Hilm e Mustafa

Book Name:Hilm e Mustafa

مدنی چینل کے سبب نیکی کی دعوت عام ہو

عام دُنیا بھر میں یارَبّ دِین کا پیغام ہو

نرمی اپنائیں ، فائدہ اٹھائیں !

 پیارے اسلامی  بھائیو ! اگر ہم  کسی کو گناہ میں مُبْتَلا دیکھیں تومُسَلمان کےساتھ خَیْرخواہی اوراس کی آخِرت کی بھلائی کی خاطِر شَرِیْعت کی خِلاف ورزی کرنے پر اس کی اِصلاح کریں ، اگرسمجھانے سے فتنے کا اندیشہ ہو تو دل میں  بُرا ضرورجاننا چاہئے۔ جبکہ ذاتی مُعاملات میں خلافِ مِزاج  باتوں پر صَبْروتحمل اور عَفْوودَرگُزر سےہی  کام لینا چاہیے ، کوئی کتناہی غُصّہ دِلائے ، ہمیں اپنی زَبان اورہاتھوں  کوقابُومیں رکھتے ہوئے ، رِضائے الٰہی کی خاطِر مُعاف کردینا چاہیے ۔ کیونکہ جب  زَبان بے قابو ہوجاتی ہے ، تو بعض اَوْقات بنے بنائے کام بھی بِگاڑ دیتی ہے ، اسی لئے کسی نے سچ کہا کہ

ہے فَلاح و کامرانی نَرمی و آسانی میں

ہر بنا کام بِگڑ جاتا ہے نادانی میں

یادرکھئے !  اگر ہم کسی کی  غَلَطی پررِضائے اِلٰہی اوراچھی اچھی نیّتوں کے ساتھ اس سے اِنتِقام لینا چھوڑدیں ، توہمارا مُعاشَرہ  اَمْن وسُکون کا گہوارا بن سکتا ہےاور فتنےفَسادکے ناپاک جَراثِیم خُودبخُود دَم توڑ جائیں گے۔بردباری ونرم دلی ، اللہ  پاک کو پسند ہے ، یقیناً جسےیہ عظیم دولت مل گئی ، وہ بڑا بختاور  ( خوش نصیب ) ہے ، نرمی ہی اِنْسان کی زِینت ہے ، ہر وَقْت بد مزاجی سے پیش آنا ، یہ تہذیب کے  بھی خلاف ہے ، بااَخلاق اور نرم خُوشَخْص  سب کو پیارا لگتا ہے ، جبکہ تُند مِزاج اور سَخْت دل  شَخْص سے لوگ دُوربھاگتے ہیں۔ آئیے نرمی اپنانے کےلیے4 فرامینِ مُصْطَفٰے صَلَّی اللہ  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سنتے ہیں :