Book Name:Nafarmani Ka Anjam
کُفّار پر غلبہ عطا فرمایا ہے (یعنی آج خوشی کا دِن ہے) اور آپ آنسو بہا رہے ہیں؟ حضرت ابو درداء رَضِیَ اللّٰهُ عَنْه نے فرمایا : اے جُبَیْر! غور تو کرو...! جو اللہ پاک کی نافرمانی کرتا ہے ، وہ اپنے رَبّ کے حُضُور کتنا بےوَقْعَت ہو جاتا ہے۔ قُبْرص کے رہنے والے کیسے غلبے و عزّت والے تھے ، انہوں نے اللہ پاک کے اَحْکام چھوڑے ، اپنے رَبِّ کریم کی نافرمانی کی تو ان کا یہ حال ہوا (کہ آج انہیں شکست ہوئی اور یہ ذلیل و رُسوا ہو گئے)۔ ([1])
عزّت صِرْف اللہ پاک کی فرمانبرداری میں ہے
پیارے اسلامی بھائیو! معلوم ہوا؛ عزّت صِرْف و صِرْف اللہ پاک کی فرمانبرداری میں ہے ، جو اللہ پاک کی نافرمانی کرتاہے ، وہ ذلیل و رُسوا ہو کر رِہ جاتا ہے۔ سب مسلمانوں کی اَمّی جان حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰهُ عَنْها نے ایک مرتبہ حضرت امیر معاویہ رَضِیَ اللّٰهُ عَنْه کو نصیحت بھرا خط لکھا ، اس میں فرمایا : بےشک جو بندہ اللہ پاک کی نافرمانی کرتا ہے ، اس کی سزا میں اس شخص کی تعریف کرنے والے لوگ ہی اس کی بُرائیاں کرنے لگتے ہیں۔ ([2])
حضرت امام حسن بصری رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه فرماتے ہیں : جب بندہ نیکی کرتا ہے تو یہ نیکی اس کے دِل میں نُور اور بدن کی طاقت بن جاتی ہے اور جب بندہ گُنَاہ کرتا ہے تو یہ گُنَاہ اس کے دِل میں اندھیرا کرتا اور بدن کو کمزور کر دیتا ہے۔([3])