30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ہزار صحابہ کے کھانا تناول فر ما لینے کے بعد بھی کھانا اتنا ہی بچارہا
سُوال:کیاہمارے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے بھوک کی وجہ سے اپنے پیٹ مُبارَک پر پتھر باندھا ہے؟ ([1])
جواب:بخاری شریف میں ہے : حضرتِ سَیِّدُنا جابر رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کہتے ہیں کہ غزوۂ خندق کے موقع پر کھانا نہ ہونے کی وجہ سے پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے پیٹ شریف پر پتھر باندھا ہوا تھا ، یہ دیکھ کر میں حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم سے اِجازت لے کراپنے گھر آیا اور بیوی سے کہا : میں نے نبیٔ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کو بڑی سخت بھوک کی حالت میں دیکھا ہے ، مجھ سے صبر نہ ہوسکا ، کیا گھر میں کچھ کھانا ہے؟ بیوی نے کہا : گھر میں تھوڑے سے جو کے سِوا کچھ بھی نہیں ہے۔ میں نے کہا تم جلدی سے جو کو پیس کر گوندھ لو تاکہ روٹیاں بن سکیں اور اپنے گھر کا پَلا ہوا ایک بکری کا بچہ ذَبح کرکے اس کی بوٹیاں بنا دیں اور بیوی سے کہا کہ جلدی سے تم گوشت روٹی تیار کرلو میں حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کو بُلا کر لاتا ہوں۔ چلتے وقت بیوی نے کہا : صرف حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم اور چند ہی صحابۂ کِرام رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ م کو ساتھ میں لانا ، کھانا کم ہے۔
حضرتِ سَیِّدُنا جابر رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ نے خندق پر آکر چپکے سے عرض کیا : یَارَسُوْلَ اللہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم !میں نے تھوڑے سے آٹے کی روٹیاں اور ایک بکری کے بچے کا گوشت گھر میں تیار کرایا ہے لہٰذا آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم صِرف چند صحابہ کے ساتھ تشریف لے آئیے۔ یہ سُن کر حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : اے خندق والو! جابر نے کھانے کی دعوت دی ہے ، لہٰذا سب لوگ ان کے گھر پر چل کر کھانا کھالیں۔ پھر مجھ سے فرمایا کہ جب تک میں نہ آجاؤ ں روٹی مَت پکوانا۔ چنانچہ جب حضور صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم تشریف لائے تو گوندھے ہوئے آٹے میں اپنا لُعابِ دَہن یعنی تھوک شریف ڈال کر بَرکت کی دُعا فرمائی اور گوشت کی ہانڈی میں بھی اپنا لُعابِ دَہن یعنی تھوک شریف ڈال دیا پھر روٹی پکانے کا حکم دیا اور یہ فرمایا کہ ہانڈی چولہے سے نہ اُتاری جائے۔ پھر روٹی پکنا شروع ہوئی اورہانڈی میں سے حضرت جابر رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ کی بیوی نے گوشت نکال نکال کر دینا شروع کیا ایک ہزار آدمیوں نے پیٹ بھر کر کھانا کھایا مگرگوندھا ہوا آٹا جتنا پہلے تھا اتنا ہی رہ گیااور ہانڈی میں بھی سالن موجود رہا۔ ([2])
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع