teachers conference
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے

ٹیچرز کانفرنس

ملتان آرٹ کونسل ٹیچرز کانفرنس میں ’’رسول اللہ ﷺ بحیثیت معلمِ انسانیت‘‘ کے موضوع پر مولانا محمد عمران عطاری کا خصوصی بیان

2 ستمبر 2026ء، ملتان آرٹ کونسل

ملتان آرٹ کونسل میں 2 ستمبر 2026ء کو ایک عظیم الشان ٹیچرز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں عالمِ اسلام کی عظیم دینی، علمی، روحانی اور فلاحی تحریک دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران قادری شرکت کریں گے۔

ملتان آرٹ کونسل میں منعقد ہونے والے اس ٹیچرز اجتماع میں معروف دینی اسکالر مولانا محمد عمران عطاری، اللہ تعالیٰ کے آخری نبی، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور آپ ﷺ کے بحیثیت معلمِ انسانیت کردار کے موضوع پر خصوصی گفتگو فرمائیں گے۔

دینِ اسلام میں تعلیم و تربیت کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے، بلکہ انسان کی کردار سازی اور اصلاح کے بعد تعلیم کا عمل زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔ اسلام سے قبل عرب معاشرہ معاشرتی اور اخلاقی اعتبار سے انتہائی پسماندہ تھا۔ طلوعِ اسلام کے بعد رسول اللہ ﷺ نے ان کی اصلاح فرمائی، ان کے کردار کو سنوارا اور پھر انہیں دینِ اسلام کی تعلیمات سے روشناس کرایا۔ نتیجتاً یہی عرب معاشرہ آگے چل کر ملتِ اسلامیہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والا بن گیا۔

رسول اللہ ﷺ معلمِ انسانیت بن کر جلوہ گر ہوئے۔ آپ ﷺ نے عرب کے بدوؤں سمیت مختلف طبقات کی تعلیم و تربیت فرمائی اور انہیں باکردار، باوقار اور ذمہ دار انسان بنایا۔ آج بھی معلمِ انسانیت، آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ میں تعلیم و تربیت کے نمایاں پہلو انسانیت کے لیے ہر وقت ہدایت کی روشن قندیلیں دکھائی دیتے ہیں۔

ایک استاد پوری نسل کی کردار سازی اور اخلاقی نشوونما کا ضامن ہوتا ہے۔ اگر استاد کے کردار و عمل میں کمزوری ہو تو اس کے اثرات آنے والی نسل کی تعلیم، کردار اور عمل پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔

اسی اہم مقصد کے پیشِ نظر 2 ستمبر 2026ء کو ملتان آرٹ کونسل میں تعلیمی اداروں، جامعات، علوم و فنون سے وابستہ افراد، پروفیشنل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹس اور شعبۂ تعلیم سے وابستہ شخصیات کے لیے ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس کا موضوع ’’رسول اللہ ﷺ بحیثیت معلمِ انسانیت‘‘ ہوگا۔

اس موقع پر انسانِ کامل، معلمِ انسانیت، پیکرِ رشد و ہدایت اور مربیِ کائنات، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی پیاری سیرتِ طیبہ کی روشنی میں ایک استاد کی ذمہ داریوں اور نئی نسل کی اصلاح و کردار سازی کے اہم پہلوؤں پر گفتگو کی جائے گی۔

تشریف لائیے اور دعوتِ اسلامی کے مبلغ مولانا محمد عمران عطاری کی فکر انگیز گفتگو سماعت کرکے سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کی روشنی میں تعلیم کے میدان میں مثبت اور دینی کردار ادا کرنے اور نئی نسل کی بہتر کردار سازی میں اپنا حصہ ملائیے۔

ملتان آرٹ کونسل

2 ستمبر 2026ء، بروز بدھ، رات 8:45 بجے

معروف دینی اسکالر، دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران اور دنیا بھر میں دینِ اسلام کی تبلیغی، تعلیمی اور فلاحی خدمات سرانجام دینے والے مبلغ مولانا محمد عمران عطاری کا خصوصی بیان ضرور سماعت فرمائیے۔