30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مشہور محدِّث،مفتی احمد یار خان رحمۃُ اللہ علیہ اس حدیثِ پاک کی شرح میں فرماتے ہیں: اس سے بھی اِمامت کی فضیلت معلوم ہو رہی ہے کہ امام مؤذن سے افضل ہے کیونکہ مغفرت سے ہدایت اعلیٰ ہے یعنی یا اللہ !اماموں کو نَماز کے مسائل سیکھنے اور صحیح ادا کرنے کی ہِدایت دے کہ ان کی نَماز سے بہت سی نَمازیں وابستہ ہیں اور مُؤَذِّن کبھی وَقْت میں دھوکا بھی کھا سکتا ہے اسے بخش دے۔(1)
ایمان والوں کی خوبی
اللہ پاک نے اپنے پاک کلام میں امامت (دِینی معاملات میں پیشوائی) کی رغبت کو ایمان والوں کی خوبی بیان فرمایا جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
وَ الَّذِیْنَ یَقُوْلُوْنَ رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ اَزْوَاجِنَا وَ ذُرِّیّٰتِنَا قُرَّةَ اَعْیُنٍ وَّ اجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِیْنَ اِمَامًا(۷۴)
(پ 19، الفرقان: 74)
ترجمۂ کنز العرفان: اور وہ جو عرض کرتے ہیں: اے ہمارے رب! ہماری بیویوں اور ہماری اولاد سے ہمیں آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما اور ہمیں پرہیزگاروں کا پیشوا بنا۔
تفسیر صراط الجنان میں اس آیت کی تفسیر میں ہے: یعنی ہمیں ایسا پرہیزگار، عبادت گزار اور خدا پرست (خدا کی عبادت کرنے والا)بنا کہ ہم پرہیزگاروں کی پیشوائی کے قابل ہوں اور وہ دِینی اُمور میں ہماری پیروی کریں ۔ بعض مفسرِین نے فرمایا کہ اس آیت میں دلیل ہے کہ آدمی کو دِینی پیشوائی اور سرداری کی رغبت رکھنی اور طلب کرنی چاہئے۔(2) لیکن یہ اس صورت میں ہے کہ جب مقصد اچھا ہو نہ یہ کہ حُبِّ دنیا اور حُبِّ جاہ کی وجہ سے ہو۔(3)
(1)...مرآۃ المناجیح،1/414، نعیمی کتب خانہ گجرات
(2)...تفسير خازن، پ19، الفرقان، تحت الآیۃ:74، 3/320
(3)...تفسیرصراط الجنان، پ19، الفرقان ، تحت الآیۃ: 7،74/67
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع