Book Name:Tazeem e Mustafa Ma Jashne Milad Ki Barakatein
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
فرمانِ مصطفےٰ صَلّی اللہ عَلَیْہ وآلِہ وسَلَّم:اَفْضَلُ الْعَمَلِ اَلنِّيَّۃُ الصَّادِقَۃُ سچی نیت سب سے افضل عمل ہے۔ ([1]) اے عاشقانِ رسول! ہر کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کی عادت بنائیے کہ اچھی نیت بندے کو جنت میں داخِل کر دیتی ہے۔ بیان سننے سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے!مثلاً نیت کیجئے! ٭عِلْم سیکھنے کے لئے پورا بیان سُنوں گا ٭ با اَدب بیٹھوں گا ٭دورانِ بیان سُستی سے بچوں گا ٭اپنی اِصْلاح کے لئے بیان سُنوں گا ٭جو سُنوں گا دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! رَبِیْعُ الْاَوَّل کا نُور بار مہینا ہمارے درمیان جلوہ گر ہے ۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ اس بابرکت مہینے میں پوری دنیا میں لاکھوں لاکھ عاشقانِ رسول اپنے آقا ومولیٰ،حبیبِِ کبریا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی ولادت کا جشن دھوم دھام سےمناکر آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے اپنی عقیدت ومَحَبَّت کا اظہار کرتےہیں۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہکئی ملکوں اور شہروں میں اس سلسلے میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت سُنّتوں بھرے اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں جن میں نبیِّ کریم،رءوف و رحیم کی سیرتِطَیِّبَہ کے دلنشین واقعات اورآپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے مختلف اَوصاف کو بیان کیا جاتا ہے،اِنْ شَآءَ اللہ آج کے اس سنتوں بھرے اجتماع میں بھی ہم آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَکی تعظیم سے متعلق ایمان افروز قرآنی آیات،تفاسیر،احادیثِ مبارکہ، واقعات و روایات اور علمائے کرام کے ارشادات سُننے کی سعادت حاصل کریں گے اور ان سے حاصل ہونے والے مدنی پھولوں کو چُن کر اپنے دل کے مدنی گلدستے میں سجانے کی کوشش کریں گے۔ اِنْ شَآءَ اللہ