30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!کتنے ہی کام ایسے ہیں جو ہم روزانہ اور بار بار کرتے ہیں مثلاً کپڑے پہننا، چلنا پھرنا، سونا جاگنا ، کھانا کھانا وغیرہ ، ذرا سوچئے !اگر ہم ان کاموں کو سنت کے مطابق کریں تو ہمیں سنت پر عمل کا ثواب بھی ملے گا اور ہمارے کام بھی مکمل ہوجائیں گے ۔ تاجدارِ رسالت ، شَہَنْشاہِ نُبُوَّت ، مصطَفٰے جانِ رحمت، شمعِ بزمِ ہدایت ، نوشۂ بزمِ جنّتصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمانِ جنّت نشان ہے : جس نے میری سنّت سے مَحَبَّت کی اُس نے مجھ سے مَحَبَّت کی اور جس نے مجھ سیمَحَبَّت کی وہ جنّت میں میرے ساتھ ہو گا ۔ (مِشْکاۃُ الْمَصابِیح ، ج۱ ص۵۵ حدیث۱۷۵)
شیخِ طریقت امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ ’’نیکی کی دعوت ‘‘کے صفحہ 113پرلکھتے ہیں : جب بھی کسی سنّت وغیرہ پر عمل کرنے کا موقع ہو اُس وَقْت دل میں نیّت حاضِر ہونی ضَروری ہے۔ مَثَلاًکپڑے پہنتے وَقت پہلے سیدھی آستین میں ہاتھ ڈالا، یا اُتارتے وَقت اُلٹی آستین سے پَہَل کی، اِسی طرح جوتے پہننے اُتارنے میں حسبِ عادت یِہی ترکیب بنی یہ سب سنّتیں ہیں مگر عمل کرتے وَقت سُنَّت پر عمل کی بِالکل ہی نیّت دل میں نہیں تھی تو یہ عمل’’عبادت‘‘ نہیں ، ’’ عادت‘‘ کہلائے گا سنَّت کاثواب نہیں ملے گا۔ دعوتِ اسلامی کے ماتحت چلنے والے ’’دارُالافتاء اہلسنَّت‘‘ کا نیّت کیمُتَعَلِّق ایک معلوماتی فتویٰ مُلاحَظہ فرمایئے : بے شک بِغیر نیّت کے کسی عملِ خیر کاثواب نہیں ملتا بلکہ اس طرح یہ(بِلا نیّت کی جانے والی) عبادَتیں ’’عادَتیں ‘‘ بن جا تی ہیں ۔ کسی عملِ خیر میں نیَّت کا مطلب یہ ہے کہ جوعمل کیا جا رہاہے دل اس کی طرف مُتَوَجِّہ ہو اور وہ عمل اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رِضا کے لئے کیاجارہا ہو، اس نیَّت سے عبادت اورعادت میں فرق کرنا مقصود ہوتا ہے ۔اس سے پتا چلا کہ دل کا مُتَوَجِّہ ہونا اوراللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کی رِضا پیشِ نظر ہونا ہی نیَّت ہے اور اِسی سے عبادت اور عادت میں فرق ہوتا ہے لہٰذا اگر عبادت میں نیّت کرلی جائے تو ثواب ملتا ہے اور اگر نیَّت نہ کی جائے تو عمل عادت بن جاتا ہے اور اس پر ثواب بھی نہیں ملتا جیسا کہ حضرت علّامہ علی قاری علیہ رحمۃُ اللّٰہِ الباری فرماتے ہیں : اَلنِّیَّۃُ لُغَۃً : اَلْقَصْدُ وَشَرْعاً تَوَجُّہُ الْقَلْبِ نَحْوَالْفِعْلِ اِبْتِغَائً لِوَجْہِ اللّٰہِ وَالْقَصْدُ بِھَا تَمْیِیْزُالْعِبَادَۃِ عَنِ الْعَادَۃِ۔ یعنی نیّت کے لُغوی معنیٰ ہیں : ’’قصدوارادہ‘‘ اورشرعی معنیٰ ہیں : جو عمل کرنے لگے ہیں ، دل کو اُس کی طرف مُتَوَجِّہ کرنا اور وہ عمل اللہ عَزَّ وَجَلَّکی رِضا کے لئے کیاجا رہا ہو اور نیَّت سے’’ عبادت ‘‘ اور ’’ عادت‘‘ میں فرق کرنا مقصود ہوتا ہے۔ (مِرقاۃُ المفاتیح ، ج ۱، ص۹۴) لیکن اس کے ساتھ یہ یاد رہے کہ بَہُت سے اَعمال ایسے ہیں کہ جن میں ہم محسوس کرتے ہیں کہ یہ محض عادت کے طور پر کر رہے ہیں حالانکہ اِس میں بھی ’’عبادت کی نیَّت‘‘ موجود ہوتی ہے اور اس کا اِحساس اِس لئے کم ہوتا ہے کہ ابتِداء ًیا بطور ِ خاص جس قَدَر توجُّہ دی جاتی ہے وہ بارہا عمل کرنے کی وجہ سے برقرار نہیں رہتی ۔ ہاں اگر اَصلاً (یعنی بِالکل )ہی نیَّت کچھ نہ ہو تو اُس پر واقِعی کوئی ثواب نہیں ۔وَاللّٰہُ تَعالٰی وَرَسُولُہٗ اَعلَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ
حضرتِ سیِّدُنا عبدا لوہّاب شَعرانی قُدِّسَ سرُّہُ النُّورانی نَقْل کرتے ہیں : ایک بار حضرت ِسیِّدنا ابو بکر شبلی بغدادیعلیہ رحمۃُ اللّٰہِ الہادی کو وُضو کے وَقت مِسواک کی ضَرورت ہوئی، تلاش کی مگر نہ ملی، لہٰذا ایک دِینار (یعنی ایک سونے کی اشرفی) میں مِسواک خرید کر استعمال فرمائی۔ بعض لوگوں نے کہا : یہ تو آپ نے بَہُت زیادہ خرچ کر ڈالا! کہیں اتنی مہنگی بھی مِسواک لی جاتی ہے؟ فرمایا : بیشک یہ دنیا اور اس کی تمام چیزیں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّکے نزدیک مچھّر کے پر برابر بھی حیثیَّت نہیں رکھتیں ، اگر بروزِ قِیامت اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ نے مجھ سے یہ پوچھ لیا کہ ’’ تو نے میرے پیارے حبیب کی سنّت (مِسواک) کیوں تَرْک کی؟ جو مال و دولت میں نے تجھے دیاتھااُس کی حقیقت تو(میرے نزدیک) مچھر کے پَر برابر بھی نہیں تھی ، تو آخر ایسی حقیر دولت اِس عظیم سنّت ( مِسواک) کو حاصل کرنے پر کیوں خرچ نہیں کی؟‘‘تو کیا جواب دوں گا !(مُلَخَّص ازلواقح الانوار ص ۳۸)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! دیکھا آپ نے کہ ہمارے اَسلاف سُنتوں سے کِس قَدر پیار کرتے تھے! حضرتِ سَیِّدُنا ابوبکر شبلی (رحمۃ اللّٰہ تعالٰی علیہ) نے ایک دِینار (یعنی سونے کی اشرفی) پیارے آقا صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سُنت مِسواک پر قُربان کردیا اورآہ ! آج ہم اپنے آپ کو اگرچہ بڑھ چڑھ کر عاشقِ رسول کہلواتے ہیں مگر حال یہ ہے کہ ہم میں سنّتوں پر عمل کا کوئی جذبہ نہیں ہوتا ۔
مَدَنی اِنعامات اور سنتوں پر عمل
امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے عطا کردہ ’’مَدَنی اِنعامات‘‘ میں سنّتوں پر عمل کے بارے میں بھی سوالات شامل ہیں ، چنانچہ دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی اِدارے مکتبۃ المدینہ کے مطبوعہ 30صفحات پر مشتمل رسالے’’72 مَدَنی اِنعامات‘‘ کے صفحہ5پر مَدَنی اِنعام نمبر11 ہے : ’’کیا آج آپ نے سنت کے مطابق بیٹھ کر مع پردے میں پردہ ، کھانے پینے کے دوران مٹی کے برتن استعمال فرمائے ؟ نیز پیٹ کا قفل مدینہ لگانے (یعنی بھوک سے کم کھانے )کی کوشش فرمائی؟ (زہے نصیب ! روزانہ کم از کم ۱۲ منٹ پیٹ پر پتھر باندھنے کی سعادت نصیب ہو جائے)اور صفحہ 7پر مَدَنی اِنعام نمبر17ہے : کیا آج آپ نے (پلاسٹک کی نہیں )کَھجوری چٹائی پر یا نہ ہونے کی صورت میں زمین پر سوتے وَقْت سرھانے (اور سفر میں بھی )سنت کے مطابق آئینہ ، سرمہ ، کنگھا ، سوئی دھاگہ، مسواک، تیل کی شیشی اور قینچی ساتھ رکھی ؟ نیز فراغت کے بعد بستر اور لباس تہہ کرکے رکھا؟‘‘اور صفحہ 16پر مَدَنی اِنعام نمبر50ہے : ’’کیا آج آپ کاسار ا دن (نوکری یا دکان وغیر ہ پر نیز گھر کے اندر بھی )عمامہ شریف (اور تیل لگانے کی صورت میں سربندبھی) زُلفیں (اگر بڑھتی ہوتو) ایک مُشْت داڑھی سنت کے مطابق آدھی پنڈلی تک (سفید) کرتا سامنے جیب میں نمایا ں مِسواک اور ٹخنوں سے اونچے پائینچے رکھنے کا معمول رہا ؟‘‘
طرح طرح کی ہزاروں سنّتیں سیکھنے کیلئے مکتبۃُ المدینہ کے مطبوعہ ’’101مَدَنی پھول‘‘، ’’163مَدَنی پھول ‘‘، ’’بہارِ شریعت‘‘ حصّہ16 (312صفحات ) نیز120صَفَحات کی کتاب’’ سنّتیں اور آداب‘‘ ھدِیّۃً حاصِل کیجئے اور پڑھئے۔ سنّتوں کی تربیت کا ایک بہترین ذَرِیعہ دعوتِ اسلامی کے مَدَنی قافِلوں میں عاشِقانِ رسول کے ساتھ سنّتوں بھرا سفر بھی ہے۔
سنّت کے مطابِق میں ہر اک کام کروں کاش
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع