30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے درس
محسنِ انسانیت، نبی کریم، محمدمصطفی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے نہ صرف حاجت مندوں کی حاجت روائی کرنے کا حکم دیا بلکہ عملی طور پر آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم خود بھی ہمیشہ غریبوں، یتیموں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے۔ ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم مسجدِ نبوی میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ تشریف فرما تھے کہ ایک عورت اپنی کسی ضرورت کے لئے آپ کے پاس آئی، آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے درمیان سے اٹھ کر دیر تک مسجد کے صحن میں اس کی باتیں سنتے رہے اور اس کی ضرورت پوری کرنے کا یقین دلا کر،مطمئن کر کے اسے بھیج دیا۔
حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم بلا تفریق اپنے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ شفقت و عنایت کا معاملہ فرمایا کرتے تھے، چنانچہ ایک دفعہ رسول کریم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے پاس کچھ چادریں آئیں۔ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ایک چھوڑ کر سب چادریں اپنے صحابہ میں تقسیم کردیں۔آپ کے ایک صحابی حضرت مَخْرَمَہ رضی اللہ عنہ جو کہ نابینا تھے جب آپ کو اس فعل کی اطلاع ملی تو آپ شکوہ کرتے آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے پاس پہنچے اور کہنے لگے: یا رسولَ اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ! سب چادریں تقسیم کردی گئیں ہیں اور ہم محروم رہ گئے، ہمیں بھی ہمارا حصہ دیا جائے۔نبی پاک صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے کمال شانِ بےنیازی سے ایک چادر نکالی اور بڑی محبت اور پیار سے یہ فرماتے ہوئے وہ چادر ان صحابی کے حوالے کردی کہ اے مخرمہ! ہم نے تو پہلے ہی یہ چادر تمہارے لئے بچا رکھی تھی۔
حضور صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نہ صرف انسانوں کے ساتھ شفقت و ہمدردی فرماتے تھے بلکہ جانور بھی آپ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر کچھ عرض کرتے تو آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ان کے ساتھ بھی ہمدردی کیا کرتے تھے، چنانچہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ایک انصاری شخص کے باغ میں داخل ہوئے تو وہاں ایک اُونٹ تھا۔ جب اُس نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو دیکھا تو وہ رو پڑا اور اُس کی آنکھوں سے آنسو بہ نکلے۔ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اُس کے پاس تشریف لے گئے اور اُس کے سر پر دستِ شفقت پھیرا تو وہ خاموش ہو گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے دریافت فرمایا: اِس اُونٹ کا مالک کون ہے، یہ کس کا اُونٹ ہے؟ انصار کا ایک نوجوان حاضر خدمت ہوا اور عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ! یہ میرا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا: کیا تم اس بے زبان جانور کے معاملے میں اللہ تعالیٰ سے نہیں ڈرتے جس کا اللہ تعالیٰ نے تمہیں مالک بنایا ہے۔ اس نے مجھے شکایت کی ہے کہ تم اسے بھوکا رکھتے ہو اور اس سے بہت زیادہ کام لیتے ہو۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع