30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
ساتواں باب پانی استعمال کرنے کے آداب
(Etiquette for water safety)
قرآن پاک سے پانی کی ضروت و حفاظت کی اہمیت
اللہ تعالی نے پانی کے متعلق سورہ فرقان آیت نمبر 48 میں ارشاد فرمایا:
وَ اَنْزَلْنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً طَهُوْرًاۙ(۴۸)(1)
ترجمہ کنز العرفان: (اور ہم نے آسمان سے پاک کرنے والا پانی اُتارا)۔
اسلام میں ’’وضو‘‘ ایک ایسا عمل ہے جس کے لیے پانی ضروری ہے۔ساتھ ہی قرآن میں سورہ اعراف آیت نمبر 31 پر وَّ كُلُوْا وَ اشْرَبُوْا وَ لَا تُسْرِفُوْا(2) کا لفظ استعمال کیا گیا ہے ، جس کا مطلب ہے اور کھاؤ اور پیو اوراور حد سے نہ بڑھو۔ اسراف کا مطلب بالکل واضح ہے کہ زیادہ خرچ نہ کرو۔
احادیث مبارکہ سے پانی کی ضرورت و حفاظت کی اہمیت
حضرت سيدنا عبد الله بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: رَأَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَجُلًا يَتَوَضَّأُ، فَقَالَ: لَا تُسْرِفْ، لَا تُسْرِفْ (3)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ایک شخص کو وضو کرتے دیکھا تو ارشاد فرمایا: اسراف نہ کرو، اسراف نہ کرو۔
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو أَنّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَرَّ بِسَعْدٍ وَهُوَ يَتَوَضَّأُ، فَقَالَ: مَا هَذَا السَّرَفُ فَقَالَ: أَفِي الْوُضُوءِ إِسْرَافٌ قَالَ: نَعَمْ وَإِنْ كُنْتَ عَلَى نَهَرٍ جَارٍ (4)
حضرت سيدنا عبد اللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کا گزر حضرت سعد رضی اللہ عنہ کے پاس سے ہوا تو وہ وضو کر رہے تھے، نبی کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے انہیں دیکھ کر فرمایا: اے سعد! یہ کیا اسراف (زیادتی) ہے؟ حضرت سعد رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ کیا وضو میں بھی اسراف ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا: ہاں! اگرچہ تم جاری نہر ہی پر (کیوں نہ وضو کر رہے) ہو۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا: "لَا يَبُولَنَّ أَحَدُكُمْ فِي الْمَاءِ الرَّاكِدِ" (5) کہ:تم میں سے کوئی شخص ٹھہرے ہوئے پانی میں پیشاب نہ کرے۔
1 سورۃ الفرقان، 25: 48۔
2 سورۃ الاعراف، 7: 31۔
3 قزوینی، محمد بن ماجہ، سنن ابن ماجہ، کتاب الطہارۃ وسننھا، باب ما جاء فی القصد فی الوضوء، رقم الحدیث: 424۔
4 ایضاً، رقم الحدیث: 425۔
5 قزوینی، محمد بن ماجہ، سنن ابن ماجہ، کتاب الطہارۃ وسننھا، باب عن النہی فی البول فی الماء الراکد، رقم الحدیث:344۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع