30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
دارُالافتاء اہلِ سنّت کے مفتیانِ کرام کے تأثرات
”جامعۃُ المدینہ“ عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کا ایک بہت ہی اہم شعبہ ہے، اس شعبے کی برکت سے ایک بڑی تعداد درسِ نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے کے بعد سنّتوں کا پیغام عام کرنے کے لئے کوشاں ہے، اَلحمدُلِلّٰہ جامعۃُ المدینہ کا آغاز ہوئے آج 25سال کا عرصہ گزر چکا ہے، اسی سلسلے میں ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کی مجلس نے جامعۃُ المدینہ کے متعلق دعوتِ اسلامی کے مفتیانِ کرام کے تأثرت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ہے:
مفتی ابوالحسن محمد فضیل رضا عطاری
مدارس و جامعات دینِ اسلام کی مقدّس تعلیمات کو باقاعدہ فروغ دینے کے بہترین ذرائع ہیں، علما و حفاظ و متخصصین دینی علوم و فنون میں مہارت حاصل کر کے قرآن و سنّت، فقہ اور تصوف کے حوالے سے دینِ متین کی خدمات سرانجام دینے میں مصروفِ عمل دکھائی دیتے ہیں۔ اس پُر فتن دور میں جب مادیت کی یلغار ہے دین پر ثابت قدم رہنے اور دوسرے مسلمانوں کو اللہ پاک اور رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نافرمانیوں سے بچانے میں علمائے کرام کا بہت اہم کردار ہے دعوتِ اسلامی کے شعبہ جامعۃُ المدینہ کو بنے ہوئے 25 سال ہو گئے ہیں، ہزاروں علما تیار ہوئے ہیں، جو پاکستان کے علاوہ بیرونِ ملک میں بھی دعوتِ اسلامی کا پیغام پہنچا رہے ہیں، نیکی کی دعوت اور بُرائی سے منع کرنے کی اہم ترین ذمّہ داری نبھانے کی کوشش میں مصروفِ عمل ہیں، اللہ پاک جامعۃُ المدینہ کو مزید ترقی و عروج عطا فرمائے، قبلہ امیرِ دعوتِ اسلامی میرے پیر ومرشد امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا سایۂ عاطفت سلامت رکھے، جن کے اخلاص اور دُعا کی برکت سے دعوتِ اسلامی کا یہ شعبہ بھی روز بروز ترقیوں پر ہے اس اہم ترین شعبہ کے تمام ذمّہ داران کو ڈھیروں مبارک باد ہوں۔ اللہ پاک مزید فضل وکرم فرمائے اور علمائے حق کی کثرت فرمائے اور اس شعبے کو دشمنوں کے شَر اور بُری نظر سے محفوظ رکھے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
مفتی ابو محمد علی اصغر عطاری مدنی
تاریخ: 26ذوالحجہ 1442ھ بمطابق 06 اگست 2021ء
اَلحمدُلِلّٰہ خوش آئند بات ہے کہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ ایک نیا اور خصوصی Edition جاری کرنے جا رہا ہے جو کہ جامعۃُ المدینہ کے 25 سال مکمل ہونے کے تناظر میں ہے۔ امید ہے کہ یہ مجلّہ ایک تاریخی دستاویز کی سی حیثیت پائے گا۔ اللہ پاک ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ مجلس کو اس کاوش پر اجرِ عظیم عطا فرمائے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع