Book Name:Hazrat Essa Ki Mubarak Zindagi

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                            صَلَّی اللہُ  عَلٰی مُحَمَّد

قِیامت کی نشانیاں

پیارےاسلامی بھائیو!یادرہے!اِس وَقْت حضرت  عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلَام دوسرے آسمان پر زِندہ ہیں اورقُربِ قِیامت میں  رسول اکرم   صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَکے اُ مَّتِی بَن کر تشریف لائیں  گے ، جیسا کہ سَیِّدِ عالَم صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اِرْشاد فرمایا : حضرت عیسٰی عَلَیْہِ السَّلَام میری اُمَّت پر خَلِیْفَہ ہو کر نازِل ہوں  گے۔ ( مدارک ، اٰل عمران ، تحت الآیۃ :  ۵۵ ، ص ۱۶۳ ) حضرت  عیسٰی عَلَیْہِ السَّلَام کے نُزول فرمانے سے پہلے قِیامت کی کچھ نِشانیاں  بھی ظاہرہوں  گی چُنانچہ

  مُفْتی محمد امجد علی اَعْظَمِیرَحْمَۃُ اللّٰہ ِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : دُنیا کےفَنا ہونے سے پہلے چَند نشانیاں  ظاہِر ہوں  گی۔عِلْم اُٹھ جائے گا۔جَہْل ( بے عِلْمی )  کی کَثْرت ہوگی۔ بدکاری کی زِیادَتی ہوگی ، دِین پر قائم رہنا اِتنا دُشوار ہوگا جیسے مُٹّھی میں  اَنگارا لینا ، زکوٰۃ دینا لوگوں  پر گِراں  ( دُشْوَار )   ہوگا کہ اُس کو تاوان ( جُرمانہ ) سمجھیں  گے۔مَرد اپنی عَوْرت کا مُطِیع ( فرماں بَردار )  ہوگا۔ ماں  باپ کی نافرمانی کرے گا۔گانے باجوں  کی کَثْرَت ہوگی۔دَجَّال ظاہِرہوگا کہ چالیس ( 40 ) دِن میں  حَرَمَیْنِ طَیِّبَیْن کے سِوا تمام رُوئے زمین کا گَشْت ( دَورہ )  کرے گا۔ اُس کا فِتْنَہ بہت شدید ہوگا ، خُدائی ( یعنی خُدا ہونے )  کا دَعْویٰ کرے گا۔جو اُس پر اِیمان لائے گا اُسے اپنی جنَّت میں  ڈالے گا اور جو اِنکار کرے گا اُسے جہنَّم میں  داخل کرے گا۔ بہت سے شُعْبَدے ( نَظَر بَنْدی کے کَرْتَب ) دِکھائے گا اور حقیقت میں  یہ سب جادُو کے کَرِشمے ہوں گے جِن کو واقِعِیَّت ( حقیقت ) سے کچھ تَعَلُّق  نہیں۔پھر حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام آسمان سے جامِع مسجِد دِمَشْق کےشَرْقی مینارہ پر نُزُول فرمائیں  گے ، لَعِیْن  ( مَرْدُود ) دَجَّال ، حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی سانس کی خُوشبو سے پِگھلنا شُروع ہوگا ، جیسے پانی میں نَمک ( Salt ) گُھلتا ہے ، آپ  ( عَلَیْہِ السَّلَام ) اُس کی پیٹھ میں نیزہ ماریں گے ، اُس سے وہ واصِلِ جہنَّم ہوگا۔ ( بہار شریعت ، ۱ / ۱۱۶تا۱۲۲ ،  ملتقطاً )