mehfil e baghdad 2026
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے

محفل بغداد 2026

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں زائرینِ نجف، کربلا و بغداد کے لیے خصوصی محفلِ بغداد

29 ربیع الاول 1448ھ، بمطابق 11 ستمبر 2026ء، بروز جمعہ، بعد نمازِ عشاء

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں زائرینِ عراق کے لیے خصوصی محفلِ بغداد کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ محفل بالخصوص ان عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے ہے جو ہر سال کربلا، بغداد، نجفِ اشرف، سامرہ، کاظمین، مدائن، بصرہ اور عراق کے دیگر شہروں میں صحابۂ کرام، اہلِ بیتِ اطہار اور اولیائے کرام کے مزارات و مقابر کی زیارت کے لیے سفر کرتے ہیں۔

محفلِ بغداد میں صحابۂ کرام و اولیائے کرام کی شان، اسلام میں ولایت کا تصور اور مزاراتِ اولیاء پر حاضری کے آداب کے حوالے سے علمی گفتگو کی جاتی ہے۔ تذکرۂ صحابہ و اولیاء کے ذریعے اہلِ ایمان کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کے نیک بندوں کی عظمت اور ان کی دینی خدمات کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

اس محفل کی خصوصی بات یہ ہے کہ امیرِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد الیاس قادری حضور نبیِ رحمت ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں مزارات پر حاضری کے آداب بیان فرماتے ہیں۔

دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں منعقد ہونے والی اس سالانہ محفل میں بالخصوص پیرانِ پیر حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی دینی خدمات اور اولیائے امت میں آپ کے مقام و مرتبہ کا بھی علمی انداز میں تذکرہ کیا جاتا ہے۔

زائرینِ عراق کی دینی و اخلاقی تربیت کے ساتھ قرآن و حدیث کی روشنی میں مقامِ ولایت اور شانِ اولیاء کا خوبصورت تذکرہ بھی کیا جاتا ہے۔ انبیائے کرام، صحابۂ کرام، اہلِ بیتِ اطہار اور اکابر اولیائے کرام کے مزارات کی زیارت اور روحانی فیوض و برکات کے حصول کی تڑپ رکھنے والوں کے لیے محفلِ بغداد روحانی تسکین کا ذریعہ بنتی ہے۔

اولیائے کرام سے محبت، عظمتِ صحابہ اور شانِ اہلِ بیت کا جذبہ لیے محفلِ بغداد میں شرکت کیجیے اور علمی و روحانی فیوض و برکات حاصل کیجیے۔

نمازِ عشاء: 8:30 بجے

محفلِ بغداد کا آغاز: 9:00 بجے، بعد نمازِ عشاء

29 ربیع الاول 1448ھ عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ