Book Name:Pyary Aaqa Ka Pyara Dost

دستیاں 2 ہوتی ہیں، یہ بات بالکل واضِح ہے، رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم بھی جانتے ہیں، صحابئ رسول بھی جانتے ہیں لیکن رسولِ پاک صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے تربیت فرمائی کہ آنکھوں دیکھی حقیقت پر نہ جاؤ! میرے فرمان پر بُنیاد رکھو! آج اگر تم میرے فرمان پر آنکھیں بند کر لیتے تو میں مانگتا جاتا اور تم دیتے جاتے، بکری کی دستیاں کبھی ختم نہ ہوتیں۔

الله پاک ہمیں ایسا پختہ اِیمان، پکّا یقین رکھنے کی توفیق نصیب فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم۔

(2):کم مال وعیال والا ہو

پیارے اسلامی بھائیو! پیارے آقا کے پیارے دوست کے 7 اوصاف میں سے دوسرا وصف ہے: خَفِيفُ الْحَاذِ یعنی جوکم سامان والا ہو۔ یہ بھی بہت اَہَم وَصْف ہے۔ دُنیا کا سامان کم ہو كیونکہ دُنیا کا سامان اگر حرام ذریعے سے ہو تو اس پر عذاب ہے، اگر حلال ذریعے سے ہو تو اس کا حساب ہے۔ لہٰذا دُنیا کی حِرْص دِل میں نہیں رکھنی چاہئے۔

جہاں ہے تیرے لئے، تُو نہیں جہاں کے لئے

پچھلی آسمانی کتابوں میں ہے: اللہ پاک نے فرمایا: اے اِبْنِ آدم! میں نے سب کچھ تیرے فائدے کے لئے بنایا اور تجھے اپنے لئے (یعنی اپنی عِبَادت کے لئے) پیدا کیا۔ پس اپنے مقصدِ تخلیق کو بُھول کر جو تیرے لئے بنایا گیا ہے، اس میں دِل نہ لگاؤ! ([1])

نہ تُو زمیں کے لئے ہے نہ آسماں کے لئے             جہاں ہے تیرے لئے، تُو نہیں جہاں کے لئے

مقامِ پرورشِ آہ و نالہ ہے یہ چمن                                                         نہ سیرِ گل کے لئے ہے نہ آشیاں کے لئے([2])


 

 



[1]... رسائل ابن رجب، شرح حدیث ان اغبط اولیائی، صفحہ:749۔

[2]...كلياتِ اقبال،بالِ جبریل، صفحہ:379 ملتقطًا۔