30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
المدینۃ العلمیۃ Research Center Islamic
مولانا ناصر جمال عطاری مدنی
اسلامی تعلیمات عام کرنےوالا علمی،تحقیقی اورتصنیفی ادارہ
عالمِ اسلام کی عظیم تحریک دعوتِ اسلامی اپنی ابتداء سے اب تک اسلامی تعلیمات کے ذریعے اصلاح ِمعاشرہ میں مصروف ہے ، دعوتِ اسلامی نے ان کوششوں کو کامیابی سے ہم کنا ر کرنے کے لئے میدانِ تحقیق و تصنیف وترجمہ میں اُتر نے کی ضرورت محسوس کی چنانچہ 1422 ھ مطابق2001ء کو جامعۃُ المدینۃ گلستان جوہر(کراچی ، پاکستان ) میں ادارۂ تصنیف و تالیف وتراجم و تحقیق المدینۃُ العلمیۃ (Research Center Islamic )قائم کیا گیا۔
امیراہل سنّت،بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کی خواہش کے مطابق المدینۃُ العلمیۃ نے ابتداءً اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ کے رسائل کو دورِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق شائع کرنے کا بیڑا اُٹھایا جس میں خاطر خواہ کامیابی ملی۔ پھر جمادی الاولیٰ 1424ھ/جولائی2003ء میں اس ادارے کی نشأۃِ ثانیہ ہوئی اور اِسے جامعۃُ المدینۃ گلستانِ جوہر سے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پرانی سبزی منڈی منتقل کردیاگیا تاکہ دعوتِ اسلامی کی طرف سے اس ادارے کو پُرسکون ماحول اور ہر طر ح کی ممکنہ سہولیات مہیا کی جائیں۔ اب یہ 15 وسیع کمروں اوربہترین لائبریری پر مشتمل ہے،شعبہ جات کے ہرکمرے میں اوسطا9کمپیوٹرمہیاکیے گئے ہیں،جب کبھی دینی و دنیوی شخصیات یہاں آتی ہیں تو المدینۃُ العلمیۃ کی تزئین وآرائش اورخوب صورت طرزِ تعمیر دیکھ کر حیرت اور خوشی کا اظہار کرتی ہیں۔
امیر اہل ِ سنّت مدظلہ العالی کی طرف سے نیکی کی دعوت،اِحیائے سنّت اور اِشاعتِ علم شریعت کا عزم پیشِ نظر رکھ کر یہ ٹاسک بھی دیا گیاکہ درسِ نظامی کی کتابیں تحقیقی اور دیدہ زیب انداز میں شائع کی جائیں، مبلغین و مبلغات کے لئے اسلامی تعلیمات پر مشتمل آسان زبان میں مضامین،کتابیں اور رسالے وغیرہ لکھے جائیں تاکہ وہ اپنی علمی و عملی کیفیت بہتر بناسکیں اور اِن کے ذریعے بیانات کرسکیں۔ اِن مقاصد کے حصول کے لئے شروع میں چھ(6)شعبے قائم ہوئے:(1)شعبۂ کتبِ اعلیٰ حضرت (2)شعبۂ درسی کتب (3)شعبۂ اصلاحی کتب (4)شعبہ ٔ تراجم کتب (5)شعبۂ تفتیش کتب اور(6)شعبۂ تخریج۔
امیراہل سنت کی شفقت وتربیت:امیراہلسنت علامہ محمدالیاس عطارقادری صاحب خود بہترین مصنف ومؤلف اور نعت گو شاعر ہیں،آپ کی تحریریں مایوسی کےاندھیروں کو دُور کرکےاُمید کے چراغ روشن کرتی ،علم و حکمت کے موتی عطاکرتی اور عملی میدان میں ایسامؤثر کردارادا کرنے پر اُبھارتی ہیں جو دنیوی ترقی کے ساتھ اُخروی نجات کا بھی سبب بن سکے۔ آپ کی کتابیں اور رسالے اعلیٰ تعلیم یافتہ حضرات کے لئےبحث و تحقیق اورعلم و ادب کاقیمتی خزانہ اور کم پڑھے لکھے افراد کےلئے ہدایت و رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اِن دونوں طبقوں کے ذوق اور قابلیت کو یوں پیش ِنظر رکھ کر لکھنا آپ کو دنیا بھر کے مصنفین میں ممتاز کرتا ہے، آپ اپنی اِس صلاحیت کو منتقل کرنے کے لئے المدینۃُ العلمیۃ پر خصوصی شفقت فرماتے ہیں اور اپنے تحریری پیغامات، ملفوظات اور تربیتی نشستوں کے ذریعے اپنے تجربات سے نوازتےرہتے ہیں۔
ادارےکی خدمات وثمرات: امیر اہل سنّت مدظلہ العالیٰ کی شفقت وعنایت ،تربیت اور عطاکردہ اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا نتیجہ ہے کہ المدینۃُ العلمیۃ کراچی کےساتھ ایک شاخ فیصل آباد میں بھی قائم ہے اوردونوں شاخوں میں 118افراد کاعملہ تصنیف و تالیف یا ترجمہ و تحقیق یا معاونت میں مصروف ہے نیزفروری2021ء تک المدینۃُ العلمیۃ کے شعبوں کی تعداد23 ہوچکی ہے اور 622کتب ورسائل پر کام مکمل ہوچکا ہے، 30 کتب و رسائل پر کام جاری ہے۔ المدینۃُ العلمیۃ کے کتب و رسائل کی تین سال(2017تا2019 ء)کی کارکردگی کے مطابق ایک کروڑ 80لاکھ سے زائد فروخت اور نواسی لاکھ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ ہوچکی ہیں جس سےیہ بخوبی واضح ہوجاتا ہے کہ اس ادارے کے علمی و تحقیقی لٹریچر كو خواص کے ساتھ عوامی پذیرائی بھی حاصل ہے۔ اَلْحَمْدُلله حمدًاکثیرًا
المدینۃ العلمیۃ Research Center Islamic کے اغراض ومقاصداورمنشور
(1)باصلاحیت علمائے کرام کو تحقیق ، تصنیف و تالیف اورترجمہ کا پلیٹ فارم مہیا کرنا اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا۔
(2)پیغام ِقرآن عام کرنے کے لئے قرآنی تعلیمات کو عصری تقاضوں کے مطابق منظر عام پر لانا۔
(3)افادۂ خواص وعوام کے لئے علومِ حدیث اور بالخصوص شرحِ حدیث پر مشتمل کتب تحریر کرنا۔
(4)سیرتِ نبوی،عہدِنبوی ،قوانینِ نبوی،طبِ نبوی وغیرہ سے عوام کو روشناس کرنے کے لئے نظم ونثر کی صورت میں کتابیں اور رسالے شائع کرنا۔
(5)انبیائےکرا م، اہل بیت وصحابہ وصحابیات کرام، اولیا وصالحاتِ کرام اور علمائے کرام کے حالاتِ زندگی پر ایسے کتب و رسائل شائع کرنا جواُن کی حیات و خدمات کو عام طبقے تک پہنچا سکیں اور اُن میں عمل کا جذبہ اُبھاریں۔
(6)وہ عربی کتابیں جو عوام و خواص دونوں کے لئے مفید ہیں اُن کا اولاً اردوترجمہ کیا جائے پھر اُس کی برکتیں عام کرنے کے لئے مجلسِ تراجم (Translation Department) کی مدد سے دنیا کی دیگر زبانوں میں منتقل کیا جائے ۔
(7)بزرگوں کے کتب و رسائل جدید منہج و اسلوب کے مطابق منظر عام پر لانا بالخصوص غیرمطبوعہ عربی مخطوطات کو دورجدید سے ہم آہنگ تحقیقی منہج پر شائع کرنا۔
(8)مبلغین و مبلغات اور نیکی کی دعوت کا جذبہ رکھنے والوں کو مستند مواد فراہم کرنا تاکہ وہ اپنے بیانات اور انفرادی کوشش کے ذریعے اسلامی تعلیمات عام کرسکیں۔
(9)ایسی کتابوں،انسائیکلوپیڈیا،لغات وغیرہ کی اشاعت جو مصنفین ومحققین اور کالم نویس وغیرہ کےلئے مدد گارثابت ہوں۔
(10)ایسے لٹریچر کی اشاعت جواسلام کی نظریاتی سرحدوں اور دین و ایمان کا محافظ ثابت ہو۔
(11)ایسے لٹریچر کی تیاری جو دنیا وآخرت میں ناکام ہونے سے بچا سکے۔
(12)ایسے لٹریچر کی فراہمی جونئی نسل کے دل و دماغ میں اسلام کی حقانیت اُتا ردے تاکہ جدید و قدیم باطل نظریے اور اِدھراُدھر کی ہوائیں اُسے سیدھے راستے سے ہٹا نہ سکیں اور باعمل مسلمان اورکامیاب شہری بنانے میں مدد فراہم کرسکے۔
(13)ایسے لٹریچر کی اشاعت جس كے ذریعے والدین، سرپرست اور اساتذہ کی رہنمائی ہو اور وہ اندازِ تربیت کے درست طریقے بھی سیکھ سکیں۔
(14)دینی ودنیاوی تعلیمی اداروں کے طلباء کو مستند صحت مند مواد کی فراہمی۔
منشور کی تکمیل کے لئے کوشاں ڈپارٹس
(1)شعبہ فیضانِ قرآن (The Holy Quran Department)
شعبہ فیضانِ قرآن کا مقصد آسان اور عام فہم انداز میں قرآنی تعلیمات لوگوں تک پہنچانا اور اسے عام کرنا ہے۔ اس شعبے کے تحت اب تک دو عظیمُ الشّان کاوشیں منظرِ عام پر آچکی ہیں جن میں سے ایک اردو تفسیر بنام ” صراطُ الجِنان فی تفسیرِ القرآن (10جلدیں)“ اور دوسری قرآنِ کریم کا لفظی ترجمہ بنام ” معرفۃ ُالقرآن فی ترجمۃِ القرآن (6جلدیں)“ہےجس میں آیات کے عنوانات اور مختصر حواشی بھی شامل کئے گئے ہیں۔
(2)شعبہ فیضانِ حدیث(Hadith Department)
شعبہ فیضانِ حدیث قائم کرنےکا مقصداحادیث کی جامع انداز میں اُردوشرح کرنا ہے تاکہ علماء کے ساتھ ساتھ عوام بھی اِس نہایت ہی علمی وقیمتی خزانے سے مالامال ہوسکیں۔ شعبہ فیضانِ حدیث کے تحت ریاض ُالصالحین کی دس جلدوں پر مشتمل شرح ’’ انوارُالمتقین شرح ریاضُ الصالحین المعروف فیضانِ ریاضُ الصالحین(10جلدیں)‘‘ کامنصوبہ تکمیل کے قریب ہےنیز اس شعبے کے تحت صحیح بخاری کی شرح کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔
(3)شعبہ فقہ(Fiqh Department)
شعبہ فقہ کا مقصد اپنی تمام تَرصلاحیتیں بروئے کار لاکر شرعی احکام کو آسان انداز میں عوام تک پہنچانا ہے، اس شعبے کی طرف سے تسہیل وتخریج کے ساتھ بہارِشریعت، عشرکے احکام اور فیضان زکوٰۃ وغیرہ کتابیں منظر عام پرآچکی ہیں۔ فی الوقت شعبہ فقۂ حنفی(کراچی) شعبہ دار الافتاء اہل ِ سنّت کی معاونت کرتے ہوئے”فتاویٰ اہلِ سنّت“ کو کئی جلدوں میں مدوّن کرنے میں مصروف ہے اور شعبہ فقۂ شافعی (فیصل آباد) بھی عبادات سے متعلق آسان کتاب منظر عام پر لانے کے لئے کوشاں ہے۔
(4)شعبہ سیرتِ مصطفےٰ(Seerat-e-Mustafa Department)
شعبہ سیرتِ مصطفےٰ کامقصدسیرتِ نبوی،عہدِنبوی، قوانینِ نبوی، طبِ نبوی وغیرہ جیسے اہم پہلوؤں کو آسان تحریر اور جدید تحقیقات کے ساتھ منظر ِ عام پر لانا ہے۔ فی الوقت اسکول کالجز اور عام قارئین کے لئے سیرت پر مشتمل مختصر کتاب ”آخری نبی کی پیاری سیرت “شائع ہوچکی ہے جسے دل چسپ ترین بنانے کےلئے جغرافیائی نقشے اور تصاویر وغیرہ سے مزین کیا گیا ہے۔
(5)شعبہ فیضانِ صحابہ و اہل بیت(Sahaba and Ahl e Bayt Department)
شعبہ فیضانِ صحابہ و اہل بیت کا مقصد احوالِ صحابہ و اہلِ بیت کو منظر عام پر لانا ہے،اب تک اس شعبے کی 13 کتب منظر عام پر آچکی ہیں ، مزید3 کتابیں تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔
(6)شعبہ فیضانِ صحابیات و صالحات(Sahabiyat and Salihaat Department)
شعبہ فیضانِ صحابیات و صالحات کا مقصدخواتین کے لئے علمی و اصلاحی مواد فراہم کرنا، صحابیات وصالحات کی مقدس سیرتوں کو ممکنہ حد تک اُجاگر کرنا اور موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق انہیں منظرِ عام پر لانا ہے۔ اس شعبے کے تحت13 رسائل منظر عام پر آچکے ہیں۔
(7)شعبہ فیضان اولیاء وعلما(Department for Biography of Pious predecessors)
شعبہ فیضانِ اولیاء وعلما کا مقصد انعام یافتہ بندوں کے شب و روز اور معمولاتِ زندگی کو کتب و رسائل کی صورت میں پیش کرنا ہے تاکہ ہم اپنےماضی سے روشنی لے کرحال کی تاریکی کو دو ر کریں اور مستقبل کے لئے بہتر سے بہتر منصوبہ بندی کرسکیں۔ اس شعبے کے تحت19 رسائل منظر عام پر آچکے ہیں اور مزید 3رسائل پر کام جاری ہے۔
(8)شعبہ کتب اعلیٰ حضرت(A’la Hadrat Books Department)
اس شعبے کا مقصد امام احمد رضا خان قادری رحمۃ اللہ علیہ کی اردو تصانیف عام قارئین کے لئے حتَّی االمقدور آسان کرکے جدیدمنہج و اسلوب کےمطابق پیش کرناہے تاکہ ہرایک بحرِرضا سے سیراب ہوسکے نیز امام اہل ِ سنت کی عربی کتب کوعصر حاضر کے بین الاقوامی معیار کے مطابق تحقیق وتخریج کے ساتھ جدید انداز میں شائع کرناہے تاکہ دنیا بھر کے علما و مفتیانِ کرام محققین واسکالرز بھی بہتر طور پر مستفیض ہوسکیں۔ اب تک اس شعبے کی جدالممتار(7جلدیں)سمیت 32کتب و رسائل منظر عام پر آچکےہیں۔
(9)شعبہ تخریج(Referencing & Annotation Department)
شعبہ تخریج کا مقصد بزرگوں کے علمی کارناموں کو دورِ جدید کے تحقیقی اوراعلیٰ اشاعتی معیار کے ساتھ منظر عام پر لانا ہے۔ اس شعبے کے ذریعے اب تک 29کتابیں اور رسائل منظر عام پر آچکے ہیں ۔
(10)شعبہ درسی کتب(Islamic Studies Curriculum Department)
شعبہ درسی کتب کا مقصد درسِ نظامی کی جملہ کتب پر شروحات وحواشی کی صورت میں ایسے مفید نکات مہیا کرنا ہے جوکتاب کے مشکل وپیچیدہ مقامات حل کرنے، طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنےاورمتعلقہ فن میں ان کی علمی استعداد بڑھانے میں معاون کا کردار ادا کریں۔اس شعبے کے ذریعے53 کتب منظرِ عام آچکی ہیں۔
(11)شعبہ اصلاحی کتب(Reformatory Books Department)
شعبہ اصلاحی کتب کا مقصد قرآن وحدیث اور بزرگانِ دین کی کتب سے اِصلاح کے انمول موتیوں کو چُن کر کتابی صورت میں پیش کرناہے۔ اس شعبے کی اب تک 53 کتب و رسائل منظر ِ عام پر آچکے ہیں۔
(12)شعبہ ہفتہ وار رسالہ(Weekly Booklet Department)
شعبہ ہفتہ وار رسالہ کا مقصد ایسے مختصر رسائل فراہم کرنا ہے جواللہپاک ،رسولِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اور بندوں کے حقوق سے آگاہ کرے ،انسان کی فکر کو پختہ اور تجربے میں اضافہ کرے،گفتگو کو پُر دلیل بنا نے میں مدد دے اوراچھائیاں اپنانے اور برائیاں چھوڑنے میں معاون ثابت ہو۔اس شعبے کے اب تک183 رسائل منظر ِعام پر آچکے ہیں ،اِن تمام رسائل کی تعدادِ اشاعت (اوسطاً 30ہزارچھپنے کے اعتبار سے)54لاکھ 90ہزار بنتی ہے جب کہ ڈاؤن لوڈ کرنے والوں کی تعداد اس کے علاوہ ہے۔
(13)شعبہ بیاناتِ دعوتِ اسلامی(Islamic Speeches Department)
اس شعبے کے قیام کا مقصد مبلغین و مبلغات کو ہفتہ وار اجتماعات کے لئےمقررہ موضوعات پر مستند اور اصلاحی مواد سے مزین تحریری بیان فراہم کرنا ہے۔ اس شعبے کی اب تک 7کتابیں تالیف ہوچکی ہیں ۔مزید کتب پر کام جاری ہے۔
(14)شعبہ تراجم کتب(Books Translation Department)
شعبہ تراجم کتب کا مقصد بزرگانِ دین کی اصلاحِ اعمال پر لکھی گئی کتب و رسائل کودورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق زیورِ ترجمہ سے آراستہ کرنا ہے۔ یہ شعبہ 30 سے زائد کتب کا مستند،آسان اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ترجمہ کرچکا ہے،ان میں حلیۃ ُالاولیاء بنام”اللہ والوں کی باتیں“اور احیاءُ العلوم کا ترجمہ شامل ہیں۔
(15)شعبہ فیضانِ امیر اہل ِ سنّت(Ameer-e-Ahl-e-Sunnat Department)
شعبہ فیضانِ امیراہلِ سنّت کا مقصد علامہ محمد الیاس عطارقادری دامت برکاتہم العالیہ کی حیات و خدمات،بیانات وملفوظات اور شب وروز کو تحریری صورت میں محفوظ کرنا ہےتاکہ اِس تاریخ ساز شخصیت کے شب و روز سے رہتی دنیا تک عوام و خواص مستفید ہوسکیں۔ اب تک اس شعبے کے100سے زائد کتب ورسائل منظر عام پر آچکے ہیں۔
(16)ماہنامہ فیضان مدینہ(Monthly Magazine Faizan-e-Madinah)
ماہنامہ فیضان مدینہ کامقصد اسلامی آداب و احکام،معاشرت، معیشت و تجارت وغیرہ سے متعلق دل چسپ مضامین کی اشاعت ہے۔ یہ ماہنامہ اردو کے ساتھ ہندی، گجراتی اور انگریزی میں بھی شائع ہوتا ہے۔ ربیعُ الآخر 1438ھ تاربیعُ الآخر 1442ھ تک اس کے 50 شمارے شائع ہوچکے ہیں۔ ربیعُ الآخر 1438ھ تاربیعُ الاول1441تک تین سالہ کارکردگی کے مطابق900سے زائد مضامین کم و بیش دوہزارچارسو بارہ) (2,412صفحات پر پھیلے ہوئے ہیں، اس کے 35ایڈیشن کی کم وبیش 22لاکھ88ہزار کاپیاں شائع ہوچکی ہیں۔ سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع، ویب سائٹ، فیس بک وغیرہ کے ذریعے بھی بےشمار لوگ اس کوپڑھتے ہیں،علاوہ ازیں اس کی ڈیجیٹل کاپی(PDF) بھی لوگوں کی بہت بڑی تعداد کے پاس پہنچتی ہے۔
(17)شعبہ دینی کاموں کی تحریرات ورسائل(Department for religious writings and booklets)
اس شعبے کے قیام کا مقصد ایسے لٹریچر کی فراہمی ہے جو دعوتِ اسلامی کے ذمہ داران کی دینی کاموں میں مدد کرے اور مسائل کو حل کے طریقے مہیا کرے ۔
(18)دعوتِ اسلامی کے شب و روز(Online News of Dawat-e-Islami)
دعوتِ اسلامی کے شب وروز کامقصد اپنی ویب سائٹ کے ذریعے دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے دینی کاموں سے آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ عوام وخواص اِس کارِ خیر میں حصہ لیں نیز اس ویب سائٹ پر موجوددینی معلومات پر مشتمل کالمز اور دیگر تحریروں کی مدد سے اپنی معلومات بھی بڑھاسکیں۔اس ویب سائٹ کو ماہانہ پچاس ہزار سے زائد لوگ وزٹ کرتے ہیں۔
(19)شعبہ بچوں کی دنیا(Children Literature Department)
اس شعبے کا مقصد آسان زبان اور دل چسپ و خوب صورت انداز میں بچوں کے لئے کہانیاں وغیرہ فراہم کرنا ہے۔ اس شعبے کی 31کہانیاں اور 82کتابیں ترتیب وتالیف کے مرحلے میں ہیں۔
(20)شعبہ رسائل دعوتِ اسلامی(Islamic Booklets Department)
شعبہ رسائلِ دعوتِ اسلامی کا مقصد نگرانِ شوریٰ ابوحامد حاجی عمران عطاری کے بیانات کوتخریج اور ترمیم و اضافے کے بعد تحریری صورت میں پیش کرنا ہے ،اس شعبے کےاب تک32رسائل شائع ہوچکے ہیں ۔
(21)شعبہ گرافکس ڈیزائننگ(Graphics and Designing Department)
یہ شعبہ المدینۃُ العلمیۃ کی کتب و رسائل کی تزئین و آرائش کا کام سرانجام دیتا ہے۔
(22)شعبہ رابطہ برائے مصنفین ومحققین(Department for Coordination with Authors and Researchers)
یہ شعبہ مصنفین و محققین تک المدینۃُ العلمیۃ کی کتب پہنچانے اور اُن کےتحریری تاثرات لینے پرمامور ہے۔
(23)انتظامی امور(Administration Department)
۞ لائبریری(Library)
یہ شعبہ المدینۃُالعلمیۃ کی لائبریری میں موجود ہزاروں قیمتی کتابوں اور مخطوطوں کی حفاظت و ریکارڈ، نئی کتب کی خریداری وغیرہ جیسے اہم امور انجام دیتا ہے۔ لائبریری میں ملکی و بین الاقوامی اشاعتی اداروں کی 13ہزار ایک سوپانچ (13،105) کتب موجودہیں اور ضرورت کے مطابق ماہانہ کی بنیاد پر نئی کتابیں منگوانے کا سلسلہ بھی رہتا ہے۔
۞ شعبہ کمپوزنگ و اسکیننگ(Composing and Scanning Department)
یہ شعبہ آڈیو،وڈیو اور کتابوں کے منتخب اقتباسات وغیرہ کو کمپوز کرنے پر مامور ہے۔
۞ شعبہ ٹیکنیکل معاونت(Computer Maintenance Department)
یہ شعبہ کمپیوٹر اور اُس سے متعلقہ اُمور میں آنے والی خرابیوں کو دور کرنے اور نیٹ ورکنگ کے پورے سسٹم کو درست رکھنے پر مامور ہے ۔
۞ شعبہ اسٹاف مینجمنٹ (Staff Management Department)
المدینۃ ُالعلمیۃ کی صفائی ستھرائی اورسہولیات فراہم کرنے پر مامور ہے۔
۞ شعبہ کارکردگی(Performance Management Department)
یہ شعبہ ادارے کی روزانہ، ماہانہ اور سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے اور اُسے تحریری صورت میں مرتب کرنے پر مامور ہے۔
تصنیف وتالیف اور ترجمہ وغیرہ کے پراسس
ہماری تقریباً ہرکتاب اِن پراسس سے گزر کرآپ تک پہنچتی ہے:
(1)ریسرچ کےپراسس:•کام کی پلاننگ•ٹاپک پر ریسرچ•بنیادی خاکےکی تیاری •سرچنگ سافٹ ویئرز کا استعمال •مواد (Content)جمع کرنا •قدیم ترین مستند کتابوں سے استفادہ
(2)تحریروترتیب کے پراسس:•مواد (Content)کی ترتیب•عنوانات اور ابواب کے تحت تقسیم •مضامین ِقرآن وحدیث کا اضافہ •قرآن وحدیث کی آسان تفہیم •حذف و اضافہ•مفید معلومات سے مزین کرنا
(3)تخریج وتسہیل کے پراسس:•نقل شدہ عبارات کا ریفرنس •تحریر کو سلیس اور آسان بنانا•مشکل الفاظ پر اعراب لگانا •آیات کے مطالب تفاسیر سے حل کرنا •فقہی مسائل کی وضاحت کرنا•زبان و بیان کےقواعدکاخاطرخواہ لحاظ•نقل شدہ عبارات کا تقابل
(4) کوالٹی چیکنگ اورریویوپراسس:•مواد کے ادبی،معیاری،مستند،قابلِ استفادہ اور دعوتِ اسلامی کی پالیسی کے مطابق ہونےکے اعتبار سے•شرعی معیارپر پورا اُترنے کے اعتبار سے •ہر طرح کی غلطیوں کے ازالے کے اعتبار سے
(5)فائنل مراحل:•پروف ریڈنگ •مضامین وماخذ کی فہرستیں •فارمیشن، ڈیزائننگ
مستقبل کے عزائم
(1)کورسز کا آغاز:ایسے کورسزجن کے ذریعے لکھنے کاذوق رکھنے والوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کا اہتمام کیاجائے اور اُنہیں میدانِ تصنیف و تالیف کا شہسوار بنایاجاسکے۔
(2)اہل ِ قلم سے روابط:نامورمصنفین ،محققین ،صحافیوں اور بین الاقوامی اشاعتی اداروں سے رابطہ کرکےاِس کارِ خیر میں اُن کو بھی شریک کیا جائے گا اور اُن کے تجربات سے فائدہ اُٹھایا جائے گا۔
(3)تحریری مقابلے:ملکی اور بین الاقوامی سطح پرتحریری مقابلے کروائے جائیں تاکہ نوآموز قلم کار سامنے آئیں اور پختہ قلم کاروں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
(4)فیڈبیک کا حصول:دنیابھرکی مشہوروبااثرشخصیات اورملک و بیرون ملک کی لائبریریز تک المدینۃُالعلمیۃ (Islamic Research Center)کی کتب پہنچائی جائیں، اُن سے فیڈ بیک لینے کی بھرکوشش بھی کی جائے اور تجاویز وآراء کی روشنی میں خامیوں کی اصلاح کی جائے اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے خوبیوں کی اشاعت کی جائے۔
(5)نئے ماہناموں کا آغاز: خواتین،بچوں،تاجروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے لئے الگ الگ ماہناموں کاآغاز کیا جائے گا ۔
(6)کوالٹی کنٹرول سروس: المدینۃ العلمیۃ (Islamic Research Center)میں ایک ایسا ڈپارٹمنٹ قائم کیا جائے جو دنیا بھر میں شائع ہونے والی کتابوں پرحتَّی المقدور نظر رکھے اور غیرمستند مواد کی نشان دہی کرے ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع