Ghuas e Pak Ki Nashihatain

Book Name:Ghuas e Pak Ki Nashihatain

حُضُور غوثِ پاک، شیخ عبد القادِر جیلانی  رَحْمَۃُ  اللہ  عَلَیْہ  نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے مزید فرمایا: (لوگو!) جب تمہیں موت آئے گی، تم خوابِ غفلت سے بیدار ہو جاؤ گے مگر اُس وقت بیدار ہونے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔  اے انسان! بُرے لوگوں کی صحبت نے تمہیں نیک لوگوں سے بدگمان کر دیا ہے۔  اللہ  پاک کی کتاب اور سُنّتِ مصطفےٰ کی روشنی میں زِندگی گزارو! کامیابی تمہارے قدم چومے گی۔  اللہ  پاک سے ایسی حیا کرو، جیسی اُس سے حیا کرنے کا حق ہے۔ غفلت میں اپنا وقت ضائع مت کرو...! تم وہ مال جمع کرنے میں مصروف ہو، جو تم نے استعمال نہیں کرنا، وہ خواب سجاتے ہو، جن تک پہنچ نہیں پاؤ گے، وہ عمارتیں بناتے ہو جن میں تم نے (ہمیشہ) نہیں رہنا اور اِن سب باتوں نے تمہیں  اللہ  پاک کے حُضُور حاضِر ہونے سے غافِل کر دیا ہے۔

غوثِ پاک  رَحْمَۃُ  اللہ  عَلَیْہ  نے اپنے بیان کا سلسلہ مزید آگے بڑھاتے ہوئے فرمایا: اس میں کوئی شک نہیں کہ ساری کی ساری بھلائی  اللہ  پاک کے پاس ہے اور بُرائی ساری کی ساری غَیْرُ  اللہ  (یعنی  اللہ  پاک کے دشمنوں) کے پاس ہے۔ بھلائی اسی میں ہے کہ  اللہ  پاک کے حُضُور حاضِر ہو جاؤ...!  اللہ  پاک کے درِ عِزت سے دُور بھاگنے میں صِرْف بُرائی ہے۔

اے لوگو! تم پر لازم ہے کہ (1):موت کو یاد کرو! (2):مصیبت پر صبر کرو! (3):اور ہر حال میں  اللہ  پاک پر بھروسہ رکھو...! جب یہ تینوں اَوْصاف تمہارے اندر پُوری طرح پیدا ہو جائیں گے تو تمہیں موت اس حالت میں آئے گی کہ موت کو یاد کرنے کے سبب تم زاہِد بن چکے ہو گے، صبر کے ذریعے تم  اللہ  پاک کی بارگاہ سے من مانتے انعام پاؤ گے تو تَوَکُّل کے ذریعے  اللہ  پاک کے ساتھ  تمہارا تعلق مضبوط ہو جائے گا۔