Book Name:Lazzat e Ibadat

عِلْمِ دِین بھی سکھاتے تھے ، نیکی کی دعوت بھی دیا کرتے تھے ، غم خواری بھی فرماتے تھے ، مریضوں کی عیادت بھی فرمایا کرتے تھے ، آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی خِدْمت میں لوگ فریاد لاتے ،  اُن کی فریاد بھی سُنا کرتے اور ہمارے پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی تَو یہ شان ہے کہ جانور بھی آپ ہی کے حُضُور دُکھ دَرْد سُناتے تھے ، آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  اُن کو بھی شفقت و رحمت سے نوازتے تھے۔

یُوں سوچتے جائیے ! کتنی مَصْرُوفیات تھیں ، ان سب مَصْرُوفیات کے باوُجُود پیارے آقا صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  پابندی کے ساتھ اور کثرت سے اللہ پاک کی عبادت کیا کرتے تھے۔        

دُنیا میں آنے کا مقصد عبادت ہے

آہ ! ایک ہم ہیں کہ ہر کام کے لئے وقت نکال لیتے ہیں ، پیسہ کمانا ہو تو وقت ہی وقت ہے  *  سیر و تفریح کے لئے جانا ہو تو وقت ہی وقت ہے  *  موبائِل اور سوشل میڈیا  ( Social Media )  کے لئے ہم ہر وقت دستیاب  ( Available ) ہیں  *  کوئی مداری آجائے تو اس کے گرد مجمع لگانے کا بھی وقت ہے  *  کھیلنے کے لئے بھی وقت ہے  *  کرکٹ کا میچ لگ جائے ، تب تو سڑکوں پر بڑی بڑی ایل سی ڈیز لگا کر رات گئے تک کھیل دیکھنے اور اُودھم مچانے کا بھی وقت مِل جاتا ہے۔ ہاں ! ہمیں وقت نہیں ملتا تو صِرْف عبادت کے لئے نہیں ملتا  *  ہمیں وقت نہیں ملتا تو اشراق و چاشت کے لئے نہیں ملتا  *  وقت نہیں ہے تو اَوَّابین کے نوافل  کےلئے نہیں ہے  *  وقت نہیں ہے تو نیک اجتماعات میں شرکت کا وقت نہیں ہے  *  مدنی قافلوں میں سَفَر کا وقت نہیں ہے  *  نیکی کی  دعوت دینے کا وقت نہیں ہے  *  عِلْم سیکھنے کا وقت نہیں ہے  *  اگر وقت نہیں ہے تو قبر و آخرت کی تیاری کا وقت نہیں ہے  *