Book Name:Faizan e Imam Shafi

پیارے اسلامی بھائیو ! یہ کیسی پیاری پیاری سبق آموز نصیحتیں ہیں ، اللہ پاک ہمیں ان نصیحتوں پر عَمَل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖنَ  صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم ۔

اس ایمان افروز واقعہ سے سیرتِ امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه کا یہ پہلو نمایاں ہوتا ہے کہ امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نیکی کی دعوت دینے کے بہت حرِیص تھے ، دیکھئے ! آپ رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے ایک شخص کو وُضُو میں غلطی کرتے دیکھا ، آپ باقاعدہ اُسے سکھانے کے لئے نہیں آئے تھے ، صِرْف وہاں سے گزر رہے تھے ، پھر بھی آپ رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے اُس شخص کو دُرُست طریقے سے وُضُو کرنے کی ترغیب دِلائی ، پتا چلا؛ جو مبلغ ہوتا ہے ، وہ ہر جگہ ہر حال میں مبلغ ہی ہوتا ہے ، نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے یہ ضروری نہیں کہ ہم علاقائی دورے ہی میں نیکی کی دعوت دیں گے ، جب مدنی قافلے میں سَفَر ہو گا ، تب ہی نیکی کی دعوت دینی ہے بلکہ ہمیں چاہئے کہ جب ، جہاں ، جس حال میں بُرائی دیکھیں ، حکمتِ عملی کے ساتھ ، حُسْنِ اَخْلاق کا مُظَاہَرہ کرتے ہوئے ، نرمی سے نیکی کی دعوت دیں اور بُرائی سے منع کریں۔ دیکھئے ! امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے کیسی پیاری نصیحت فرمائی کہ جو بندہ خُود نیکی کرے اور دوسروں کو نیکی کی دعوت دے ، خُود گُنَاہوں سے بچے اور دوسروں کو بچنے کا حکم دے اور جو بندہ اللہ پاک کی حُدُود ، اس کے احکام کی حِفَاظت کرے اس بندے کا ایمان کامِل ہو جائے گا۔

اللہ پاک ہمیں نیکی کی دعوت کی دُھومیں مچانے ، گُنَاہوں سے بچنے اور دوسروں کو بچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖنَ  صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْهِ وَ آلِهٖ وَ سَلَّم ۔

12 دینی کاموں میں سے ایک دینی کام : ہفتہ وار اجتماع