دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا عمر فیاض عطّاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ مئی 2024ء

مدارسُ المدینہ پاکستان کے تحت تقسیمِ اسناد اجتماع کا انعقاد

حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والے بچوں کو اسناد دی گئیں

مدارسُ المدینہ پاکستان (بوائز/گرلز) کے زیرِ اہتمام 18فروری 2024ء کو پاکستان بھر میں تقسیمِ اسناد اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جن میں مدرسۃُ المدینہ کے بچوں، اُن کے سرپرستوں، قاری صاحبان اور ذمہ داران سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ اس موقع پر نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمدعمران عطّاری نے خصوصی بیان کیا اور حفظ و ناظرہ مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں کو مبارک باد دی۔ اجتماعات کے اختتام پر سال 2023ء میں حفظ کرنے والے 12ہزار 586 جبکہ ناظرہ مکمل کرنے والے 54ہزار 96 بچوں اور بچیوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں  سٹی تا وارڈ

نگران اسلامی بھائیوں کا سنتوں بھرا اجتماع

14 فروری 2024ء کو دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں کراچی سٹی کےذمہ داران تا وارڈ نگران شریک ہوئے۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطّاری نے ”حسنِ اخلاق اور نیکی کی دعوت“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا جس میں اُن کا کہنا تھا کہ عبادت سے ہمارا اپنا جبکہ حسنِ اخلاق سے اپنے ساتھ دوسروں کا بھی فائدہ ہوتا ہے۔نگرانِ شوریٰ نے حسنِ اخلاق کی اہمیت و افادیت کے بارے میں بھی گفتگو کی۔

بنگلہ دیش میں دعوتِ اسلامی کا تین دن

 کا عظیمُ الشّان اجتماع

ہزاروں عاشقانِ رسول نے شرکت کی

ڈھاکہ ایشین سٹی کے وسیع و عریض میدان میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 14، 15اور  16 فروری 2024ء تین دن کا عظیم الشان سنتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا جس میں بنگلہ دیش بھر سے علمائے کرام، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، بزنس مین اور ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ تین دن کے عظیم الشان اجتماع میں مبلغین دعوتِ اسلامی نےمختلف موضوعات پر سنتوں بھرے بیانات کئے، جبکہ تلاوتِ قراٰنِ پاک، تفسیر سننے سنانے کے حلقے، نعت خوانی، ذکر اللہ، مناجات، شرکا کو فرض علوم (وضو، نماز، نماز ِجنازہ، غسل، غسل میت اور کفن دفن کا طریقہ) سکھانے اور رِقّت انگیز دعاؤں کا سلسلہ بھی ہوا۔اجتماع کے تینوں دن فرض نمازوں کے ساتھ ساتھ اشراق و چاشت، تہجد اور دیگر نوافل بھی ادا کئے گئے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اجتماع گاہ کے اطراف میں کئی ایکڑز پر محیط پارکنگ اسٹینڈز بنائے گئے جبکہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔

دعوتِ اسلامی کے مختلف دینی کاموں کی جھلکیاں

*04 اور 05 فروری 2024ء کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں شعبہ پروفیشنلز فورم (دعوتِ اسلامی) کے تحت دو دن کا پروفیشنلز اجتماع منعقد ہوا جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے انجینئرز، ڈاکٹرز، پرنسپلز، آئی ٹی ایکسپرٹ اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ پروفیشنلز حضرات و شخصیات نے شرکت کی۔ اجتماع میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری، اراکینِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری، حاجی محمد اطہر عطّاری، حاجی محمد امین عطّاری اور دارُ الافتاء اہلسنت کے مفتی علی اصغر عطّاری مدنی و مولانا محمد شفیق عطّاری مدنی نے بیانات کئے۔*کنزُالمدارس بورڈ پاکستان (دعوتِ اسلامی) کے تحت ملک بھر میں سالانہ امتحانات کا سلسلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق امتحانات کا آغاز 12فروری 2024ء بروز پیر سے ہوا جو 21 فروری 2024ء بروز بدھ تک جاری رہا۔ سالانہ امتحان کے لئے ملک بھر میں 665 سینٹرز قائم کئے گئے تھے جبکہ امتحانات میں شرکت کرنے والے اسٹوڈنٹس کی تعداد تقریباً 1لاکھ 12ہزار تھی۔ 1لاکھ 12ہزاراسٹوڈنٹس میں تجوید و قراءت، درسِ نظامی، تخصصات اور کلیۃ الشریعہ کے 83 ہزار 357 طلبہ و طالبات، ناظرۃ القراٰن، تحفیظ القراٰن کے 19 ہزار 794 طلبہ و طالبات اور شارٹ کورس (امامت کورس، فیضانِ شریعت کورس) کے 8ہزار 850 طلبہ و طالبات شامل تھیں۔ *جنکپور شہر، نیپال میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام جامعۃُ المدینہ کی نیو برانچ ”فیضانِ اعلی ٰحضرت“ کا افتتاح کردیا گیاہے۔ خوشی کے اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں تلاوت و نعت کے بعد نگرانِ نیپال مشاورت نے بیان کیا۔ *امتِ مسلمہ کی امداد اور اُن کی خیرخواہی کا جذبہ رکھتے ہوئے دعوتِ اسلامی کے تحت افریقی ملک ملاوی کے اطراف گاؤں Phalombeمیں ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں نگرانِ ملاوی مشاورت مولانا محمد عثمان عطّاری مدنی نے بیان کرتے ہوئے حاضرین کو مشکلات اور پریشانیوں کے مواقع پر صبر و دعا کرتے رہنے کی ترغیب دلائی۔ بعدِ اجتماع مختلف نجی ایسوسی ایشنز کے تعاون سے دعوتِ اسلامی کے فلاحی شعبےFGRFکے تحت کم و بیش 300 خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ *مدنی مرکز فیضانِ مدینہ آفندی ٹاؤن حیدر آباد میں مدنی کورسز کے تحت 07 دن کا رہائشی”فیضان ِ نماز کورس“ ہوا جس میں مختلف علاقوں کے اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ معلم مدنی کورسز نے شرکا کو وضو و غسل کے مسائل، نماز کی شرائط، فرائض، واجبات، مکروہات اور مفسدات سمیت نماز کا عملی طریقہ سکھایا۔ کورس کے اختتام پر اراکینِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطّاری اور حاجی قاری ایاز عطّاری نے اسلامی بھائیوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (فروری 2024ء)

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ یا آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، فروری  2024ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی ملاحظہ کیجئے: (1)فیضانِ جنید بغدادی رحمۃُ اللہِ علیہ: 27 لاکھ 21ہزار 240 (2)مکے کی زیارات امیر اہلِ سنّت کے ساتھ: 26لاکھ 81ہزار275 (3) صدقات کے بارے میں 25 سوال جواب:  26 لاکھ 16ہزار188  (4) موت کا ذائقہ: 26 لاکھ 2ہزار770۔

فروری 2024ء میں امیر اہل سنت کی جانب سے

جاری کئے گئے پیغامات کی تفصیل

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے فروری2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر،دعوتِ اسلامی) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 2979 پیغامات جاری فرمائے جن میں 582 تعزیت کے، 2256 عیادت کے جبکہ 141 دیگر پیغامات تھے۔ان پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بیماروں سے عیادت کی، انہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

”انتقالِ پُرملال“

5 مارچ 2024ء کواستاذالعلماء، شیخ الحدیث والتفسیر حضرت علامہ مولانا مفتی گُل محمد عتیقی صاحب کا انتقال ہوگیا۔ اِنَّا لِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ آپ کی نمازِ جنازہ داتا دربار لاہور میں شیخ الحدیث و التفسیر استاذالعلماء حضرت علامہ مولانا مفتی حافظ عبدالستار سعیدی صاحب کی امامت میں ادا کی گئی۔شیخِ طریقت، امیر ِاہلِ سنت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مفتی صاحب کے لواحقین سےتعزیت کا اظہار کیا اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

مجلس ماہنامہ فیضانِ مدینہ بھی دعاگو ہے کہ اللہ پاک ان کی دینی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین

دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے

news.dawateislami.net

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*( فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ،ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کراچی)


Share

Articles

Comments


Security Code