30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اٹھائیسواں باب بُری صحبت
(Bad company)
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے: (یٰوَیْلَتٰى لَیْتَنِیْ لَمْ اَتَّخِذْ فُلَانًا خَلِیْلًا(۲۸) لَقَدْ اَضَلَّنِیْ عَنِ الذِّكْرِ بَعْدَ اِذْ جَآءَنِیْؕ-وَ كَانَ الشَّیْطٰنُ لِلْاِنْسَانِ خَذُوْلًا(۲۹) ) (1) ترجمۂ کنز العرفان: ہائے میری بربادی! اے کاش کہ میں نے فلاں کو دوست نہ بنایا ہوتا، بے شک اس نے میرے پاس نصیحت آجانے کے بعد مجھے اس سے بہکا دیا اور شیطان انسان کو مصیبت کے وقت بے مدد چھوڑ دینے والا ہے۔
اس سے معلوم ہو اکہ برے لوگوں کی صحبت اختیار کرنا، انہیں اپنا دوست بنانا اور ان سے محبت کرنا دنیا اور آخرت میں انتہائی نقصان دِہ ہے۔
حدیث پاک میں بری صحبت اور دوستی سے بچنے کی بہت تاکید کی گئی ہے، چنانچہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا: برے ہم نشین (دوست) سے بچو کہ تم اسی کے ساتھ پہچانے جاؤ گے۔ یعنی جیسے لوگوں کے پاس آدمی کی نشست و بَرخاست ہوتی ہے لوگ اسے ویساہی جانتے ہیں۔
بُرے بندے کی صحبت بندے کو بُرا بنا دیتی ہے، چنانچہ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: گنہگار (بُرے بندے) سے بھائی چارہ نہ کر کہ وہ اپنے فعل کو تیرے لیے خوبصورت کرے گا اور یہ چاہے گا کہ تو بھی اس جیسا ہوجائے اور اپنی بدترین خصلت کو اچھا کرکے دکھائے گا، تیرے پاس اس کا آنا جانا عیب ہے۔
بُرے ماحول کواپنانے والے افراد اپنی عزت و وقار اور حیثیت کو کھو دیتے ہیں، چنانچہ حضرت مالک بن دینار رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا: جس بھائی یا ساتھی کی صحبت تمہیں دینی فائدہ نہ پہنچائے تم اس کی صحبت سے بچو تاکہ تم محفوظ و سلامت رہو۔
بُری صحبت کی صورتیں:
(1)فلمیں ،ڈرامے دیکھنے والوں کے ساتھ بیٹھنا۔
(2)ناچ ،گانے کے پروگرام میں جانا۔
(3)تاش،جوا کھیلنے والوں کے ساتھ تعلق رکھنا۔
(4)شراب پینے والوں کے ساتھ تعلق رکھنا۔
(5)بے حیائی کے پروگرام میں شرکت کرنا۔
(6)تاش وغیرہ کھیلنے والوں کے ساتھ بیٹھنا۔
1 سورۃ الفرقان، 25: 28، 29۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع