Book Name:Surah e Mulk Ki Tilawat
الله پاک فرماتا:
اِنَّ الَّذِیْنَ یَتْلُوْنَ كِتٰبَ اللّٰهِ وَ اَقَامُوا الصَّلٰوةَ وَ اَنْفَقُوْا مِمَّا رَزَقْنٰهُمْ سِرًّا وَّ عَلَانِیَةً یَّرْجُوْنَ تِجَارَةً لَّنْ تَبُوْرَۙ(۲۹) (پارہ:22،سورۂ فاطر:29)
ترجمۂ کنز العرفان : بیشک وہ لوگ جو اللہ کی کتاب کی تلاوت کرتے ہیں اور نماز قائم رکھتے ہیں اور ہمارے دئیے ہوئے رزق میں سے پوشیدہ اوراعلانیہ کچھ ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں وہ ایسی تجارت کے امیدوار ہیں جو ہرگز تباہ نہیں ہوگی۔
اس آیت میں بیان کیا گیا کہ جو لوگ روزانہ قرآن کریم پڑھتے ،نمازیں ادا کرتے اور اللہ پاک کی راہ میں مال خرچ کرتے ہیں، اللہ پاک ان کو بخشنے اور ان کے اعمال کی بھرپور جزا عطا فرمانے والا ہے۔([1])
تفسیر نور العرفان میں ہے : تلاوتِ قرآن کریم بہترین عبادت ہے اور یہ ایسی عبادت ہے اسے وظیفے کی نیت سے پڑھیں یا برکت کے لیے ہر طرح ثواب ملے گا، ہمیں چاہئے کہ ہم روزانہ استقامت کے ساتھ قرآن کریم کی تلاوت کریں ۔([2])
فرمانِ مصطفےٰ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم
* سرکارِ مدینہ ، راحت، قلب وسینہ صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ عالی شان ہے: قرآن کریم میں 30آیتوں پر مشتمل ایک سُوْرت ہے،جو اپنے پڑھنے والے کی شفاعت کرے گی، اور وہ سُوْرت سورۂ مُلْک ہے۔([3]) *ایک اور روایت میں ہے : حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیْ اللہ عنہ فرماتے ہیں: جو شخص ہر رات سورۂ مُلْک کی تلاوت کرتا ہے، اللہ پاک اسے عذابِ قبر سے محفوظ فرما دیتا ہے۔([4])