Book Name:Rasool e Zeeshan Ke 3 Huqooq (Qist 2)
اِخْتلاف ہے، کچھ عُلَما کہتے ہیں: ایک ہی جلسہ میں چاہے ہزار بار ذِکْرِ پاک ہو، ہر بار درود شریف پڑھنا واجب ہے،اگر ایک بار بھی چھوڑا تو گنہگار ہوگا،جبکہ دُوسرے عُلَما فرماتے ہیں:ایک ہی جلسہ میں بار بار ذِکْرِ پاک ہو تو ایک مرتبہ درود شریف پڑھنا واجب ہے اور ہر بار پڑھنا مُسْتَحَبْ ہے۔ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں: مُنَاسب یہی ہے کہ ہر بار درود شریف پڑھتا جائے ، کہ ایسی چیز جس کے کرنے میں بڑی بڑی رحمتیں، برکتیں ہیں اور نہ کرنے میں بلا شُبہ بڑے فضل سے محرومی ہے،تو کسی عقل مند کا کام نہیں کہ اسے تَرْک کرے۔([1]) * خطبے کے دوران ذِکْرِ پاک سُنا تو صِرْف دِل میں درود شریف پڑھیں، زبان سے پڑھنا جائِز نہیں کہ اس وقت خاموش رہنا فرض ہے۔([2])
تیسرا حق:نسبت کا ادب واحترام کرنا
وضاحت: یعنی ہر وہ چیز جسے پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ساتھ نسبت حاصِل ہے، اس کی دِل سے تعظیم کرنا، ادب و احترام بجا لانا بھی حقوقِ مصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ میں سے ایک اَہَم تَرِین حق ہے۔
نسبت کے ادب کی مثالیں: مثلاً *صحابۂ کرام *اَہْلِ بیتِ پاک * پیارے آقا صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اَزْواج مطہرات * اور اَوْلادِ پاک کا انتہائی ادب کرنا، کوئی ایک لفظ بھی ان کی بےادبی کا زبان پر نہ لانا *مدینہ شریف * خاکِ مدینہ * حتیٰ کہ مدینے شریف کے کانٹوں تک کا ادب کرنا * پیارے آقا صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے موئے مبارَک * نقشِ نعلین شریف اور ہر وہ چیز جسے پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے ساتھ نسبت ہو، چاہے نسبت بہت دُور کی ہی کیوں نہ ہو، اس کا ادب و احترام کرنا لازِم اور ضَروری ہے۔