سوشل میڈیا افراد کے لئے دوروزہ اجتماع
سوشل میڈیا ایک بےلگام پلیٹ فارم ہے جہاں ہر کوئی اپنی دھن میں مگن ہے۔
دعوتِ اسلامی کے شعبۂ میڈیکل کے تحت تین روزہ سنتوں بھرا ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف اجتماع
دعوتِ اسلامی کے شعبۂ میڈیکل کے تحت 14 تا 16 اگست 2026ء عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، کراچی میں ڈاکٹرز، سرجنز، کنسلٹنٹس، میڈیکل اسپیشلسٹس، ڈینٹسٹس، فارماسسٹس، پیرا میڈیکل اسٹاف اور میڈیکل کے طلبہ کے لیے تین روزہ سنتوں بھرا اجتماع منعقد کیا جائے گا۔ اس اجتماع میں شعبۂ طب سے وابستہ ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔
شعبۂ میڈیکل درحقیقت خدمتِ انسانیت، ہمدردی، خیرخواہی اور دکھی انسانیت کے دکھ درد بانٹنے والا عظیم شعبہ ہے۔ مریض اپنے درد، تکلیف اور پریشانی کے ساتھ ڈاکٹر کے پاس آتا ہے اور اس سے شفا کی امید وابستہ کرتا ہے۔ اس عظیم ذمہ داری اور شعبے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے دعوتِ اسلامی نے شعبۂ میڈیکل کو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور طبی عملے میں دینی و اخلاقی تربیت کو فروغ دینے کا مؤثر سلسلہ قائم کیا ہے۔
دعوتِ اسلامی کے شعبۂ میڈیکل کے تحت ملک بھر میں ڈاکٹرز، میڈیکل اسپیشلسٹس، سرجنز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نہ صرف مریضوں کے علاج معالجے میں مصروفِ عمل ہیں بلکہ دینی تعلیمات کی ترویج، اخلاقِ حسنہ کے فروغ اور مریضوں کی روحانی رہنمائی کا فریضہ بھی انجام دے رہے ہیں۔ وہ جسمانی بیماریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ مریضوں کو صبر، امید، اللہ تعالیٰ پر توکل اور سکونِ قلب عطا کرنے والی اسلامی تعلیمات سے بھی روشناس کراتے ہیں۔
دعوتِ اسلامی کا شعبۂ میڈیکل سنتِ نبوی ﷺ اور سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشنی میں خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دے رہا ہے۔ اس شعبے کا مقصد طبی خدمات کو عبادت کا شعور دینا، مریضوں کی خدمت کو رضائے الٰہی کا ذریعہ سمجھنا، اور ڈاکٹرز و طبی عملے میں ایسی فکر پیدا کرنا ہے کہ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض اسلامی تعلیمات کے مطابق انجام دیتے ہوئے دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کریں۔
یومِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والے اس تین روزہ اجتماع میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی دینی، اخلاقی اور پیشہ ورانہ تربیت کی جائے گی۔ شرکاء کو دعوتِ نیکی عام کرنے، خدمتِ انسانیت کے جذبے کو مضبوط بنانے اور اپنے شعبے کو اسلامی تعلیمات کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی ترغیب دی جائے گی۔ پاکستان جیسے اسلامی اور فلاحی معاشرے میں شعبۂ میڈیکل کی اہمیت، ڈاکٹرز کی ذمہ داریوں اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خدمتِ خلق کے تقاضوں پر بھی خصوصی بیانات اور تربیتی نشستیں ہوں گی۔
اس موقع پر عالمِ اسلام کی عظیم علمی و روحانی شخصیت، امیرِ اہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ خصوصی شرکت فرمائیں گے اور سنتوں بھرا بیان کریں گے۔ اس کے علاوہ مفکرِ دعوتِ اسلامی جناب حاجی عمران عطاری، چیف ایگزیکٹو ایف جی آر ایف (FGRF) جناب عبدالحبیب عطاری سمیت دیگر ممتاز علماءِ کرام، ڈاکٹرز اور ماہرینِ طب بھی مختلف نشستوں سے خطاب کریں گے۔
دعوتِ اسلامی نے ملک بھر کے ڈاکٹرز، سرجنز، کنسلٹنٹس، میڈیکل اسپیشلسٹس، ڈینٹسٹس، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور میڈیکل کے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تین روزہ سنتوں بھرے اجتماع میں بھرپور شرکت کرکے دینی، اخلاقی اور پیشہ ورانہ رہنمائی حاصل کریں اور خدمتِ انسانیت کو سنتِ رسول ﷺ کی روشنی میں انجام دینے کے عزم کی تجدید کریں۔