30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
”فیضانِ علم و عمل“ کا احوالِ سفر
مدارسِ اسلامیہ کی تاریخ بہت پرانی ہے، حقیقت تو یہ ہے کہ تاریخِ اسلام میں مدرسہ کی ابتدا دورِ رسالت میں حضرت ارقم بن ابوارقم رضی اللہ عنہ کے گھر اور مسجدِ نبوی میں اصحابِ صفہ کے چبوترے سے ہوچکی تھی اور تدریس و تعلیم کا مفہوم خود معلّمِ اعظم، رسولِ مکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ” اِنَّمَا بُعِثْتُ مُعَلِّماً “ سے عطا فرمایا۔ دینِ اسلام میں علم، تعلیم اور تعلم کی اہمیت و مقام کیا ہے اس کا اندازہ کرنے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ خدائے ربّ العزّت نے اپنے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر نازل کردہ کلامِ مجید میں ” وَقُلْ رَّبِّ زِدْنِیْ عِلْمًا “ فرماکر اضافۂ علم کی دعا کا حکم دیا اور اہلِ علم کو انکھیاروں جبکہ جاہلوں کو اندھوں سے تعبیر کیا۔ معلّمِ اعظم، جنابِ سرورِ دوعالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے علم کی ترویج و اشاعت کی جس قدر ترغیب و تشویق بیان فرمائی ہے اس كا بیاں بھی بیان سے باہر ہے، علم کی اہمیت و ضرورت کو اسلام سے بڑھ کر کسی قوم و مذہب نے نہ سمجھا ہے نہ بیان کیا یہاں تک کہ جب ملکُ الموت علیہ السلام نے ایک صحابی کے بارے میں خبر دی کہ اتنی دیر بعد ان کا وصال ہوجائے گاتو اس وقت میں بھی رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے انہیں علم حاصل کرنے کا حکم فرمایا۔ تعلیم و تعلّم کا یہ سلسلہ حضرت اَرقم بن ابو اَرقم رضی اللہ عنہ کے گھر اور اصحابِ صفہ کے مدرسہ سے چلتے چلتے دنیا بھر میں کثیر جامعات و مدارس تک پھیل گیا۔ انہی مدارسِ اسلامیہ کی ایک بہت ہی اہم اور تاریخی کڑی دعوتِ اسلامی کے جامعاتُ المدینہ ہیں۔ 1981ء میں کراچی سے اٹھنے والی ایک ننھی سی تحریک دعوتِ اسلامی نے بہت قلیل عرصے میں دنیا بھر میں اپنا علمی، تنظیمی اور اصلاحی نیٹ ورک پھیلا کر دنیا کو حیران کردیا ہے۔ دعوتِ اسلامی کے مدارس و جامعات دنیا میں تعلیم و تعلّم کی تاریخ کا ایک اہم حصہ بن گئے ہیں۔ اَلحمدُ لِلّٰہ جامعاتُ المدینہ دعوتِ اسلامی کو علمی دولت بانٹتے ہوئے 25سال کا عرصہ گزر چکا ہے، اس قلیل سے عرصے میں جامعۃُ المدینہ نے کیا ترقی کی، کتنے فاضلین تیار کئے، کتنوں کو علمی و عملی میدان میں چمکا کر دنیا کے سامنے پیش کیا، کس انداز میں ماضی سے حال تک سفر کیا یہ سب کچھ آپ اس شمارے کے مندرجات میں ملاحظہ کریں گے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع