میٹھے میٹھے اِسلامی بھائیو! دینِ اِسلام کی اِشاعت و تَرویج کے لئے کس قدَر مَصائب وآلام برداشت کئے گئے ، اسلام کے عظیم مبلغین نے تَن من دَھن سب راہِ خدا میں قربان کر دیا !آج بھی اگر مَدَنی قافلے میں سفر پر جاتے ، اِنفرادی کوشِش فرماتے ، سنّتیں سیکھتے سکھاتے یا سُنَّتوں پر عَمَل کرتے کراتے ہوئے اگر مشکلات کا سامنا ہو تو ہمیں عاشقِ اکبر سیِّدُنا صدِّیقِ اَکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کے حالات و واقِعات کو پیشِ نظر رکھ کر اپنے لئے تسلِّی کا سامان مُہَیّا کر کے مَدَنی کام مزید تیز کر دینا چاہئے اور دِین کے لئے تَن مَن دَھن نثار کر دینے کا جذبہ اپنے اندر اُجاگر کرنا چاہئے جیسا کہ عاشقِ اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ آخِری دم تک اِخلاص اور اِستِقامت کے ساتھ دینِ اِسلام کی خدمت سَراَنجام دیتے رہے ، راہِ خدا میں جان کی بازی لگا دی مگر پائے اِستِقلال میں ذرّہ بَرابَر بھی لغزِش نہ آئی ، دینِ اِسلام قبول کرنے کی پاداش میں جوصَحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوان مظلومانہ زندَگی بَسَر کر رہے تھے آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اُن کے لئے رَحمت وشفقت کے دریابہا دیئے۔اور بارگاہِ ربُّ العُلٰی عَزَّوَجَلَّ سے آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے صاحِبِ تقویٰ کا لقب پایا اور خدمتِ دِینِ خُدااور اُلفتِ مصطَفٰے میں مال خرچ کرنے پر سلطانِ دوجہاں ، رحمتِ عالمیان صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم نے بھی آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی تعریف وتَوصِیف بَیان فرمائی ۔
’’فتاوٰی رضویہ ‘‘ جلد28 صَفْحَہ509پرہے: امیرُ المؤمنین حضرتِ سیِّدُنا ابوبکر صِدِّیق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے 7(غلاموں کوخرید کراُن) کو آزاد کیا ، اِن سب ( غلاموں ) پر اللہُ عَزَّوَجَلَّ کی راہ میں ظُلْم توڑا جاتا تھا اور اِنہیں (صدِّیقِ اکبر)کے لئے یہ آیت اُتری:
وَ سَیُجَنَّبُهَا الْاَتْقَىۙ(۱۷) (پ۳۰ ، اللیل: ۱۷)
ترجَمۂ کنز الایمان:اور بَہُت اُس (دوزخ) سے دُور رکھا جائے گا جو سب سے بڑا پرہیزگار۔
صَفْحَہ 512 پر امام فخرالدین رازی عَلَیْہِ رَحمَۃُاللہِ الباقی کے حوالے سے ہے: ہم سُنّیوں کے مُفسِّرِین کا اِس پر اِجماع ہے کہ’’اَتْقٰی‘‘ سے مراد حضرتِ( سیِّدُنا ) ابوبکر رضی اللہ تعالٰی عنہ ہیں ۔ (فتاوٰی رضویہ)
قَصْرِ پاکِ خِلافت کے رُکنِ رکیں شاہِ قوسَین کے نائبِ اوّلیں
یارِ غار شَہَنشاہِ دُنیا و دیں اَصدَقُ الصَّادِقِیْں سَیِّدُ المُتَّقِیں
چشم وگوشِ وَزارت پہ لاکھوں سلام
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تَعَالٰی علٰی مُحَمَّد
مُشیرِ رسولِ انور ، عاشقِ شَہنشاہِ بحرو بر حضر تِ سیِّدُنا صِدِّیقِ اَکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں مجھے تین چیزیں پسند ہیں :اَلنَّظْرُ اِلَیْکَ وَاِنْفَاقُ مَالِیْ عَلَیْکَ وَالْجُلُوْسُ بَیْنَ یَدَیْکَ یعنی (۱)آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم کے چہرۂ پُراَنوار کا دیدارکرتے رہنا(۲) آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم پر اپنامال خرچ کرنا اور(۳) آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم کی بارگاہ میں حاضِر رہنا۔(تفسیر روح البیان ج۶ص۲۶۴)
مرے تو آپ ہی سب کچھ ہیں رحمتِ عالَم میں جی رہا ہوں زمانے میں آپ ہی کے لئے
تمہاری یاد کو کیسے نہ زندَگی سمجھوں یہی تو ایک سہارا ہے زندَگی کے لئے
اللہ داوَر عَزَّوَجَلَّ نے حضرتِ سیِّدُنا صِدِّیقِ اَکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی یہ تینوں خواہشیں حُبِّ رسولِ انور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم کے صدقے پوری فرما دیں (1) آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کو سَفَر وحَضَر میں رَفاقت ِ حبیب صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم نصیب رہی ، یہاں تک کہ غارِ ثور کی تنہائی میں آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کے سوا کوئی اور زِیارت سے مُشَرَّف ہونے والا نہ تھا (2) اِسی طرح مالی قربانی کی سعادت اِس کثرت سے نصیب ہوئی کہ اپنا سارا مال وسامان سرکارِ دو جہاں صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم کے قدموں پرقربان کر دیا اور(3) مزارِ پُر اَنوار میں بھی اپنی دائمی رَفاقت وقُربت عنایت فرمائی۔
محمد ہے متاعِ عالَمِ اِیجاد سے پیارا
پِدر مادرسے مال و جان سے اَولاد سے پیارا
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تَعَالٰی علٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! عاشِقِ اَکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کے عشق ومحبت بھرے واقِعات ہمارے لئے مَشعلِ راہ ہیں۔ راہِ عشق میں عاشِق اپنی ذات کی پرواہ نہیں کرتابلکہ اُس کی دِلی تمنّایہی ہوتی ہے کہ رضائے محبوب کی خاطر اپنا سب کچھ لُٹادے۔کاش!ہمارے اندر بھی ایسا جذبۂ صادِقہ پیدا ہوجائے کہ خدا و مصطَفٰے کی رضا کی خاطِراپنا سب کچھ قربان کر دیں۔ ؎
جان دی دی ہوئی اُسی کی تھی
حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا
افسوس! صد کروڑ افسوس! اب مسلمانوں کی اکثریت کی حالت یہ ہو چکی ہے کہ عشق و مَحَبَّت کے کھوکھلے دعوے اور جان ومال لُٹانے کے محض نعرے لگاتے ہیں ظاہری حالت دیکھ کر ایسا لگتا ہے گویا اِن کے نزدیک دُنیا کی قَدر (عزّت) اِس قَدَر بڑھ گئی ہے کہ معاذَاللہ اسلامی اَقدار کی کوئی پرواہ نہیں رہی ، نبیِّ رَحمت ، غمگُسارِ اُمَّت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم کی آنکھوں کی ٹھنڈ ک (یعنی نماز) کی پابندی کا کچھ لحاظ نہیں ، غیروں کی نقّالی میں اِس قَدَرمَحوِیَّت کہ اِتِّباعِ سنّت کا بالکل خیال نہیں۔ اللہُ داوَر عَزَّوَجَلَّ ہمیں عاشقِ اکبر حضرتِ سیِّدُنا صِدّیقِ اکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ کے صَدقے ولولۂ عشق ومَحَبَّت اور جذبۂ اِتِّباعِ سنّت عنایت فرمائے۔
امین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم
تو انگریزی فیشن سے ہر دم بچا کر مجھے سنّتوں پر چلا یاالٰہی!
غمِ مصطفی دے غمِ مصطفی دے ہو دردِمدینہ عطا یاالہٰی!
(وسائلِ بخشش )
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تَعَالٰی علٰی مُحَمَّد
غزوۂ تَبُوک کے موقَع پرنبیِّ کریم ، رء ُوفٌ رَّحیم عَلَیْہِ اَفْضَلُ الصَّلٰوۃِ وَالتَّسْلِیْم نے اپنی اُمّت کے اَغنیا(یعنی مالداروں ) اور اَربابِ ثَروَت (یعنی دولتمندوں )کو حکم دیا کہ وہ اللہُ ربُّ العِباد عَزَّوَجَلَّ کے راستے میں جہاد کے لئے مالی اِمداد میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیں تاکہ مجاہدینِ اِسلام کے لئے خُورد ونوش (یعنی کھانے پینے) اور سواریوں کااِنتِظام کیا جا سکے۔ محبوبِ رَحمن ، شاہِ کون ومکان صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم کے اِس فرمانِ رغبت نشان کی تعمیل کرتے ہوئے جس ہستی نے راہِ خدا عَزَّوَجَلَّ کے لئے اپنی ساری دولت بارگاہِ رِسالت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم میں پیش کی وہ صَحابی اِبنِ صَحابی ، عاشقِ اکبر حضرتِ سیِّدُنا صِدِّیقِ اَکبر رضی اللہ تعالٰی عنہ تھے ، آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے گھر کا سارا مال وَمتاع آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم کے قدَ موں میں ڈھیر کر دیا۔ نبیِّ مختار ، دوعالَم کے تاجدار ، شَہَنشاہِ اَبرار صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہ ٖ وسلَّم نے اپنے یارِغار کے اِ س اِیثار کو دیکھ کر استِفسارفرمایا: کیا اپنے گھر بار کے لئے بھی کچھ چھوڑا؟ بَصَد اَدَب واحترام عَرض گزار ہوئے: ’’ ان کے لیے میں اللہ اور اُس کے رسول کو چھوڑ آیا ہوں۔‘‘ (مطلب یہ ہے کہ میرے اور میرے اہل وعیال کے لیے اللہ و رسول کافی ہیں)
(سبل الھدٰی والرشاد فی سیرۃ خیر العباد ، ج۵ص۴۳۵)
شاعر نے اِس جذبۂ جاں نثاری کو یوں نَظَم کیا ہے:
اِ تنے میں وہ رفیقِ نُبُوَّت بھی آگیا جس سے بِنائے عشق ومحبت ہے اُستُوار
لے آیا اپنے ساتھ وہ مردِ وَفا سَرِشت ہر چیز جس سے چشْمِ جہاں میں ہو اِعتبار
بولے حُضور ، چاہیے فکرِ عِیال بھی کہنے لگا وہ عشق و مَحَبَّت کا راز دار
اے تجھ سے دِیدۂ مَہ واَنجُم فَروغ گِیر اے تیری ذات باعثِ تکوینِ رُوزگار
پروانے کو چَراغ تو بُلبل کو پھول بس
صِدّیق کے لیے ہے خدا کا رَسول بس
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تَعَالٰی علٰی مُحَمَّد