جنرل سامي عبداللہ، فیضان مدینہ کا وزٹ
دعوت اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ہونے والے تمام تر علمی ،دینی ، اشاعتی
دینی تحریکِ دعوتِ اسلامی کے
عالمی مدنی مرکز کراچی میں سات روزہ بین
الاقوامی اجتماع
150 سے زائد ممالک میں دینی، تعلیمی، روحانی اور فلاحی کاموں کو
قرآن و سنت کے مطابق سرانجام دینے والی عاشقانِ رسول کی دینی تحریک "دعوتِ
اسلامی" کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں فارنرز (غیر ملکیوں) کے
لیے سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ دعوتِ اسلامی کی بین الاقوامی سطح
پر دینی کاموں کے تسلسل اور کامیابی کے ثمرات اور اثرات دنیا بھر میں نظر آرہے
ہیں۔
دنیاوی تکلفات اور عصرِ
حاضر کی تہذیب و تمدن کے برعکس سنتِ رسول کے سانچے میں ڈھل کر دین کی خدمت اور
علمِ دین کی اشاعت کے لیے دعوتِ اسلامی گزشتہ کئی دہائیوں سے احیائے سنت کا عظیم
فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ اس وقت یورپ، افریقہ، امریکہ اور بے شمار ممالک میں جہاں
دین کی تعلیمات پر عمل کا رواج اور تدریسی عمل مفقود تھا، وہاں دعوتِ اسلامی کے
مبلغین اور مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین کی دعوتِ دین کے تسلسل نے اسلامی تہذیب
اور علومِ اسلامیہ کی ترویج میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
تبلیغِ دین کے لیے
نگرانِ مرکزی مجلسِ شوریٰ حاجی عمران عطاری اور دیگر اراکینِ شوریٰ کے پے در پے
دینی دوروں سے دین سے متاثر ہونے والے مسلم و غیر مسلم میں علمِ دین سیکھنے کا شوق
پیدا ہوا۔ چنانچہ دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں گزشتہ کئی سالوں
سے دین سیکھنے اور سنتِ رسول کے مطابق دینی تربیت حاصل کرنے کے لیے فارنرز کی آمد
و رفت کا سلسلہ بھی نظر آنے لگا۔ اور یوں شوقِ علمِ دین لیے کئی بیرونِ ملک سے
عاشقانِ رسول دینی مرکز فیضانِ مدینہ میں علمِ دین حاصل کرنے کے لیے تشریف لانے
لگے اور دوسروں کو علمِ دین سکھانے کے لیے واپس اپنے ملک جا کر خدمتِ دین میں
مصروف ہوجاتے ہیں۔ اسی دعوتِ دین کی برکت سے دعوتِ اسلامی کے مرکز میں بین
الاقوامی سطح کے سات روزہ اجتماعات کا انعقاد بھی ہوتا رہا ہے۔
اس سال 2026ء کی نومبر کی 24 تاریخ سے 30 نومبر تک
بین الاقوامی اجتماع منعقد ہوگا۔ اس سات دن کے تربیتی اجتماع میں مختلف کلچرز اور
زبان بولنے والے مسلمان دین کی بنیادی تعلیمات سیکھنے، ظاہر و باطن کی تربیت حاصل
کرنے اور اصلاح کے لیے تشریف لائیں گے۔
سات روزہ بین الاقوامی
اجتماع کے مصروف ترین ایام میں قرآن و سنت، فقہ و فتاویٰ، عقائد و نظریات، مسائلِ
دینیہ، سیرتِ انبیاء، مقامِ خیر المرسلین، خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتیں اور آداب، باطن کی اصلاح اور درسِ
تصوف بھی دیا جائے گا۔
بین الاقوامی اجتماع کا
بنیادی مقصد دینِ اسلام کی ہمہ گیر تعلیمات سے دنیا کے ہر خطہ میں موجود مسلم و
غیر مسلم کو آشنا کرنا ہے۔ نیز اسلام کا پیغام، آخرت اور دنیاوی زندگی کے رسم و
رواج میں رہ کر اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا عملی طریقہ سکھانا ہوتا ہے۔
بین الاقوامی اجتماعات
ہوں یا ملکی سطح پر سنتوں بھرا اجتماع، دعوتِ اسلامی کے تمام اجتماعات میں مختلف
تربیتی مجالس، درس و تدریس کی کلاسز میں تلاوتِ قرآن کے آداب اور قرآن کو تجوید و
قرات سے پڑھنے کی عملی مشق، ترجمہ و تفسیرِ قرآن کے دروس، عقائد و نظریات کی علمی
نشست، فقہی مسائل سے آگاہی، تربیتِ نفس کے لیے درسِ تصوف، قلبی سکون کے لیے ذکر کے
حلقے، سنتیں اور آداب کی عملی تربیت، سیرتِ النبی علیہ صاحبہا الصلاۃ والسلام کی
روشنی میں موجودہ دور کے جدید تقاضوں کو پورا کرنے کا عملی حل، مفتیانِ کرام سے
دینی و شرعی مسائل سیکھنے کے لیے خصوصی کلاسز کا اہتمام، علمائے کرام کے دروس،
مبلغینِ دعوتِ اسلامی کے بیانات، عملی میدان میں دین کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے
تنظیمی اور اخلاقی تربیت کے اصول بیان کیے جاتے ہیں۔
دعوتِ اسلامی کے سنتوں
بھرے اجتماعات کی ایک خوبصورت علمی و روحانی نشست "مدنی مذاکرہ" بھی ہے،
جس میں بانیِ دعوتِ اسلامی امیرِ اہلسنت حضرت مولانا محمد الیاس قادری خود بزمِ
مدنی مذاکرہ کے صدر نشین ہو کر علم و عمل کی باتیں اور دین کے بارے میں معلومات
فراہم کرتے ہیں۔ اس مدنی مذاکرہ میں امیرِ اہلسنت اپنی نظرِ کیمیا اثر سے دلوں میں
دین پر عمل کا جذبہ پروان چڑھاتے ہیں، اپنے کردار کی عظمت سے سنتِ رسول کی محبت
اجاگر کرتے ہیں۔ ظاہر کے ساتھ باطنی تربیت کے لیے سلسلہ قادری کے روحانی طریقہ کے
مطابق درسِ تصوف دیتے ہیں، ذہنی پراگندگی کو دین کے خوبصورت اسلوبِ تبلیغ سے دور
کرتے ہیں۔ پیچیدہ مسائل کو عام فہم انداز میں بیان کرکے گرہ کی گتھیاں سلجھاتے ہیں
.پھر
خاص رنگ میں روحانیت کا اثر پیدا کرنے کے لیے سیرتِ رسول کی روحانی غذائیں کھلاتے
ہیں۔
ذكر و دعا کی روحانی
نشست میں سوز و گداز کے ساتھ مناجاتِ الٰہی اور محبوبِ ربِ کریم کی بارگاہ میں
عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کرنے کے لیے محفلِ نعت کا خاص اہتمام ہوتا ہے۔
نومبر سے شروع ہونے والے
دعوتِ اسلامی کے بین الاقوامی سات روزہ اجتماع میں صلائے عام ہے ہر اہلِ ایمان کے
لیے جو دین کو سمجھنے اور سیکھنے کی تڑپ رکھتا ہو۔ دعوتِ اسلامی کے مدنی مقصد مجھے
اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے کی عملی تعبیر بین الاقوامی
اجتماع کی صورت میں بھی دیکھنے کو ملے گی جہاں سینکڑوں مسلمان مختلف کلچرز اور
اختلافِ زبان کے ساتھ موجود علمِ دین سیکھنے کے لیے موجود ہوں گے۔
24 نومبر
تا 30 نومبر 2026ء عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں دنیا کے مختلف ممالک سے آئے
ہوئے عاشقانِ رسول کے ساتھ ہم بھی مل کر علمِ دین حاصل کریں گے۔