چینی زبان میں ترجمۂ قرآن
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے

چینی زبان میں ترجمۂ قرآن

چینی زبان میں ترجمۂ قرآن، دعوتِ اسلامی کا نیا علمی کارنامہ

بین الاقوامی سطح پر خدمتِ دین، تعلیمِ قرآن، فروغِ علومِ اسلامیہ اور فلاحی خدمات سر انجام دینے والی عاشقانِ رسول کی عالمگیر دینی تحریک دعوتِ اسلامی کا ایک اور تاریخ ساز اور عظیم علمی کارنامہ منظرِ عام پر آیا ہے۔ یہ کارنامہ قرآنِ پاک کا چینی زبان میں ترجمہ شائع کرنا ہے۔

دعوتِ اسلامی کے علمی پلیٹ فارم سے چین کے باشندے نہ صرف قرآنِ پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھ سکیں گے، بلکہ قرآنی مفاہیم کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ”کنزُ العِرفان مع افہامِ قرآن“ سے بھی استفادہ کر سکیں گے۔

دعوتِ اسلامی کا شعبۂ تراجم دنیا کی مختلف زبانوں میں قرآنِ کریم کے تراجم اور اسلامی کتب کو ہر ملک کی مقامی زبان میں عام کرنے کا عزم رکھتا ہے، اور الحمد للہ اب تک 50 سے زائد زبانوں میں اسلامی کتب کے تراجم منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔

چینی زبان میں ترجمۂ قرآن کا یہ پروجیکٹ دعوتِ اسلامی کی علمی و فکری تحریک کا ایک روشن اور نمایاں پہلو ہے۔ اس ترجمے کا بنیادی مقصد پیغامِ قرآن کے ذریعے چین کے خطے میں امن، محبت، باہمی علمی و ثقافتی تبادلے اور قرآنی تعلیمات کو فروغ دینا ہے۔

قرآن مجید کتابِ ہدایت ہے، جو دنیا میں بسنے والے ہر انسان کو صراطِ مستقیم کی روشنی فراہم کرتی ہے۔ قرآن کو سمجھنا اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا پوری انسانیت کے لیے ذریعۂ نجات ہے۔ دعوتِ اسلامی اسی عظیم مقصد کے تحت دنیا کے ہر فرد کو قرآنی ہدایت سے روشناس کروانے کی عملی کوششیں کر رہی ہے۔

چینی زبان میں ترجمۂ قرآن باقاعدہ طور پر ویب سائٹ پر شائع کر دیا گیا ہے تاکہ ہر شخص بغیر کسی مالی بوجھ اور رکاوٹ کے قرآنی تعلیمات سے براہِ راست مستفید ہو سکے۔

چینی زبان میں ترجمۂ قرآن کی اشاعت کا بیڑا اٹھانا اور اس کو احسن طریقے سے پائے تکمیل تک پہنچانا دعوتِ اسلامی کی علمی روایت کا ایک عظیم الشان کارنامہ ہے۔ اس عظیم علمی و دینی خدمت پر شعبۂ تراجم اور شعبۂ آئی ٹی (IT) کی کاوشیں بالخصوص قابلِ ستائش ہیں۔