Book Name:Jahan Hai Teray Liya

بالکل دُرست فاصلے پر ہے، نہ یہاں بہت ہی زیادہ ٹھنڈک ہے، نہ بہت ہی زیادہ گرمی ہے،لہٰذا یہاں ہم آسانی سے زندگی گزار سکتے ہیں۔

سُبْحٰنَ اللہ! اب ذرا غور فرمائیے! وہ کون ہے جس نے زمین کو اس طرح بالکل دُرُست فاصلے پر رکھا ہے؟ اس کا درجۂ حرارت بالکل ایسا موزُوں رکھا کہ ہم یہاں باآسانی زندگی گزار سکتے ہیں؟ کیا یہ کوئی حادثہ ہے؟ نہیں...! نہیں۔ یہ اس خُدائے بزرگ کی تخلیق ہے جو ہر چیز کا خُوب عِلْم رکھتا ہے اور اس نے یہ زمین بنائی ہے، کس کے لئے؟ ہمارے فائدے کے لئے۔

تُو نہیں جہاں کے لئے..!!

پیارے اسلامی بھائیو! اللہ پاک نے فرمایا:

هُوَ الَّذِیْ خَلَقَ لَكُمْ مَّا فِی الْاَرْضِ جَمِیْعًاۗ- (پارہ:1، البقرۃ:29)

ترجمہ کنزُ العِرفان:وہی ہے جس نے جو کچھ زمین میں ہے سب تمہارے لئے بنایا۔

یہ ساری کائنات ہمارے فائدے کے لئے بنائی گئی، اس کے چندپہلوؤں پر ہم نے غور کیا، اب اس آیتِ کریمہ پر ایک اور پہلو سے غور فرمائیے! یہ زمین،آسمان، چاند، سُورج، ستارے، یہ ہوائیں، یہ فضائیں، یہ بادل، یہ بارش، یہ جنگلات، یہ وادیاں، اُونچے اُونچے پہاڑ، بہتے ہوئے چشمے، کانوں میں رس گھولتے ہوئے چڑیوں کے چہچہے، یہ سب کچھ ہمارے لئے ہے، اب ذرا یہ بھی تو غور فرمائیے! ہم کس کے لئے ہیں؟ اللہ پاک فرماتا ہے:

وَ مَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَ الْاِنْسَ اِلَّا لِیَعْبُدُوْنِ(۵۶) (پارہ:27، الذریت:56)

ترجمہ کنزُ العِرفان:اور میں نے جن اور آدمی اسی لئے بنائے کہ میری عبادت کریں۔