Book Name:Islam Sacha Deen Hai
ہو گئی۔ یہ سب غیر مسلم تھے، ظاہِر ہے انہوں نے تعریفیں تو کرنی نہیں تھی، اپنی باطنی بُرائیوں کا ہی اِظْہار کرنا تھا۔ چنانچہ بات یہ شروع ہو گئی کہ مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے 11 نِکاح کیے ہیں۔ اس کو یہ لوگ عَیْب سمجھ کر بیان کر رہے تھے۔ سب نے ان گستاخیوں میں اپنا اپنا حصّہ ملایا۔ ایک جو غیر مسلم تھا، وہ خاموشی سے بیٹھا یہ ساری باتیں سُن رہا تھا۔ جب سب اپنا اپنا حصّہ ملا چکے تو اس خاموش غیر مسلم کی طرف متوَجّہ ہوئے، کہا: تم کیوں نہیں کچھ بولتے؟ وہ غیر مسلم بولا: تمہاری باتیں سُن کر مجھے تو لگ رہا ہے کہ اِسْلام سچّا دِین ہے اور مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم واقعی سچّے رسول ہیں، لہٰذا میں کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو رہا ہوں۔
باقیوں نے کہا: بھئی...!! تم نے یہ بات کہاں سے نکال لی؟ ہم تو اُن کی بُرائیاں ہی کر رہے تھے۔ وہ خاموش غیر مسلم بولا: تم ہی کہتے ہو کہ مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے 25 سال کی عمر میں پہلا نکاح کیا اور وہ بھی ایک بیوہ خاتُون سے کیا۔ پِھر باقی نِکاح آپ نے 50سال کی عمر کے بعد کیے۔ بھلا سوچو تو 25 سال کی عمر ہے، عرب کا اِنتہائی خوبصُورت نوجوان ہے، اُن کا کردار کتنا پاکیزہ تھا، عرب کے اس دَور کے بےحیائی والے ماحَوْل نے بھی اُن پر کوئی اَثَر نہ کیا اور اُن کی جوانی نفسانی خواہشات سے دُور بالکل بےداغ رہی، ایسا تَو کوئی سچّا نبی ہی کر سکتا ہے۔ لہٰذا میں مانتا ہوں کہ مُحَمَّد صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم سچّے نبی ہیں اور میں آج سے مسلمان ہوتا ہوں۔([1])
سُبْحٰنَ اللہ! معلوم ہوا؛ قرآنِ کریم کی ایک ایک آیت، مَحْبوب صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی ایک ایک ادا، ایک ایک فرمانِ ذیشان حقانِیتِ اسلام کی واضِح دلیل اور نشانی ہے۔