکہ یہ عمل اس بات پر اُبھارتا ہے کہ تم اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی نعمت کی ناقدری نہ کرو۔“(26)

بُرے ا شعار کی مذمت

(6360)…حضرتِ سیِّدُناابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ نبیِّ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”تم میں سے کسی کے پیٹ کا پیپ سے بھرجانا اس میں (بُرے)اشعار بھرے ہونے سے بہتر ہے۔“(27) (6361)…حضرتِ سیِّدُناابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ روایت کرتے ہیں کہ مُصْطفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا : ”جب کوئی بندہ اچھی طرح وضو کرے پھر نماز کے لئے جائے، اس کے علاوہ کوئی غرض نہ ہو تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے ہر قدم کے بدلے ایک درجہ بلند فرمائےگااورایک گناہ مٹائےگا۔“(28) ٭٭٭٭٭٭
1 ترمذی، کتاب الدعوات، باب : ۹۷، ۵/ ۳۱۵، حدیث : ۳۵۴۴، بتقدم وتاخر 2 مسندابی یعلی، مسند انس بن مالک، ۳/۳۷۴، حدیث : ۳۹۹۶ 3 معجم اوسط، ۵/ ۶، حدیث : ۶۴۰۷ 4 مطلب یہ ہے کہ فوری جنتی ہو­نے کا فیصلہ کسی کے لئے نہیں کیا جاسکتا ممکن ہے کہ اس شخص نے بےکار بات کی ہو یا مال یا علم میں بخل کیا ہو اس کے حساب میں گرفتار ہو جنت کا داخلہ اس کے حساب سے فراغت کے بعد میسر ہو۔(مراٰۃ المناجیح ، ۶/ ۴۶۶) 5 ترمذی، کتاب الزھد، باب : ۱۱، ۴/ ۱۴۲، حدیث : ۲۳۲۳، ”ینفعہ“ بدلہ ”ینقصہ“ 6 وہ گمراہ فرقہ جوجنگِ صفَّین کے موقع پرامیرالمؤمنین حضرت سیِّدُناعلیُّ المرتضٰیکَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم کا اس وجہ سے مخالف ہو گیا تھا کہ انہوں نے حضرت سیِّدُناامیرمعاویہرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہسے جنگ بندی کے لیے ثالثی قبول کر لی تھی۔ 7 مسند امام احمد، مسند الکوفیین، بقية حدیث عبد الله بن ابی اوفی، ۷/ ۵۱، حدیث : ۱۹۱۵۲ 8 ابن ماجہ، المقدمة، باب فی ذکر الخوارج، ۱/ ۱۱۲، حدیث : ۱۷۳ 9 مسند امام احمد، مسند الانصار، حدیث ابی ذر الغفاری، ۸/ ۸۳، حدیث : ۲۱۴۱۸ 10 بخاری، کتاب الفتن، باب قول النبی ” سترون بعدی امورْا تنکرونھا“، ۴/ ۴۲۹، حدیث : ۷۰۵۲ 11 تفسیرقرطبی، پ۲۶، سورة قٓ، تحت الاٰية : ۱۸، ۹/ ۱۰ 12 بخاری، کتاب احادیث الانبیاء، باب ان قارون کان من قوم موسی، ۲/ ۴۴۶، حدیث : ۳۴۱۶ 13 یعنی کوئی اپنے کو حضرت یونس عَلَیْہِ السَّلَام سے افضل نہ کہے کیونکہ کوئی ولی خواہ کسی درجے کا ہو نبی کی گرد قدم کو نہیں پہنچ سکتا، نبی کی شان تو بڑی ہے۔ تمام جہان کے اولیا مل کر صحابی کے درجہ کو نہیں پہنچتے اور اگر ”میں“سے مراد حضور صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ مجھے دوسرے نبیوں پر ایسی بزرگی نہ دو جس سے دوسرے نبی کی توہین ہو جائے یا جس سے لڑائی جھگڑے کی نوبت آئے یا نفس نبوت میں ترجیح نہ دو کہ کسی کو اصلی نبی مانو کسی کو ظِلّی، بُروزی عارضی نبی لہٰذا یہ حدیث نہ تو اس آیت کے خلاف ہے کہ” تِلْكَ الرُّسُلُ فَضَّلْنَا بَعْضَهُمْ عَلٰى بَعْضٍۘ (پ۳، البقرة : ۲۵۳ ، یہ رسول ہیں کہ ہم نے ان میں ایک کو دوسرے پر افضل کیا۔)“اور نہ اس حدیث کے خلاف کہ اَنَا سَیِّدُوَلَدِ آدَم(یعنی میں اولاد ِآدم کا سردار ہوں) اپنی طرف سے گھڑ کر مسائل بیان نہ کرو، جو افضلیت قرآن یا حدیث سے ثابت ہو وہ بیان کرو۔ (ماخوذ از مراٰۃ المناجیح، ۷/ ۵۷۶، ۵۷۸بتقدم وتاخر) 14 معجم کبیر، ۱۰/ ۱۹۷، حدیث : ۱۰۴۴۷ 15 معجم اوسط، ۱/ ۲۹۰، حدیث : ۱۰۲۷عن ابن عمر 16 بخاری، کتاب الاشربة، باب الشرب فی اٰنية الذھب، ۳/ ۵۹۳، حدیث : ۵۶۳۲ 17 ترمذی، کتاب البروالصلة، باب ماجاء فی اللعنة، ۳/ ۳۹۳، حدیث : ۱۹۸۴ 18 ترمذی، کتاب المناقب، باب مناقب ابی محمد الحسن بن علی...الخ، ۵/۴۲۶، حدیث : ۳۷۹۳ 19 معجم کبیر، ۱۰/ ۷۶، حدیث : ۱۰۰۰۶ 20 معجم اوسط، ۱/ ۳۳۱، حدیث : ۱۱۹۹ 21 معجم کبیر، ۱۰/ ۷۹، حدیث : ۱۰۰۱۵ 22 تاریخ ابن عساکر، ۴۲/ ۱۲۸، الرقم : ۴۹۳۳، علی بن ابی طالب 23 بخاری، کتاب الادب، باب ماقیل فی ذی الوجھین، ۴/ ۱۱۵، حدیث : ۶۰۵۸ 24 سجدہ تلاوت اور اس کے احکام جاننے کے لئے دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ بہارشریعت، جلد1، حصہ4، صفحہ726تا739 نیزشیخ طریقت، امیراہلسنّت، بانِیِ دعوت اسلامی حضرت علامہ مولاناابوبلال محمدالیاس عطّاؔر قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہکے رسالے”تلاوت کی فضیلت“ کا مطالعہ فرمالیجئے۔ 25 مسلم، کتاب الایمان، باب بیان اطلاق اسم الکفرعلی من ترک الصلاة، ص۵۶، حدیث : ۸۱ 26 ترمذی، کتاب صفة القيامة، باب : ۵۸، ۴/ ۲۳۰، حدیث : ۲۵۲۱ 27 بخاری، کتاب الادب، باب مایکرہ ان یکون الغالب علی الانسان...الخ، ۴/ ۱۴۲، حدیث : ۶۱۵۴عن ابن عمر 28 مسلم، کتاب المساجد، باب فضل صلاة الجماعة وانتظار الصلاة، ص۳۳۳، حدیث : ۶۴۹

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن