30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
فقہی کُتب:
عمل کے لئے انسان کو سب سے زیادہ جس علم کی حاجت ہوتی ہے وہ علمِ فقہ ہے،جو درحقیقت قراٰن و حدیث کا ہی نچوڑ ہے۔ گویا قراٰن و حدیث سے مسائل نکال کر آسان انداز میں فقہ میں بیان کردئیے جاتے ہیں۔ اس لئے دینی مدارس میں اس پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔کنز المدارس کے نصاب میں فقہ کے حوالے سے جو کُتب شاملِ نصاب کی گئی ہیں ان کے نام یہ ہیں: نماز کے احکام (اُردو)، نورُ الایضاح، قدوری، کنزُ الدقائق، شرح وقایہ اور ہدایہ۔
علم الدعوۃ و الارشاد:
دعوتِ اسلامی چونکہ بنیادی طور پر دینِ اسلام کی دعوت دینے والی تحریک ہے، اس لئے بہت ضروری ہے کہ قراٰن و حدیث میں دعوتِ دین کے آداب، داعی، مدعو وغیرہ کے جو آداب بیان کئے گئے ہیں، ان سے شناسائی ہو اور ان کے مطابق نیکی کی دعوت کو عام کیا جا سکے۔اسی لئے کنز المدارس کے نصاب میں علم الدعوۃ کو بطورِ مضمون شامل کیا گیا ہے تاکہ عصری تقاضو ں کے مطابق دعوتِ دین کا کام سر انجام دیا جا سکے۔
علمِ تصوف:
تصوف ظاہر و باطن کی اصلاح کا دوسرا نام ہے۔ مادی ترقی کے اس دور میں روحانیت اور علمِ تصوف کی اہمیت اور بڑھ جاتی ہے کہ اس علم کی بدولت انسان کے باطن کی اصلاح ہوتی ہے، دلوں کی کثافتیں دور ہوتی ہیں اور مخلوقِ خدا کی خیر خواہی کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ اَلحمدُلِلّٰہ کنزُالمدارس کے تحت اسے بھی شامل نصاب رکھا گیا ہے۔ ابتدائی سالوں میں ظاہری اور باطنی گناہوں کی معرفت جیسے عناوین رکھے گئے ہیں تاکہ ان سے بچنے کا ذہن بنے اور عمل کی طرف رغبت ہو اور آخری سالوں میں فن ِتصوف اور اس کے اہم امور بھی شامل کئے گئے ہیں۔ امید ہے کہ اِن شآءَ اللہ اس کی برکت سے ایسے علما امت کو ملیں گے جو علم و عمل میں ممتاز ہوں اور اسلاف کےطریقہ کار کے صحیح امین ہوں گے۔
علمِ شہریت:
طلبہ کو معاشرے کا ایک پُر امن، مہذب اور با اخلاق فرد بنانے کے لئے جہاں قراٰن و سنّت کا علم بہت اہم ہے، وہیں حالاتِ زمانہ کی معرفت اور ملک کے رائج قوانین سے آگاہی بہت اہمیت کی حامل ہے۔ بسا اوقات ان کی رعایت نہ کرنے سے معاشرے کا ایک طبقہ طلبہ سے دور رہنے کی کوشش کرتا ہے یا یہ طلبہ سے دُور دُور دکھائی دیتے ہیں۔ مذہبی طبقے کو ان قوانین کی آگاہی سے یہ فائدہ حاصل ہوتا ہے کہ وہ عمدہ طریقے سے لوگوں کو دین کی طرف راغب کرسکتے ہیں۔ اس لئے کنزُ المدارس کے نصاب میں علمِ شہریت کو جگہ دی گئی ہے اور وہی کُتب جو سرکاری طور پر اسکولز اور کالجز میں پڑھائی جاتی ہیں، شاملِ نصاب کی گئی ہیں۔
خلاصہ کلام:
امید ہے کہ اِن شآءَ اللہ کنزُ المدارس بورڈ اہلِ سنّت کے ماتھے کاجھومر ثابت ہوگا اور اس کے تحت امتحان دینے والے طلبہ علم و عمل کے زیور سے آراستہ اور معاشرے کے مختلف طبقات کے لئے دینی راہنمائی کا فریضہ احسن انداز میں سر انجام دے سکیں گے۔
اللہ کریم کنزُالمدارس سے وابستہ طلبہ و طالبات کو علم و عمل کا خزانہ عطا فرمائے اور عالم میں اس کا فیض جاری فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع