Book Name:Qabar Kaise Roshan Ho

تینوں کے 3 سُوال کس بارے میں ہیں، عقائد کے بارے میں۔ اگر ہم نے اپنا عقیدہ مضبوط رکھا، بالکل انہی عقائد پر قائِم رہے جو عقائد صحابۂ کرام اور اَوْلیا و عُلمائے کرام کے ہیں تو  اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! قبر کے امتحان میں کامیابی نصیب ہو گی اور قبر جنّت کے باغوں میں سے باغ بن جائے گی۔

(2):سُوالاتِ قبر یاد کیا کیجئے!

پیارے اسلامی بھائیو! قبر روشن کرنے اور عذابِ قبر سے بچانے والا دوسرا کام یہ  کہ قبر میں جو سوالات ہونے ہیں، انہیں یاد کیا کریں، اس دُنیا میں ان سوالوں کے جواب بار بار دہراتے رہیں گے، انہیں اپنی زبان پر خوب جاری کر لیں گے تو اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم!کرم ہو گا، قبر میں جب فرشتے سوال پوچھیں گے تو بےساختہ زبان پر وہی جواب آئیں گے جو ہم نے دُنیا میں یاد کئے ہوں گے۔

زبان کو ان کلمات کا عادی بناؤ!

 حضرت عبد اللہ بن عُمَر رَضِیَ اللہُ  عَنْہُمَاروایت کرتےہیں:اللہ پاک کے آخری نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:اے لوگو!اپنى زبانوں کو ان کلمات کا عادى بناؤ:

لَاۤاِلٰهَ اِلَّااللهُ وَاَنَّ مُحَمَّدًارَّسُوْلُ اللهِ وَاللهَ رَبُّنَا وَالْاِسْلَامَ دِيْنُنَاوَمُحَمَّدًانَبِيُّنَا

یعنی اللہ پاک کے سوا کوئی معبودِ برحق نہىں اور مُحَمَّد (صَلَّی اللہُ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم)اللہ کے رسول ہیں،اللہ پاک ہمارا ربّ ، اسلام ہمارا دىن اور حضرت مُحَمَّد صَلَّی اللہُ عَلیہ وَآلہٖ و َسَلَّم ہمارےنبى ہىں۔ کىونکہ قبر میں تم سےان باتوں کے بارے مىں پوچھا جائے گا۔([1])


 

 



[1]... فردوس الاخبار ،جلد:1 ،صفحہ:69 ، حدیث :347 ۔