Book Name:Pyary Aaqa Ka Pyara Dost

(3):کثرت سے نماز پڑھنے والا ہو

پیارے اسلامی بھائیو! پیارے آقا کے پیارے دوست کے 7 اوصاف میں سے تیسرا وَصْف ہے: ذُو حَظٍّ مِنَ الصَّلَاةِ یعنی کثرت سے نماز پڑھنے والا ہو۔

یعنی 5نمازیں جو روزانہ کی فرض ہیں، وہ تو پڑھنی ہی پڑھنی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ بندہ نفل نمازوں کی کَثْرت کرنے والا ہو*مثلاً تہجد گزار ہو*اشراق*چاشت *اور اَوَّابِین کے نوافِل پڑھتا ہو*رات کو بھی نفل پڑھنے کی عادَت رکھتا ہو، ایسا جو خوش نصیب ہے، اس کے بارے میں رسولِ ذیشان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: یہ میرے دوستوں میں قابِلِ رشک دوست ہے۔

ہر حال میں فرض نماز قائم کریں

اللہُ اکبر! کیا شان ہے نوافِل کی کَثْرت کرنے والوں کی...!! کاش! ہمیں بھی ایسی تَوفیق نصیب ہو جائے۔ اَفسوس! ہمارا تو حال یہ ہے کہ فرض نمازیں بھی بہت مشکل سے پُوری ہو پاتی ہیں۔ کتنے ایسے لوگ ہیں جو نماز نہیں پڑھتے، نمازیں قضا کر ڈالتے ہیں، جو پڑھنے والے ہیں، ان میں پانچوں نمازوں کے پابند بہت کم ملیں گے*کبھی 2پڑھ لیں*کبھی 4پڑھ لیں*فجر  میں آنکھ کھلی تو ٹھیک، ورنہ فجر بھی قضا*ظہر اور عصر میں کام میں مَصْرُوف تھے، لہٰذا وقت نہ ملا اور نماز قضا کر ڈالی...!! یہ کتنے افسوس کی بات ہے، بندے کو اپنے رَبّ کے حُضُور حاضِری کا وقت نہیں مِل رہا....!!

اللہ پاک ہمارے حال پر رحم فرمائے۔ یاد رکھئے!جان بوجھ کر ایک وَقْت کی نماز چھوڑنا حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔ اللہ پاک قرآن کریم میں فرماتا ہے۔

فَخَلَفَ مِنْۢ بَعْدِهِمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوةَ وَ اتَّبَعُوا الشَّهَوٰتِ فَسَوْفَ یَلْقَوْنَ غَیًّاۙ(۵۹) (پارہ:16، مریم:59)