Book Name:Faizan e Imam Shafi

امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه کی نصیحتیں

حضرت عبد اللہ بن محمد رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه فرماتے ہیں : میں امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه کے ساتھ بغداد کے کسی علاقے میں تھا ، آپ رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے ایک نوجوان کو دیکھا ، وہ  وُضُو اچھے طریقے سے نہیں کر رہا تھا ، امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے اسے نیکی کی دعوت دیتے ہوئے فرمایا : اے نوجوان ! اپنا وُضُو ٹھیک کرو ، اللہ پاک دُنیا و آخرت میں تجھ پر احسان فرمائے گا۔ امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه یہ کہہ کر آگے تشریف لے گئے ، اُس نوجوان نے عِلْم کی بات سُنی تو وُضُو مکمل کر کے امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه کے پیچھے پیچھے حاضِر ہو گیا ، امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے اس سے پوچھا : کیا کوئی کام ہے؟ نوجوان نے عرض کیا : جی ہاں ! مجھے بھی عِلْم سیکھا دیجئے۔ امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے فرمایا : جان لے ! جس نے اللہ پاک کی معرفت حاصِل کر لی ، وہ نجات پا گیا ، جس نے اپنے دِین کے معاملے میں خوف کیا ، وہ تباہی سے بچ گیا ، جس نے دُنیا میں زُہْد اختیار کیا ، کل روزِ قیامت جب وہ اللہ پاک کی بارگاہ میں حاضِر ہو گا تو اس کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں گی ، امام شافعی رَحْمَةُ اللّٰهِ عَلَیْه نے مزید فرمایا : جس شخص میں تین خوبیاں جمع ہو جائیں ، اس کا ایمان مکمل ہو جاتا ہے : 1 : جو نیکی کا حکم دے اور خود بھی اس پر عمل کرے 2: جو بُرائی سے منع کرے اور خُود بھی اس سے باز رہے 3: جو حُدُودِ اِلٰہی کی حِفَاظت کرے۔

پھر فرمایا : دُنیا سے بےرغبت اور آخرت کا شوق رکھنے والے ہو جاؤ ! اپنے ہر کام میں اللہ پاک سے سچ کا معاملہ کرو ! اگر ایسا کرو تو نجات پانے والوں میں سے ہو جاؤ گے۔ ( [1] )


 

 



[1]...احیاء علوم الدین ، کتاب العلم ، جلد : 1 ، صفحہ : 41۔