alimi ijtimah e zikar o milad
دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے

عالمی اجتماعِ ذکر و میلاد

فیضانِ مدینہ کراچی میں جشنِ میلاد النبی ﷺ کا عالمی اجتماعِ ذکر و میلاد

25 اگست 2026 بروز منگل بعد نمازِ عشاء تا صبحِ صادق، جشنِ میلاد النبی ﷺ کا سالانہ اجتماعِ ذکر و میلاد عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں منعقد ہوگا۔

جشنِ میلاد النبی ﷺ کے پُرمسرت موقع پر یکم ربیع الاول ہی سے عاشقانِ رسول ﷺ کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی جشنِ ولادت کی خوشیاں منانے کا سلسلہ شروع کر دیتی ہے۔ سیرتِ رسول ﷺ پر عمل کی عملی تربیت دینے والے مربی و مبلغ، اسوۂ رسول ﷺ کے محاسن کے بیان میں رطب اللسان اور سنتِ رسول ﷺ کے طریقے پر گامزن امیرِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد الیاس قادری مدظلہ العالیٰ مسلسل بارہ راتوں تک مدنی مذاکرے کے دوران جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کی برکتوں کے حوالے سے قرآن و سنت اور آثارِ صحابہ کرام  رضی اللہ عنہم  سے علم کے موتی لٹاتے نظر آتے ہیں۔

بارہویں کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سیرتِ رسول ﷺ کانفرنس اور عظیم الشان اجتماعِ میلاد کا منظر دلوں میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کے چراغ روشن کرتا دکھائی دیتا ہے۔ عاشقانِ رسول ﷺ کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ’’مرحبا! مرحبا! آمدِ مصطفیٰ ﷺ‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے صبحِ بہاراں تک عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کو گونجتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔

اس عظیم اجتماعِ میلاد میں امیرِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد الیاس قادری مدظلہ العالیٰ نعرہ ہائے رسالت کی گونج میں عشقِ رسول ﷺ کی کیفیات سے سرشار ہوکر مولودِ مصطفیٰ ﷺ کی گھڑی کا استقبال کرتے ہیں۔ تلاوتِ قرآنِ کریم، حمد و نعت، بیانات، مدنی مذاکرہ، محاسنِ رسالتِ محمدی ﷺ، اخلاقِ نبوی، کمالات و فضائل کے بیان کے ساتھ میلاد النبی ﷺ کا حقیقی پیغام اور میلاد کی برکتیں اس اجتماعِ میلاد کے نمایاں موضوعات ہوتے ہیں۔

دعوتِ اسلامی کے تحت جشنِ میلاد کا یہ عظیم الشان اجتماعِ ذکر و نعت دنیا کے بیشتر ممالک میں مدنی چینل کے ذریعے براہِ راست نشر کیا جاتا ہے۔ پاکستان کے علاوہ دنیا کے بے شمار ممالک میں اجتماعاتِ میلاد منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں دعوتِ اسلامی کے مبلغین اور علمائے کرام سیرتِ رسول ﷺ بیان کرتے ہیں اور سنتِ رسول ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناکر دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیتے ہیں۔

12 ربیع الاول 1448ھ کی شب عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ایک بار پھر محفلِ میلاد سجنے والی ہے، جو نمازِ عشاء کے بعد صبحِ بہاراں تک جاری رہے گی۔ ملک کے طول و عرض سے ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ اجتماعِ میلاد میں شرکت کے لیے کراچی کا رخ کر رہے ہیں، جبکہ فیضانِ مدینہ کراچی میں اس عظیم الشان اجتماع کے لیے تیاریاں بھی جاری ہیں۔

مولودِ مصطفیٰ ﷺ کی گھڑی اور صبحِ بہاراں کے استقبال کے لیے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا روح پرور منظر ابھی سے عاشقانِ رسول ﷺ کے دلوں میں شوق و محبت کی کیفیات پیدا کر رہا ہے۔ بس چند دن بعد، 25 اگست 2026 بروز منگل بعد نمازِ عشاء، فیضانِ مدینہ کراچی میں عظیم الشان اجتماعِ میلاد منعقد ہوگا۔ آپ بھی ضرور تشریف لائیے اور عشقِ رسول ﷺ کی نورانی کیفیات سے اپنے دلوں کو منور کیجیے۔