Book Name:Rah e Ibadat Ki Rukawatein

سب کا مالِک آپ کا پیارا رَبّ اللہ رَبُّ العزّت ہے، آپ اس کی عبادت کیجئے اور اس پر ثابِت قدم رہئے!کیا آپ اللہ پاک کا کوئی ہم نام جانتے ہیں؟ ہر گز نہیں...!! یعنی اللہ پاک واحِد ہے، یکتا ہے، لَاشَرِیْک ہے اور اس کی یہ وحدانیت (یعنی ایک ہونا) اتنا واضح ہے، اس حد کو پہنچا ہوا ہے کہ اس کے جیسا کوئی دوسرا ہونا تو دُور کی بات، اس کے نام جیسا نام بھی کسی کا نہیں ہے، یہاں تک کہ غیر مُسلم جو اللہ پاک کا شریک ٹھہراتے ہیں، جہنّم میں لے جانے کا کام کرتے ہیں، اُن کو بھی کبھی ایسی جرأت نہ ہوئی کہ اپنے جھوٹے خُداؤں کا نام ”اللہ“ رکھ سکیں۔ ([1]) یہ آپ کے رَبّ ہی کی شان ہے کہ جیسے وہ خُود واحِد و یکتا ہے، ایسے ہی اس کا نام بھی واحِد و یکتا ہے۔

اللہ واحد و یکتا ہے، ایک خُدا بس تنہا ہے                               کوئی نہ اس کا ہمتا ہے، ایک ہی سب کی سنتا ہے

لَآاِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ اٰمَنَّا بِرَسُوْلِ اللّٰہ

وہ ہے مُنَزَّہ شرکت سے، پاک سکون و حرکت سے کام ہیں اس کے حکمت سے، کرتا ہے سب قدرت سے

لَآ     اِلٰہَ     اِلَّا     اللّٰہ     اٰمَنَّا     بِرَسُوْلِ     اللّٰہ([2])

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

عِبَادت کرو! جَم کر کرو!

پیارے اسلامی بھائیو! اس آیتِ کریمہ میں پیارے آقا، مکی مَدَنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو اور آپ کے واسطے سے ہم غلامانِ مصطفےٰ کو 2باتوں کا حکم دیا گیا ہے: (1):فرمایا:

فَاعْبُدْهُ (پارہ:16، مریم:65)

ترجمہ کنزُ العِرفان: تَو اسی کی عبادت کرو۔


 

 



[1]...تفسیر صراط الجنان، پارہ:16، سورۂ مریم، زیر آیت:65، جلد:6، صفحہ:137 خُلاصۃً۔

[2]...سامانِ بخشش، صفحہ:32-33 ملتقطًا۔