Book Name:Maut Ka Akhri Qasid

عَمَلُہٗ جس کی عمر لمبی اور اَعْمَال اچھے ہوں۔ پھر پوچھا گیا : اَیُّ النّاسِ شَرٌّ ؟ سب سے بُرا بندہ کون ہے ؟ فرمایا : مَنْ طَالَ عُمْرُہٗ وَ سَاءَ عَمَلُہٗ جس کی عمر لمبی اور اَعْمَال بُرے ہوں۔ ( [1] )  

اللہ ! اللہ ! پیارے اسلامی بھائیو ! ہم غور کریں ، کتنے لوگ ہیں جو پچھلے سال دُنیا سے رخصت ہو گئے ، یقیناً ہمیں مہلت ملی ہوئی ہے ، ہماری سانسیں اب بھی چل رہی ہیں ، یقیناً نیا سال ملنا کوئی خوشی کی بات نہیں ، دیکھنا تو یہ ہے کہ ہمارے اَعْمَال کیسے ہیں ؟ اچھا وہ ہے جس کی عمر لمبی ہو اور اَعْمَال اچھے ہوں  اور اگر نیا دِن تو ملے ، نیا ہفتہ ، نیا مہینا ، نیا سال دیکھنا تو نصیب ہو مگر اَعْمَال بُرے ہی رہیں ، پہلے گُنَاہوں میں ڈوبا ہوا تھا ، نیا سال ملنے پر بھی گُنَاہوں میں مبتلا رہے ، پہلے غفلت میں دِن گزر رہے تھے ، نیا سال شروع ہونے پر بھی غفلت طارِی رہے ، ایسا شخص اچھا نہیں ، بہت بُرا ہے۔

صِدِّیقین کا ایک پیارا وَصْف

منقول ہے : ایک نیک بندے کی قسمت جاگی ، اسے خواب میں پیارے آقا ، مدینے والے مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی زیارت نصیب ہوئی ، عرض کیا : یَارسولَ اللہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ! مجھے نصیحت کیجئے ! پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : جس کے 2 دِن ایک جیسے ہوں ( یعنی کل جیسا گزرا ، آج بھی ویسا ہی گزرے ، کل 5 نیکیاں کی تھیں ، آج بھی 5 ہی نیکیاں کیں ، نیکیوں میں اضافہ نہ ہوا ، یا کل گُنَاہوں میں گزرا تھا ، آج بھی گُنَاہوں ہی میں گزرا ، توبہ نہ کی ، ایسا شخص )  دھوکے میں ہے اور جس کا آج کل سے زیادہ بُرا ہو ، وہ ملعون ہے۔ ( [2] )       


 

 



[1]...ترمذی،کتاب :الزہد،باب:ما جاء فی طول العمر للمؤمن،صفحہ:557 ،حدیث:2330۔

[2]... لطائف المعارف، صفحہ:400۔