30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جامعاتُ المدینہ گرلز میں بھی ایسی ہم نصابی سرگرمیاں رائج ہیں جو علم و عمل میں اِضافے کا سبب بنتی ہیں جن کے باقاعدہ نمبر دیئے جاتے ہیں جو سالانہ امتحان پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
چند ہم نصابی سرگرمیاں درج ذیل ہیں:
نیک اعمال:
ظاہر و باطن کی اصلاح، نیک اعمال پر استقامت اور فکرِ آخرت پیدا کرنے کے لئے امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے عطا کردہ رسالے ”83نیک اعمال“ پر عمل کرنے کا سلسلہ ہوتا ہے۔ نیز اَسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اسلام کی ترویج و اِشاعت کے لئے جامعاتُ المدینہ گرلز کی طالبات خواتین میں نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے شرعی تقاضوں کو مدِّنظر رکھتے ہوئے دینی کاموں میں بھی حصّہ لیتی ہیں۔
مدنی مذاکرہ:
مدنی مذاکروں کے ذریعے عقائد و اعمال،ظاہر و باطن کی اصلاح ہوتی ہے۔ دِلوں میں مَحبّتِ اِلٰہی اور عشقِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شمع فروزاں ہونے کے ساتھ ساتھ شرعی، طبّی، تاریخی اور تنظیمی معلومات کا لاجواب خزانہ ہاتھ آتا ہے اور مزید حُصولِ علمِ دین کا جذبہ بیدار ہوتا ہے۔ لہٰذا مدنی مذاکرے کی اہمیت و افادیت کے پیشِ نظر طالبات و معلّمات کو ہر ہفتہ و اتوار کی درمیانی شب، بعد نمازِ عشا ہونے والے مدنی مذاکرے میں اپنے اپنے گھروں سے مدنی چینل کے ذریعے شرکت کرنے کی ترغیب دلائی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ براہِ راست فیضانِ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ سے فیض یاب ہوتی ہیں۔
مطالعہ:
مضبوط عالمہ بننے کے لئے درجے میں پڑھائی جانے والی نصابی کتابوں کی شروحات اور دیگر مستند کتابوں کا مطالعہ کرنے پر زور دینے کے ساتھ ساتھ علم میں مزید اضافے اور حافظے کو مضبوط بنانے کے لئے ہفتہ وار ایک رِسالہ اور ماہانہ ایک کتاب پڑھنے کا ہدف بھی دیا جاتا ہے۔کیونکہ نصابی کُتب کے علاوہ دیگر کُتب و رَسائل کا مطالعہ کرنا حافظے کو مضبوط کرنے کی بہترین دوا ہے۔ جیسا کہ امام بخاری رحمۃُ اللہ علیہ سے عرض کیا گیا کہ حافظے کی دوا کیا ہے؟ آپ رحمۃُ اللہ علیہ نے فرمایا: آدمی کی دلچسپی اور مطالعے کی کثرت سے زیادہ حافظے کو فائدہ دینے والی چیز میرے علم میں نہیں۔(فتح الباری، 1/460)
کورسز:
جامعاتُ المدینہ گرلز کی طالبات میں علمی صلاحیتیں بڑھانے کے لئے نصابی کُتب کے درس کے علاوہ مختلف کورس مثلاً: اصلاحِ اعمال، فیضانِ دینی کام، اِجراءُ الصرف و النحو اور تجوید و قِراءت کے کورسز وغیرہ بھی کروائے جاتے ہیں تاکہ یہ زیادہ سے زیادہ شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔
تحریری مقابلے:
تصنیف و تحریر کی صلاحیت بڑھانے کے لئے جامعاتُ المدینہ کی معلّمات و طالبات کو”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں ہونے والے تحریری مقابلے میں حصہ لینے کا ذہن دیا جاتا ہے۔
معمولاتِ اہلِ سنّت:
جامعۃُ المدینہ گرلز میں معمولاتِ اہلِ سنّت کے مطابق مختلف اجتماعات کا سلسلہ ہوتا ہے جن میں اجتماعِ میلاد، اجتماعِ غوثیہ اور اجتماعِ معراج وغیرہ شامل ہیں۔ ان اجتماعات میں تلاوتِ قراٰنِ پاک، حمد و نعت، حُسنِ بیان اور ذہنی آزمائش کے مقابلے کروائے جاتے ہیں تاکہ طالبات کی خود اعتمادی میں اِضافہ ہو اور یہ بہترین عالمہ اور مضبوط مبلّغہ بن کر نیکی کی دعوت عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
تربیتی پیریڈ:
طالبات کی سنّتوں کے مطابق عملی تربیت کرنے کے لئے یومیہ نصابی پیریڈ کے علاوہ ہفتے میں پانچ دن تربیتی پریڈز کا اہتمام ہوتا ہے جن میں ایک دن سنّتوں بھرے اجتماع کا بھی ہوتاہے۔جامعاتُ المدینہ کی طالبات کا تربیتی پیریڈ کا جدول درج ذیل ہے:
پیر اور منگل/مدنی مذاکرہ
بدھ/ہفتہ وار سنّتوں بھرا اجتماع
جمعرات/نگرانِ پاکستان کا سلسلہ ”نیک خواتین“
ہفتہ/مختلف فُنون کی تربیت
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع