Book Name:Nekiyan Chupaye

اَلْحَمْدُلِلّٰہ عاشقان رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی 80 سے زائد مختلف شعبہ جات میں خدمتِ دین کا کام سر انجام دے رہی ہے ، دعوتِ اسلامی جہاں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں نیکی کی دعوت عام کر رہی ہے وہیں اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی اصلاح و تربیت کیلئے بھی ایک شعبہ بنام ” رابطہ برائے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ “ قائم کیا ہے ، جس کا بنیادی مقصد کھیلوں سے منسلک لوگوں کو نیکی کی دعوت دینا اور انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ کرتے ہوئے اس مدنی مقصد ” مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے۔ “ کے مطابق زندگی گزارنے کا ذِہْن دیناہے۔اَلْحَمْدُ لِلّٰہ کئی کھلاڑیوں اور ان کے گھر والوں کو نیکی کی دعوت دینے اور انہیں دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ کرنے اور اِس مدنی مقصد ” مجھے اپنی اور ساری دنیا کے لوگوں کی اِصلاح کی کوشش کرنی ہے “ کا ذہن دینے کی کوشش جاری ہے۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب !                                            صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمّد

خوشبو کی سنتیں اور آداب

پیارے پیارے اسلامی بھائیو ! آئیے ! خوشبو کی سنتیں اور آداب  کے بارے میں چند مدنی پھول سننے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔پہلے 2فرامین مصطفے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم ملاحظہ کیجئے : ( 1 ) فرمایا : مجھے تمہاری دنیا میں سے تین چیزیں محبوب ہیں : خوشبو ، عورتیں اور میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز بنائی گئی۔ ( سنن النسائی ، کتاب عشرۃ النسآء ، باب حب النسآء ، ص۶۴۴ ، حدیث : ۳۹۴۵ )   ( 2 )  فرمایا : چار چیزیں نبیوں کی سُنّت میں داخل ہیں : نکاح ، مسواک ، حیااورخوشبو لگانا۔ ( مشکاۃالمصابیح ، کتاب الطہارۃ ، باب السواک ، ۱/۸۸ ،  حدیث : ۳۸۲ )