Dhal Jaaye Gi Yeh Jawani

Book Name:Dhal Jaaye Gi Yeh Jawani

اے عاشقان ِ رسول! اچھّی اچھّی نیّتوں سے عمل کا ثواب بڑھ جاتا ہے۔ آئیے! بیان سننے سے پہلے کچھ اچھّی اچھّی نیّتیں کر لیتے ہیں، نیت کیجئے!*رضائے الٰہی کے لیے بیان سُنوں گا*بااَدَب بیٹھوں گا* خوب تَوَجُّہ سے بیان سُنوں گا*جو سُنوں گا، اُسے یاد رکھنے، خُود عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

مستقبل روشن کرنے کی فکر

پیارے اسلامی بھائیو! جب انسان ہوش سَنبھالتا ہے تو سمجھتا ہے کہ بس میں اِس دنیا میں آ گیا،سو آ گیا،اب مجھے یہاں سے رخصت نہیں ہونا۔  یہی وجہ ہے کہ آج ہر ایک اپنے روشن مستقبل کی فکر میں مَگن ہے * کسی کو اپنی قبر روشن کرنے کی فِکر نہیں*قیامت کی روشنی کے بارے میں کوئی نہیں سوچتا*پُل صِراط جو تلوار کی دَھار سے زیادہ تیز،بال سے زیادہ باریک اور جہنّم کی پُشْت پر بنا ہوا ہےاور اُس کے ساتھ بڑے بڑے آنکڑے ( یعنی ہُک) لگے ہوں گے جو گزرنے والوں کو پکڑ پکڑ کر جہنّم میں جَھونک رہے ہوں گے،اَفسوس! اُس پُل صِراط کی تاریکی کو روشن کرنے کی کسی کو فکر نہیں۔

آج ہر شخص یہی چاہتا ہے کہ بس میرا دُنیوی مستقبل روشن ہو جائے، چاہے اِس کے لیے مجھے کافروں کے پاس جانا پڑے یا اپنا ایمان داؤ پہ لگانا پڑے!آہ !بے شُمار نوجوان اپنے مستقبل کو روشن کرنے کی کوشش میں مصروف ہوتے ہیں کہ بے چارے اَچانک موت کا شِکار ہو کر دِلوں میں روشن مستقبل کی حسرت لیے اَندھیری قبر میں جا پہنچتے ہیں! آئیے ایک ایسے ہی نوجوان کی لرزہ خیز داستان سنیےاور اپنی قبر و آخرت روشن کرنے کی فکر کیجیے!