Book Name:Quran Kitab Hidayat hai

آپ صدیقہ طیبہ،طاہرہ،زاہدہ،عابدہ،تہَجّد گزار، روزوں کی پابند،صدقہ وخیرات اور ایثار کرنے والی تھیں۔ ایک مَرتبہ سیدہ عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہا نے 70 ہزار درہم راہِ خدا میں صدقہ کئے، حالانکہ ان کی قمیص کے مبارک دامن میں پیوند لگا ہوا تھا۔ (مدارج النبوت،ج۲،ص۴۷۳)

اُمَّت کو تَیَمُّم کی آسانی آپ ہی کے صدقے میں ملی،نبیِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا وِصال آپ کے سینے پر ہوااورآپ  کا روضہ ٔانورآپ کا حُجرۂ مبارکہ ہے،حضورِانورصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی وفات کے وقت آپ کی عمر شریف 18 سال تھی ۔ آپ تمام لوگوں سے بڑھ کرفَقِیْہَہ،عالِمہ، مُحَدِّثَہ،مُفَسِّرَہ،مُفتِیَہ اور اچھی رائے رکھنے والی تھیں۔17رمضان المبارک منگل کی رات57یا 58 ہجری مدیْنۂ منوَّرہ  میں آپ کا وِصالِ ظاہری ہوا،حضرت  سَیِّدُناابو ہریرہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے آپ کی نمازِ جنازہ پڑھائی اور  جنت البقیع میں آپ کی تدفین کی گئی۔ 

کیوں نہ ہو رُتبہ تمہارا اہلِ ایماں میں بڑا

سب تو ہیں مومن مگر ہیں آپ اُمُّ الْمُوْمنین

آپ کا علْم و فِقْہ تحقیقِ قرآن و حدیث

دیکھ کر حیراں ہیں سارے صحابہ تابعین

 (دیوانِ سالک،ص۳۱)

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْبِ!                                             صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد

آپ  کی سِیرت سےمُتَعَلِّق مزید معلومات کیلئے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ 608 صفحات پرمشتمل انمول کتاب”فیضانِ عائشہ صِدِّیقہ“ کا مُطالعہ فرمائیے۔ اِس کتاب کومکتبۃُ المدینہ سے ھَدِیَّۃً طَلَب فرما کر خُود بھی مُطالَعہ کیجئےاوردُوسرے اسلامی بھائیوں بالخصوص  اپنے گھر کی اسلامی بہنوں کو بھی اس کی ترغیب دلائیے۔اِس کتاب کودعوتِ اسلامی کی ويب سائٹ www.dawateislami.net سے رِیڈ (یعنی پڑھا)بھی جاسکتا ہے،ڈاؤن لوڈ (Download)اور پرنٹ آؤٹ(Print Out)بھی کِیا جا سکتا ہے ۔