30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اَمیرِ اہلِ سنَّت کی دُعائیں(مختصر و ترمیم شُدہ)
صحرائے مدینہ ، مدینۃ الاولیا ملتان شریف :
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
یاربَّ الْمُصْطفے ٰ ...!یاربَّ الانبیا...!یاربَّ الصَّحابہ...! یاربَّ التَّابعین ...! یاربَّ الْاولیا...!اے ہمارے امامِ اعظم ابوحنیفہ کے ربّ...!اے ہمارے امام شافعی کے ربّ...!اے ہمارے امام احمد بن حنبل کے ربّ...!اے ہمارے امام مالک کے ربّ...!اے ہمارے غوثُ الاعظم کے مالک...!اے ہمارے غریب نواز کو نوازنے والے ...! اے ہمارے داتا علی ہجویری کے مولا...! اے ہمارے بہاءالدین زکریا ملتانی کے ربُّ العالمین...!اے ہمارے شاہ رکنِ عالم کے ربِّ لَمْ یَزَلْ...!اے اولیائے کرام کے پروردگار ...!اے ہم گناہ گاروں کو بخشنے والے ...!اے مریضوں کو شفا دینے والے ...!اے بے کسوں کی دستگیری فرمانے والے ...!اے ڈُوبتوں کو نکالنے والے ...!اے گرتوں کو سنبھالنے والے ...!اے ساری کائنات کو پالنے والے ...! اے ہم ذلیلوں کے سروں پر عزت کا تاج سجانے والے ...!
تیرے گناہ گار، سیاہ کار بندوں نے تیری بارگاہ سے رحمت کی بھیک لینے کے لئے گناہوں سے بھرے ہاتھ دراز کر دیئے ہیں... اے مولا! ہم اعتراف کرتے ہیں کہ گناہوں سے ہم نے زمین کو بھر دیا ہے ... اے اللہ!ہمارے اعمال نامے کی سیاہی رات کے اندھیرے کو شرما رہی ہے ... اے مولا ! نامۂ اعمال میں دور دور تک کوئی نیکی نظر نہیں آتی... نماز ادا کربھی لیں تو ظاہری باطنی آداب سے یکسر خالی ہوتی ہے ... اے مولا! روزہ رکھا بھی تو دن بھر گناہوں سے کنارہ نہ کیا...اگر تیری راہ میں خرچ بھی کیا تو اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !اخلاص کا دور دور تک کوئی پتا نہیں... لیکن مولائے کریم! تو ہمارے دلوں کے بھید جانتا ہے ، ہمارا تیرے ساتھ یہ حُسنِ ظن ہے کہ تو ہماری ضرور بخشش کر دے گا... اے اللہ! عمر بھر تیرے محبوب تجھ سے ہماری مغفرت کا سوال کرتے رہے ... معراج کی سعادت حاصل ہوئی ، جب بھی ہمیں نہ بھولے ...اپنی قبرِ منور میں بھی ہمیں یاد فرما رہے ہیں ([1])اور محشر میں بھی محبوب ہمیں یاد رکھیں گے ...کبھی پلِ صراط کے پاس سجدے میں گر کر رَبِّ سَلِّمْ اُمَّتِیْ ، رَبِّ سَلِّمْ اُمَّتِیْ ([2]) یعنی ” مولا! میری امت کو سلامتی سے گزار “ کی دعا کر رہے ہوں گے ...کبھی میزانِ عمل پر تشریف لائیں گے اور اپنے کرم سے ہم گناہ گاروں کے نیکیوں کے ہلکے پلے کو بھاری بنا رہے ہوں گے ۔ حوضِ کوثر پر اپنے گناہ گار امتیوں کو بھر بھر کر جام پلا رہے ہوں گے ...اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !تیرے محبوب کی یہی خواہش ہے کہ ہم تکلیف میں نہ پڑیں، ہمارا مشقت میں پڑنا رسولِ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم پر گراں گزرتا ہے ، اے اللہ! محبوب کی خاطر ہماری مغفرت کر دے ... اِلٰہُ العَالَمِیْن ! ہم پر جہنم کی آگ ٹھنڈی کر دے ۔
خدائے غفار بخش دے اب، لاجِ محبوب رکھ ہی لے اب
ہمارا غم خوار فکر ِ امت میں دیکھ آنسو بہا رہا ہے
یا اِلٰہَ العلمین! ہماری کمزوری اور ناتوانی تجھ پر آشکار ہے ، اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !گرم موسم میں دوپہر کی دھوپ ہم سے برداشت نہیں ہوتی تو مولائے کریم!جہنم کی آگ کیونکر برداشت ہوسکے گی...اے اللہ ! اگر ایئر کنڈیشنڈ روم میں نرم نرم گدیلے پر بھی کوئی مچھر ہمیں کاٹ لے تو ہم بے چین ہوجاتے ہیں تو اے اللہ ! اندھیری قبر میں بچھوکے ڈنک کیسے برداشت کریں گے ۔
ڈنک مچھر کا بھی مجھ سے تو سہا جاتا نہیں قبر میں بچھوکے ڈنک کیسے سہوں گا یاربّ
گر تو ناراض ہوا تو میری ہلاکت ہوگی ہائے میں نارِ جہنم میں جلوں گا یاربّ
عفْو کر اور سدا کے لیے راضی ہوجا گر کرم ہوگا تو جنت میں رہوں گا یاربّ
گر تیرے پیارے کا جلوہ نہ رہا پیشِ نظر سختیاں نزع کی کیوں کر میں سہوں گا یاربّ
نزع کے وقت مجھے جلوۂ محبوب دِکھا تیرا کیا جائے گا میں شاد مروں گا یاربّ
اے ربِّ بے نیاز!تیرے بے کس و عاجز بندے تیری بارگاہ میں اپنی عاجزی اور نیاز مندی کا اعتراف کرتے ہیں ۔ اے اللہ!تیرے آگے کون کیا چھپاسکتا ہے ...یا اللہ! تُو تو دِلوں کے بھید سے واقف ہے ...اے مولا !ہم تو اقبالِ جُرم کر رہے ہیں، دنیا کا دستور ہے کہ اقبالِ جُرم کرنے والے کو سزا سنادی جاتی ہے لیکن تیری رحمت کا دستور نرالہ ہے ، جو تیرے دربار میں گناہوں کا اعتراف کر کے شرمسار ہو جائے ، اس پر تیری رحمت جوش میں آجاتی ہے ... اے اللہ عَزَّوَجَلَّ !تیرے محبو ب نے یہ بھی تیرا ارشاد ہم تک پہنچایا کہ تو فرماتا ہے ’’ سَبَقَتْ رَحْمَتِيْ غَضَبِيْ یعنی میری رحمت میرے غضب پر حاوی ہے ۔ ‘‘ ([3]) تو اے اللہ!ہم اعتراف کرتے ہیں کہ ہم نے کام تیرے قہر و غضب کو اُبھارنے والے کیے ہیں مگر تیری رحمت تیرے غضب پر حاوی ہے ...اے مولا! تجھ سے تیرے قہر و غضب سے امان چاہتے ہیں ۔ ہمیں اپنے قہرو غضب سے محفوظ کر دے ...ہم پر اپنی رحمت کی چادر اڑھا دے ... محبوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کے طفیل ہماری، ہمارے ماں باپ کی اور تمام مسلمانوں کی مغفرت فرما...
سَبَقَتْ رَحْمَتِيْ عَلٰی غَضَبِيْ تو نے جب سے سنا دیا یارب
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع