Book Name:Namaz Ki Ahmiyat

خُشُوْع و خُضُوْع سے نَماز پڑھنے والے کی مَغْفِرت

نبیِّ کریم صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: اللہ   پاک نے 5 نَمازیں فَرض فرمائی ہیں، جو ان کے لئے بہتر طَریقے  سے وضو کرے اور انہیں ان کے وَقْت میں اَدا کرے اور ان کے رُکُوع و سُجود،خُشُوْع(یعنی عاجزی) کے ساتھ پورے کرے تو اللہ  پاک کے ذمّۂ کرم پر ہے کہ اس کی مَغْفِرت فرمادے اور جو انہیں اَدا نہیں کرے گا تواللہ  پاک کے ذِمّے اس کے لئے کچھ نہیں، چاہے تو اسے مُعاف فَرمادے اور چاہے تو اسے عَذاب دے۔ (ابوداود ، کتا ب الصلوۃ ، با ب المحا فظۃ علی وقت الصلوات، رقم: ۴۲۵،۱/ ۱۸۶)

نمازمیں شفاہے

اےعاشقانِ رسول!جوخوش نصیب پانچوں نمازیں اداکرتے ہیں اللہ    پاک اس کی بَرَکت سے انہیں بیماریوں سے شفاعطافرماتاہے ۔آج ہمارے یہاں ایسی نئی نئی بیماریاں ظاہر ہورہی ہیں، جن کا آج سے پہلے نام تک نہ سنا تھا،ان کے علاج کیلئے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی بیماریاں بڑھتی ہی جاتی ہیں،اگر ہماللہ  پاک اور اس کے رسول صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے فرامین پر عمل کرتے ہوئے نماز کی پابندی شروع کردیں تو اِنْ شَآءَ اللہ  بیماریوں سے نجات مل سکتی ہے،جیساکہ

پیارےآقا صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کافرمانِ عالیشان ہے:اِنَّ فِی الصَّلٰوۃِ شِفَاءً یعنی بے شک نماز میں شفا ہے۔( ابن ماجہ،باب الصلاۃ شفاء،۴/ ۹۸،حدیث: ۳۴۵۸)لہٰذا ہمیں چاہئے کہ بیمار ہوں یا تندرست ہرحال میں نہ صرف خود نماز کی پابندی کریں بلکہ اپنے گھر والوں کوبھی نماز کا عادی بنائیں ۔