ijtima e shab e barat
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے

اجتماعِ شبِ برأت

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، کراچی میں اجتماعِ شبِ برأت

حسبِ معمول شعبانُ المعظم کی پندرہویں شب دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ، کراچی میں عوامُ الناس کے لیے اجتماعی عبادت، ذکر، علمِ دین کی مجالس، مدنی مذاکرہ اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق 14 شعبانُ المعظم 1447ھ بعد از نمازِ عصر تا مغرب نفلی اعتکاف ہوگا، جس کے بعد شبِ برأت کا اجتماع 15 شعبانُ المعظم بعد از نمازِ مغرب معمولاتِ اہلِ سنت و اولیائے کاملین کے طریقے کے مطابق چھ خصوصی نوافل کی ادائیگی سے شروع ہوگا۔

شعبان کی پندرہویں شب ان مخصوص راتوں میں سے ہے جن میں دعاؤں کی قبولیت اور اعمال کی مقبولیت کے قوی امکانات بیان کیے گئے ہیں۔ یہ رات اپنی انفرادی حیثیت میں خاص اہمیت کی حامل ہے۔ اس رات گزشتہ سال کا اعمال نامہ اٹھا لیا جاتا ہے اور آنے والی زندگی سے متعلق قدرتی فیصلے ملائکہ کے سپرد کر دیے جاتے ہیں۔ یہ رات فیصلے کی رات ہے، اسی لیے نبیِ کریم ﷺ کی کثیر احادیث میں اس رات کے بارے میں خصوصی احکامات بیان کیے گئے ہیں۔

صحابۂ کرامؓ سے لے کر آج تک اس رات کو عبادات، ذکر، تلاوتِ قرآن اور دعاؤں میں گزارنے کا خاص اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔ اس رات اہلِ ایمان قبرستان جا کر مرحومین کو ایصالِ ثواب بھی کرتے ہیں۔ 15 شعبانُ المعظم کے دن کا روزہ بھی رکھا جاتا ہے۔

شعبان کی پندرہویں شب کی مناسبت سے ہر سال دعوتِ اسلامی کے تحت دنیا بھر میں شبِ برأت کے اجتماعات منعقد کیے جاتے ہیں، اور بالخصوص کراچی میں عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں شعبان کی 14 تاریخ سے ہی لوگوں کا ہجوم جمع ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ عصر کے بعد نفلی اعتکاف، غروبِ آفتاب سے قبل خصوصی توبہ و دعا، اور پھر پندرہویں شب کے آغاز کے ساتھ ہی پوری رات علمِ دین سیکھنے کے ساتھ عبادات و ریاضت میں گزاری جاتی ہے۔

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں اس موقع پر مدنی مذاکرہ بھی ہوتا ہے، جس میں عالمِ اسلام کی نامور شخصیت، حضرت علامہ مولانا محمد الیاس قادری صاحب دامت برکاتہم العالیہ خصوصی طور پر شرکائے اجتماع کی تربیت فرماتے ہیں۔